باب

1 ۔ کاہِنوں کی مخصُوصیت اور اُن کی تقدیس کرنے کے لئے کہ وہ میرے لئے کاہِن ہوں تُو یُوں کر ۔ تُو ایک گائے کا بچھڑا اور دو بے عیب مینڈھے لے ۔ 2 ۔اور بے خمیری روٹی اور بے خمیری مٹھیاں تیل میں ملی ہُوئیں اور بے خمیری چپاتیاں تیل سے چُپڑی ہوئی گیہوں کے میدہ کی بنا۔ 3 ۔اور اُنہیں ایک چنگیر میں رکھ اور اُنہیں چنگیرمیں مع بچھڑے اور مینڈھوں کے نَذر کر۔ 4 ۔ اور ہارون اور اُس کے بیٹوں کو حُضوری کے خیَمہ کے دروازہ پر لا۔ اور اُنہیں غُسل دِلا۔ 5 ۔اور تُو کپڑے لا ۔ اور ہارون کو کُرتہ اور اِفود کا جُبہ اور اِفود اور سیِنہ بند پہنا۔ اور اُسے اِفود کے پٹکے سے باندھ۔ 6 ۔اور عمامہ اُس کے سر پر رکھ۔اور مقُدس تاج عمامہ پر لگا۔ 7 ۔ اور مسح کرنے کا تیل لے اور اُس کے سر ڈال اور اُسے مسح کر۔ 8 ۔پھر اُس کے لڑکوں کو آگے لا۔ اور اُنہیں کُرتے پہنا۔ 9 ۔اور ہارون اور اُس کے بیٹوں کو کمر بند باندھ ۔ اور اُنہیں پگڑیاں پہنا۔تاکہ کہانت اُن کا ابَدی حق ہو۔ اور ہارون کے ہاتھوں اور اُس کے بیٹوں کے ہاتھوں کو پاک کر۔ 10 ۔اور تُو بچھڑے کو حُضوری کے خیَمہ کے سامنے آگے لا۔ اور ہارون اور اُس کے بیٹے اپنے ہاتھ اُس کے سر پر رکھیں۔ 11 ۔اور خُداوند کے سامنے حُضوری کے خیَمہ کے سامنے اُسے ذبح کر۔ 12 ۔اور بچھڑے کے خُون میں سے لے۔ اَور مذبح کے سیِنگوں پر اپنی اُنگلی سے لگا۔ اور سب خُون مذبح کے سامنے ڈال۔ 13 ۔اور سب چربی جو انتڑیوں کو اور جگر کی جھِلی کو ڈھانپتی ہے۔ اور گرُدے اور اُن پر کی چربی لے اور اُسے مذَبح پر جَلا۔ 14 ۔اور بچھڑے کا گوشت اور اُس کی کھال اور اُس کی آلائش خَیمہ گاہ سے باہر آگ میں جَلا۔ کیونکہ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 15 ۔پھر ایک مینڈھا لے۔ اور ہارون اور اُس کے بیٹے اُس کے سر پر ہاتھ رکھیں۔ 16 ۔اور تُو اُسے ذَبح کر۔ اَور اُس کا خُون لے کر مذبح کے گرِداگِرد چھڑک۔ 17 ۔ اور تُو مینڈھے کو ٹُکڑے ٹُکڑے کر۔ اور اُس کی انتڑیاں اور پاؤں دھو کر اُس کے دُوسرے ٹُکڑوں پر اَور اُس کے سر پر رکھ ۔ 18 ۔اور سارے مینڈھے کو مذبح پر جَلا۔ یہ خُداوند کے لئے سوختنی قُربانی ، پسندیدہ خُوشبُو اور آتشین قُربانی خُداوند کے لئے ہے۔ 19 ۔تب دُوسرے مینڈھے کو لے۔ اور ہارون ؔاور اُس کے بیٹے اُس کے سر پر ہاتھ رکھیں۔ 20 ۔تب تُو اُسے ذَبح کر ۔ اور اُس کے خُون میں سے لے کر ہارون اور اُس کے بیٹوں کے دہنے کانوں کی لو پر اور اُن کے دہنے ہاتھوں کے انگوٹھوں پر اور دہنے پاؤں کے انگوٹھوں پر لگا۔ اور خُون مَذبح کے گرِدا گرد چِھڑک۔ 21 ۔تب اُس خُون سے جو مَذبح پر ہے اور مسح کے تیل سے لے۔اور ہارون پر اور ہارون کےکپڑوں پر اَور اُس کے بیٹوں پر اَور اُن کے کپڑوں پر چِھڑک۔ اِسی طرح وہ اَور اُس کے کپڑے اور اُس کے بیٹے اور اُ ن کے کپڑے مخصُوص کئے جائیں گے۔ 22 ۔اَور تُو مینڈھے کی چربی اور اُس کی پیٹھ اور چربی جو انتڑیوں اَور جِگر کی جھِلی کو ڈھانپتی ہے۔ اور گرُدے اور چربی جو اُن پر ہےاَور اُن کے علاوہ دہنی ران لے۔ کیونکہ یہ تخصیص کا مینڈھا ہے۔ 23 ۔اَور ایک گرِدہ روٹی اور ایک مُٹھی تیل میں ملی ہُوئی اور ایک بے خمیری چپاتی اُس چنگیر میں سے لے جو خُداوند کے سامنے ہے ۔ 24 ۔ اور سب کچھ ہارون کے ہاتھ اور اُس کے بیٹوں کے ہاتھوں پر رکھ۔ اَور وہ اُسے خُداوند کے سامنے ہلائیں۔ 25 ۔تب تُو اُنہیں اُن کے ہاتھوں سے لے۔ اَور اُنہیں مَذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جَلا۔ کہ پسندیدہ خُوشبُو خُداوند کے سامنے ہو۔ یہ خُداوند کے لئے آتشین قُربانی ہے۔ 26 ۔ اَور ہارون کی تخصیص کے مینڈھے کا سِینہ لے کر اُسے خُداوند کے حُضور ہلا ۔ تاکہ وہ ہلانے کا ہدیہ ہو۔ تیرا حِصہ یہ ٹھہرے گا۔ 27 ۔اَور تُو ہارون اور اُس کے بیٹوں کی تخصیص کے مینڈھے کے ہلانے کے ہدیہ کے سیِنہ کو جو ہِلایا جا چُکا ہے۔ اور اُٹھائے جانے کے ہدیہ کی ران جو اُٹھائی جاچُکی ہے لے کر اُن دونوں کو پاک ٹھہرا۔ 28 ۔تاکہ یہ سب بنی اِسرائیل کی طرف سے ہمیشہ کے لئے ہارون اور اُس کے بیٹوں کا حق ہو۔ کیونکہ یہ اُٹھائے جانے کا ہدیہ ہے۔ لہٰذا یہ بنی اِسرائیل کی طرف سے اُن کی سلامتی کے ذبیحوں میں سے اُٹھائے جانے کا ہدیہ ہوگا۔ جو اُن کی طرف سے خُداوند کے لئے اُٹھایا گیا ہے۔ 29 ۔اور ہارون کاپاک لباس اُس کے بعد اُس کے بیٹوں کے لئے ہوگا۔کہ اُس میں اُنہیں مسح کیِا جائے اور اُن کے ہاتھ پاک کئے جائیں۔ 30 ۔اُس کے بعد اُس کے بیٹوں میں سے سات دِن تک وہ کاہِن اُسے پہنےگا جو خیَمہ اِجتماع میں مقَدس کے اندر عبادت کرنے کے لئے داخل ہوگا۔ 31 ۔اور تخصیص کا مینڈھا لے اور اُس کا گوشت کسی پاک مقام میں پکا۔ 32 ۔تب ہارون اور اُس کے بیٹے مینڈھے کا گوشت اور روٹی جو چنگیر میں ہے ۔ خیَمہ اجتماع کے پاس کھائیں۔ 33 ۔اَور اُن چیزوں کو جن سے کفارہ ہُؤا ہے کہ اُن کے ہاتھ پاک ہوں اَور اُن کی تخصیص ہو ،کھائیں۔ اور کوئی غیر شخص اُن میں سے نہ کھائے۔ کیونکہ وہ مقُدس ہیں۔ 34 ۔اور اگر مقُدس گوشت یا روٹی میں سے صُبح تک کچھ بچ رہے۔ تو وہ آگ سے جَلایا جائے ۔ وہ کھایا نہ جائے کیونکہ مقُدس ہے۔ 35 ۔اَور جو کچھ میَں نے تجھے حُکم دِیاہے اُس کے مطُابق تُو ہارون اور اُس کے بیٹوں سے کر۔ سات دِن تک تُواُن کے ہاتھوں کو پاک کر۔ 36 ۔اَور ہر روز اپنے کفَارہ کے لئے ایک خطا کی قُربانی کا بچھڑا گزُران ۔ اور تیرے کفَارہ کے لئے وہ پاک ہوں۔ اور اُسے مسح کر تاکہ وہ مخصُوص ہو۔ 37 ۔سات دِن تک تُو مَذبح کے لئے کفَارہ دے اوراُسے پاک کر ۔تو پاک چیزوں کا مذبح پاک ہوگا۔ جو کوئی مذبح کو چھُوئے گا۔ پاک ہو جائے گا۔ 38 روزمرہ قُربانیاں اور مذبح پر تُو یہ چڑھائے گا۔ ہمیشہ کے لئے ہر روز ایک ایک برس کے دو بّرے ۔ 39 ۔اُن میں سے ایک صُبح کو اور دُوسرا شام کے وقت چڑھا۔ 40 ۔اور ایک بّرے کے ساتھ ایفہ کا دسواں حِصہ بھر میدہ جو چوتھائی ہین زیتوُن کے تیل سے مِلا ہُؤاہواور چوتھائی ہین مَے کا بَہادینے کے لئے چڑھا۔ 41 ۔اَور دُوسرا بّرہ شام کے وقت صُبح کی قُربانی اور اُس کے تپاوَن کی طرح چڑھا۔ کہ وہ خُداوند کے لئے پسندیدہ آتشین قُربانی ہو۔ 42 ۔یہ سوختنی قُربانی ہمیشہ کے لئے تمہارے پُشت در پُشت خیَمہ اجتماع کے دروازہ کے پاس خُداوند کے سامنے ہوگی۔جہاںپر میَں تم سے ملوں گا۔ تاکہ تیرے ساتھ باتیں کرُوں۔ 43 ۔وہاں پر میَں بنی اِسرائیل سے ملوں گااور وہ میرے جلال سے مقُدس ہوں گے۔ 44 ۔اور میَں خیَمہ اجتماع اور مذبح کو مقُدس کرُوں گا۔ اور میں ہارون اور اُس کے بیٹوں کو مقدس کروں گا۔تاکہ وہ میرے لئے کہانت کا کام کریں۔ 45 اور میَں بنی اِسرائیل کے درمیان سکُونت کرُوں گا۔ اَور میَں اُن کا خُدا ہُوں گا۔ 46 ۔تب وہ جانیں گے کہ میَں خُداوند اُن کا خُدا ہوں۔ جو اُنہیں ملکِ مصر سے باہر نکال لایا۔ تاکہ میَں اُن کے درمیان سکُونت کرُوں ۔ میَں خُداوند اُن کا خُدا ہوں۔