باب

1 ۔ بخُور کی قُربان گاہ اور بخُور جلانے کےواسطے تُو ایک قُربان گاہ بنا ۔ کیکر کی لکڑی سے تُو اُسے بنا۔ 2 ۔طُول اُس کا ایک ہاتھ اور عرض اُس کا ایک ہاتھ وہ مرُبع ہو۔ بُلندی اُس کی دو ہاتھ ۔ اور اسی میں سے اُس کے سیِنگ نکلیں۔ 3 ۔اور اُسے خالِص سونے سے مڑھ۔ اُس کی چھت اور گرِد کی دیواروں اور اُس کے سیِنگوں کو ۔ اَور اُس کے گرِدا گرِد سونے کی کنگنی بنا۔ 4 ۔اور سونے کے دو حلقے کنگنی کے نیچے اُس کے دونوں کونوں کے پاس اُس کے دونوں طرف بنا۔ تاکہ وہ چوبوں کے لئے جگہ ہو۔ جس سے وہ اُٹھایا جائے۔ 5 ۔اور کیکر کی لکڑکی دو چوبیں بنااور اُنہیں سونے سے مڑھ ۔ 6 ۔اور تُو اُسے صندُوقِ شہادت کے پردہ کے آگے رکھ ۔ سرپوش کے سامنے جو شہادت کے اُوپر ہے ۔ جہاں پر کہ میَں تجھ سے ملوں گا۔ 7 ۔اَور اُس پر ہر صُبح کوہارون خُوشبُو کے لئے بخُور جَلائے ۔جب وہ چراغوں کو درست کرے تو اُسے جلائے۔ 8 ۔اور شام کے وقت جب وہ چراغ رکھےّ ۔ تو ہمیشہ کے لئے پُشت در پُشت خُد اوند کے سامنے بخُور جلائے۔ 9 ۔اور تم اُس پر اور طرح کا بخُور نہ چڑھانا۔ نہ سوختنی قُربانی اَور نہ ہدیہ اورنہ تپاون اُس پر گزراننا۔ 10 ۔اور برس میں ایک دفعہ ہارون اُس کے سیِنگوں پر کفارہ دے۔ گناہ کی قُربانی کے خُون سے جو کفارہ کے لئے ہے۔ برس میں ایک دفعہ پُشت در پُشت وہ اُس پر کفّارہ دے کیونکہ یہ خُداوند کے لئے پاک چیزوں میں پاک ترین ہے۔ 11 ۔اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 12 ۔جب تُو بنی اِسرائیل کی اُن کے شُمار کے مطُابِق گِنتی کرے ۔ تو ہر ایک مرد اپنی جان کے لئے خُداوند کو فِدیہ دے۔ تاکہ اُن کے شُمار کرنے کے بعد اُن پر کوئی وَبا نہ آپڑے۔ 13 ۔اور جو جائز شُمار میں آجائے۔ وہ آدھا مِثقال مقَدس کے مِثقال کے حِساب سے دے۔ ایک مِثقال کے بیس جیرہ ہیں۔ تو آدھا مِثقال خُداوند کے لئے نَذر ہے۔ 14 ۔ہر ایک جو شُمار میں آجائے۔ بیس برس یا اُس سے زیادہ کا تو وہ خُداوند کے لئے نَذر لائے۔ 15 ۔اپنی جانوں کے کفّارہ کے لئے جب وہ خُداوند کے سامنے نَذر لائیں۔ تو امیر زیادہ نہ دے اور غریب کم نہ دے۔ 16 ۔ اَور تُو بنی اِسرائیل سے کفّارہ کی چاندی لے اوراُسے خیَمہ اجتماع کی خدمت میں خرچ کر۔ تو یہ بنی اِسرائیل کے لئے خُداوند کے سامنے یادگار اَور اُن کی جانوں کا کفّارہ ہوگا۔ 17 ۔ اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 18 ۔ کہ تُو غُسل کے لئے ایک حوض ایک پیِتل کا اور اُس کی چوکی پیِتل کی بنا۔ اور اُس کو خیَمہ اجتماع اور مذبح کے مابین رکھ۔ اور اُس میں پانی ڈال۔ 19 ۔تو ہارون اور اُس کے بیٹے اُس سے اپنے ہاتھ اوراپنے پاؤں دھوئیں۔ 20 ۔جب وہ خیمہ اجتماع میں داخِل ہوں تو پانی سے غُسل کریں۔ تاکہ ہلاک نہ ہوں۔ اور جب وہ مذبح کے نزدِیک خدمت کرنے کے لئے آئیں۔ اور آتشین قُربانی خُداوند کے لئے جَلائیں ۔ 21 ۔تو اپنے ہاتھ اور اپنے دھوئیں تاکہ ہلاک نہ ہوں ۔ اور یہ اُن کے لئے اور اُن کی نسل کے لئے پُشت در پُشت اَبدی فرض ہو۔ 22 ۔اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 23 ۔کہ تُو اپنے واسطےعمدہ مصالحہ جات لے ۔ خالِص مر پانچ سو مِثقال اور اُس کا آدھا اَڑھائی سَو مِثقال عُمدہ دار چینی اور عود اَڑھائی سَومِثقال۔ 24 ۔اور دار چینی( خُوشبُودارچھال ) پانچ سَو مِثقال مقدس کے مثقال سے اور زیتوُن کے تیل سے ایک ہین۔ 25 ۔ اَور تُو اِن سے مَسح کرنے کا تیل عُمدہ خُوشبُودار عطار کی کاریگری کے موُافق بنا۔ تو یہ مقُدس مَسح کا تیل ہوگا۔ 26 ۔اور اُس تُو خیَمہ اجتماع اور صندُوقِ شہادت کو مَسح کر۔ 27 ۔اور میز کو اُس کے برتنوں کے ساتھ اور اور شمع دان کو اُس کے برتنوں کے ساتھ اور بخُور کی قُربان گاہ کو۔ 28 ۔اور سوختنی قُربانی کے مذبح کو اُس کے سامان کے ساتھ ۔ اور حوض کو اور اُس کے گھڑوں کے چوکھٹے کو۔ 29 ۔ اَور تُو اُنہیں پاک کر تو وہ نہایت مقُدس ہو جائیں گے۔ جو کوئی اُنہیں چھو ئے گا۔ پاک ہو جائے گا۔ 30 ۔اور ہارون اور اُس کے بیٹوں کو مَسح کر ۔ اور اُنہیں مقُدس کرنا۔ تاکہ وہ میرے لئے کہانت کا کام کریں ۔ 31 ۔اور بنی اِسرائیل سے کہہ ۔ کہ تمہاری پُشت در پُشت میرے لئے مقُدس مَسح کے واسطے یہی تیل ہوگا۔ 32 ۔وہ کسی اِنسان کے بدن کو مَلا نہ جائے گا۔ اور اُس کی مانند اُس ترکیب کا تم مت بناؤ۔ کیونکہ وہ مقُدس ہے سو وہ تمہارے لئے مقُدس ہوگا۔ 33 ۔اگر کوئی شخص ویسا بنائے۔یا اُس میں سے کسی غیر شخص پر لگائے تو وہ اپنی قوم میں سے خارج کیِا جائے گا۔ 34 ۔اور خُداوند نے موسیٰ سے فرمایا۔ کہ تُو اپنے لئے خُوشبُو دار گوندیں اور زرد گوند اور خُوشبُودار مصالح اورخالِص لبُان مساوی وزن کی لے۔ 35 ۔اَو ر اُن سے عِطرفروش کی کاریگری کے مطُابِق خُوشبُودار بخُور خوب ملی ہُوئی پاک اور مقُدس بنا۔ 36 ۔اور اُس میں سے کچھ کوُٹ کر بارِیک کر اور اُسے خیمہ اجتماع میں شہادت کے آگے رکھّ۔ جہاں پر میَں تجھ سے ملوِں گا۔ یہ تمہارے لئے نہایت مقُدس ہوگا۔ 37 ۔اور بخُور جو تُو بنائے گا۔ اُسی ترکیب کا بخُور اپنے لئے مت بنا وہ تمہارے لئے خُداوند کے واسطے مقُدس ہوگا۔ 38 ۔اگر کوئی شخص اپنے سُونگھنے کے لئے ویسا بنائے ۔ تو وہ اپنی قوم میں سے خارج کیِا جائے گا۔