باب

1 ۔ کاہِنوں کے پاک لباس اَور تُو بنی اِسرائیل میں سے اپنے بھائی ہارون کو اُس کے بیٹوں سمیت اپنے پاس بُلا۔ تاکہ ہارون اور ندب اور ابیہوؔ اور الیعزر ؔ اور اِتمر ہارون کے بیٹے میرے لئے کاہِن ہوں۔ 2 ۔اَور تُو اپنے بھائی ہارون کی عزت اَور زینت کے لئے پاک لباس بنا۔ 3 ۔اَور اُ ن میں سے جِنہیں میَں نے رُوح ِحکمت سے بھرا ہے۔ سب کو جِن کا دِل دانا ہے۔ تُو کہہ۔ کہ ہارون کے لئے لباس بنائیں۔ تاکہ وہ مخصُوص ہو کر میر ا کاہِن بنے۔ 4 ۔اَور جو لباس وہ بنائیں گے ۔ وہ یہ ہے۔ سیِنہ پوش اور اِفود اور جُبہ اَور مُنقش کُرتہ اور عمامہ اور کمر بند۔اَور وہ تیرے بھائی ہارون اَور اُس کے بیٹوں کے لئے پاک لباس بنائیں۔ تاکہ وہ میرے لئے کاہِن ہوں۔ 5 ۔ اور وہ سونا اور آسمانی اور ارغوانی اور قرمزی رنگ کے کپڑے اَور باریک کتَان اِستعمال کریں۔ 6 ۔اَور وہ سونے اور آسمانی اور ارغوانی اور قرمزی رنگوں کے کپڑے اَور بارِیک کتَی ہُوئی کتَان کاکاریگری سے اِفود بنائیں۔ 7 ۔اُس کےکندھو ہوں ۔ جو اُس کے اُوپر کے سرے سے جُڑے ہُوئے ہوں۔ 8 ۔اَور پٹکا جو اِفود کے اُوپر ہے جس سے وہ باندھا جائے گا۔ اُسی کپڑے کا اور ایسا ہی سونے اور آسمانی اَور ارغوانی اَور قرمزی رنگ کے کپڑے اَور بارِیک کتَی ہُوئی کتَان کا ہو۔ 9 ۔اَور تُو سیلمانی پتّھر لے۔ اوراُن پر بنی اِسرائیل کے نام کندہ کر۔ 10 ۔اِن میں سے چھ کے نام ایک پتّھر پر اَور باقیوں کے چھ نام دُوسرے پتّھر پر۔اُن کی پیدائش کی ترتیب کے مطابق۔ 11 ۔ نقاش جوہری کی کاریگری سے انگوٹھی کے نقش کی طرح بنی اِسرائیل کے ناموں کے مطُابِق دونوں پتّھروں کو کندہ کر اَور اُن دونوں کے گرِد سونے کے حلقے بنا۔ 12 ۔اَور دونوں پتّھروں کو بنی اِسرائیل کی یاد کے لئے اِفود کے ہر دو کندھوں پر لگا۔ اور ہارون اور اُن کے ناموں کو اپنے کندھوں پر خُداوند کے سامنے یاد کے لئے اُٹھائے گا۔ 13 ۔اَور تُو سونے کے دو حلقے بنا۔ 14 ۔اَور خالِص سونے کی دو زنجیریں رَسّی کی طرح گنُدھی ہُوئی بنا۔ اَور دونوں گنُدھی ہُوئی زنجیروں کو دونوں حلقوں سے لٹکا۔ 15 اَور عدل کا سیِنہ پوش بنا جو اِفود کی طرح کاریگری سے بنا ہُوا ہو۔ اَور سونے اورآسمانی اور ارغوانی اَور قرمزی رنگ کے کپڑے اور بارِیک کتَی ہُوئی کتَان کا بنا۔ 16 ۔اَور وہ مربع اور دُہرا ہو۔ اُس کی لمبائی ایک بالشت اَور چوڑائی ایک بالشت ہو۔ 17 ۔اور اُس میں جڑے ہوئے نگینے لگا۔ نگینوں کی چار سطریں ہوں۔ پہلی سطر میں لعل اور یاقُوت زَرد اَور زمرّد ۔ 18 ۔دُوسری سطر میں شب چراغ اَور نیلم اور یشیم ۔ 19 ۔تیسری سطر میں فیروزہ اور عقیق اَور یاقُوت اَرغوانی ۔ 20 ۔اَور چوتھی سطر میں زَبر جد اور جزع اور یشَب اور اُن کے گرِد سونے کی جڑائی ہو۔ 21 ۔اَور نگینے اِسرائیل کے ناموں کے مطُابق بارہ ہوں گے۔ خاتم کے نقش کی طرح نام ہوں گے۔ ہر ایک نگینہ پر ایک نام بارہ قبیلوں کے ناموں کے مطُابق۔ 22 ۔اَور سیِنہ پوش کےلئے دو زنجیروں میں ڈوری کی طرح گنُدھی ہُوئی خالِص سونے کی بنا۔ 23 ۔اَور سیِنہ پوش کے لئے دو حلقے سونے کے بنا۔ اور حلقوں کو سیِنہ پوش کے اُوپر کی طرح دونوں طرف لگا۔ 24 ۔اَور دونوں سونے کی زنجیریں اُن دونوں حلقوں میں جو سیِنہ پوش کے اُوپر کی دونوںطرف ہیں لٹکا۔ 25 ۔اَورزنجیروں کے دوسرے سرے حلقوں سے لٹکا۔اور وہ دونوں افود کے کندھوںپر آگے کی طرف رہیں۔ 26 ۔اَور دو اور حلقے سونے کے بنا اور اُنہیں سیِنہ پوش کے نیچے کی دونوں طرف اُس حاشیہ میں لگا۔ جو اندر سے اِفود کی طرف ہے۔ 27 ۔اور سونے کے اَوردو حلقے بنا۔ اَور اُنہیں اِفود کے کندھوں پر نیچے لگا۔ اُس کے اگلے حِصّہ میں جہاں وہ ملنے والا ہے۔ اِفود کے پٹکے کے اُوپرلگا۔ 28 ۔اَور سیِنہ پوش کے حلقوں کو اِفود کے حلقے سے آسمانی رنگ کے فیتے سے باندھ ۔تاکہ وہ اِفود کے پٹکے کے اُوپر مسُتقل رہے اور سیِنہ پوش اِفود سے نہ ہٹے ۔ 29 ۔اور ہارون مقَدس میں داخِل ہوتے وقت بنی اِسرائیل کے نام قضا کے سیِنہ پوش پر اپنے قلب پر خُداوند کے رُوبُرو یاد کے لئے ہمیشہ اُٹھائے رہے۔ 30 ۔اَور تُو قضا کے سیِنہ پوش میں اُوریم اور تمیّم رکھّ ۔ تو خُدوند کے سامنے داخِل ہوتے وقت وہ ہارون کے قلب پر ہوں۔ اَور ہارون بنی اِسرائیل کی قَضا اپنے قلب پر ہمیشہ خُداوند کے سامنے اُٹھائے رہے۔ 31 ۔اور تُو اِفود کا جُبہ بنا جو بالکل آسمانی رنگ کا ہو۔ 32 ۔اَور سر کے لئے گریبان اُس کے درمیان میں ہو۔ اَور گریبان کے لئے زرہ کے حاشیہ کی مانند اچّھی کاریگری کا حاشیہ ہو۔ تاکہ وہ جلد پھٹ نہ جائے۔ 33 ۔اور تُو اُس کے دامنوں کے گھیر میں آسمانی اورارغوانی اور قرمزی رنگ کے انار بنا ۔اور اُن کے درمیان گھیر میں سونے کی گھنٹیاں لگا ۔ 34 ۔یعنی ایک سونے کی گھنٹی اور ایک انار اور پھر سونے کی ایک گھنٹی اور ایک انار ۔ 35 ۔پس ہارون اُسے عبادت کے وقت پہنے ۔ تاکہ ہارون کے خُداوند کے سامنے مقَدس میں داخِل ہوتے اَور باہر جاتے وقت اُس کی آواز سُنائی دے۔ اَور کہ وہ ہلاک نہ ہوجائے۔ 36 ۔اور ایک پتّر خالَص سونے کا بنااَور اُس پر خاتم کے نقش کی طرح یہ کندہ کر ’’خُداوند کے لئےمخصُوص‘‘ ۔ 37 ۔اَور اُسے آسمانی رنگ کے فیتے سے باندھ۔ وہ عمامہ پر اُس کے سامنے ہو۔ 38 ۔اور وہ ہارون کی پیشانی پر ہو۔ اَور ہارون اُن پاک چیزوں کی غفلت کو جِنہیں بنی اِسرائیل اپنے سارے پا ک ہدیوں کی نَذر کے لئے مخصُوص کرتے ہیں اُٹھائے گا۔ اَور یہ اُس کی پیشانی پر ہمیشہ ہو۔ تاکہ خُداوند کے سامنے اُن سے خُوشنودی ہو۔ 39 ۔اَور مُنقش کُرتہ باریک کتَان کا اور عمامہ باریک کتَان کا اور مُنقش کمر بند کاریگری سے بنا۔ 40 ۔اَور ہارون کے بیٹوں کے لئے کُرتے اور کمر بند بنا ۔ اور اُن کے لئے دستاریں اُن کی عزت اور زینت کے لئے بنا ۔ 41 ۔اَور یہ لباس تُو ہارون اپنے بھائی اوراُس کے ساتھ اُس کے بیٹوں کو پہنا۔ اُنہیں مسح کر ۔ اُن کے ہاتھوں کو پاک کر اور اُنہیں مقُدس کر۔ تاکہ وہ میرے لئے کاہِن ہوں۔ 42 ۔ اَور تُو اُن کے لئے کتَان کے پاجامے بنا۔ تاکہ اُن کے بدنوں کی برہنگی کو چھُپائیں وہ کمر سے رانوں تک ہوں۔ 43 ۔اَور ہارون اوراُس کے بیٹے جب حُضوری کے خَیمہ کےاند ر مذبح کے نزدیک خدمت کرنے کے لئے جائیں۔ تو اُنہیں پہنے ہُوئے ہوں۔ تانہ ہو۔ کہ وہ گنہگار ٹھہریں اور ہلاک ہو جائیں۔ ہارون کے لئے اَور اُس کے بعد اُس کی نسل کے لئے یہی اَبدی فرض ہو۔