باب

1 مَسکن اَور تُو مسکن کے لئے دس پردے بارِیک کتَے ہُوئے کتَان کے بنا جو آسمانی اور اَرغوانی اور قرمزی رنگ کے ہوں۔اور اُن میں کرُوبیوں کی صُورتیں مہارت سے بُنی ہُوئی ہوں۔ 2 ۔ایک پردہ کا طُول اَٹھائیس ہاتھ اور عرض چار ہاتھ ہو۔ سب پردے ایک ہی ناپ کے ہوں۔ 3 ۔پانچ پردے ایک دُوسرے سے جوڑے جائیں۔ اور باقی کے پانچ پردے بھی ایک دُوسرے سے جوڑے جائیں۔ 4 ۔اور ایک پردہ کے حاشیہ میں اُس طرف جو ملنے والی ہے ۔آسمانی رنگ کے حلقے بنا اور دوسرے پردہ کے حاشیہ میں اُس طرف میں جو ملنے والی ہے۔ ایسا ہی کرو۔ 5 ۔تُو پچاس حلقے ایک پردہ میں اَور پچاس حلقے دُوسرے پردہ کے حاشیہ میں بنا جو اُس کےساتھ ملایا جائے۔ اور سب حلقے ایک دُوسرے کے مقُابل ہوں۔ 6 ۔اَور تُو پچاس چھَلے سونے کے بنا اَور دونوں بڑے پردوں کو ایک دُوسرے کے ساتھ چھَلوں سے جوڑ۔ تاکہ ایک مسکن بن جائے۔ 7 ۔اور بکری کی پشم کے تُو اور پردے بنا ۔ جو مسکن کو اُوپر سے ڈھانپیں ۔ ایسے گیارہ پردے بنا۔ 8 ۔ایک پردہ کا طُول تیس ہاتھ اور عرض چار ہاتھ ہو۔ گیارہ پردے ایک ہی ناپ کے ہوں ۔ 9 ۔اور پانچ پردے ایک جگہ اور چھ پردے ایک جگہ آپس میں جوڑ۔ اور چھٹے پردے کو خَیمہ کے سامنے دُہرا ۔ 10 ۔اور ایک پردہ کے حاشیے میں ملنے والی طرف پر پچاس حلقے بنااور دوسرے پردہ کے حاشیہ میں ملنے والی طرف پر بھی پچاس حلقے بنا۔ 11 ۔اور پچاس چھّلے پیِتل کے بنا۔ اور چھّلوں کو حلقوں میں ڈال اور خَیمہ کو جوڑ کہ وہ ایک ہو۔ 12 ۔اَور خَیمہ کے پردوں کا ایک پردہ جوبچ رہا ہے اُس کا نصف مَسکن کی پچھلی طرف لٹکا رہے۔ 13 ۔اور ایک ہاتھ اِدھر سے اور ایک ہاتھ اُدھرسے جو پردوں کی لمبائی سے بچ رہا ہے، مَسکن کی دونوں طرف اِدھر اور اُدھر لٹکا رہے تاکہ وہ اُسے ڈھانپ لے۔ 14 ۔اور خَیمہ کے اُوپر ڈالنے کے لئے ایک غلاف مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالوں کا اور ایک غلاف تخس کی کھالوں کا بنا۔ 15 ۔اور کیکر کی لکڑی کے تختے کھڑے کرنے کے لئے مَسکن کے واسطے بنا۔ 16 ۔ہر ایک تختہ دس ہاتھ لمبا اور ڈیڑھ ہاتھ چوڑا ہو۔ 17 ۔اور ایک تختہ کی دو چوبیں مقُابل دُوسرے تختہ کی دوچوبوں کے ہوں۔ اور ایسا ہی مَسکن کے سب تختوں میں کر۔ 18 ۔ اور تُو مَسکن کے لئے تختے بنا ۔ بیس تختے جنُوب کی طرف ۔ 19 ۔اَور چاندی کے چالیس پائے بیس تختوں کے نیچے کےلئے بنا کہ دو پائے ہر ایک تختہ کی چوبوں کے نیچے ہوں۔ 20 ۔اَور مَسکن کی دُوسری جانب شمال کی طرف بیس تختے بنا۔ 21 ۔اور چالیس پائے چاندی کے، دو پائے ہر تختہ کے نیچے۔ 22 ۔اور مَسکن کی پچھلی طرف مغرب کی جانِب چھ تختے بنا۔ 23 ۔اَور دو تختے مَسکن کی پچھلی طرف اُس کے کونوں کےلئے بنا۔ 24 ۔اَور دونوں نیچے سے اُوپر کو پہلے حلقہ تک برابر جُڑے ہُوئے ہوں۔ ایسے ہی دونوں کونوں کے لئے ہوں۔ 25 ۔ پس وہ آٹھ تختے اور سولہ پائے چاندی کے ہوں گے۔ دو دو پائے ہر ایک تختہ کے نیچے ۔ 26 ۔اور کیکر کی لکڑی کے پانچ بینڈے مَسکن کے ایک طرف کے تختوں کے لئے بنا۔ 27 ۔اور پانچ بینڈے مَسکن کی دُوسری طرف کے تختوں کے لئے اور پانچ بینڈے مَسکن کی پچھلی طرف غرب کی جانِب کے تختوں کے لئے۔ 28 ۔اور درمیانی بینڈا جو تختوں کے بیچ میں ایک سرے سے دُوسرے سرِے تک پہنچے ۔ 29 ۔اَور تختوں کو سونے سے مڑھ ۔ اور بینڈوں کے لئے سونے کے حلقے بنا اور بینڈوں کو سونے سے مڑھ۔ 30 ۔اور مَسکن کو اُس نموُنے کے مطُابق جو میَں نے تجھے پہاڑ پر دِکھایا تھا کھڑا کر ۔ 31 ۔اَور ایک پردہ آسمانی اور ارغوانی اور قرمزی رنگ کا بارِیک کتَے ہُوئے کتَان سے بنا جس میں کرُوبیوں کی صُورتیں مہارت سے بنی ہُوئی ہوں۔ 32 ۔اور اُسے کیکر کے چار ستُونوں پر جو سونے سے مڑھے ہُوئے ہوں لٹکا۔ اُن کے سر سونے کے اور پائے چاندی کے ہوں۔ 33 ۔اَور پردے کو چھّلوں سے لٹکا۔اَور پردے کے اندر کی طرف صندُوق شہادت رکھ۔پس یہ پردہ تمہارے لئے پاک مقام کو پاک ترین مقام سے الگ کرے گا۔ 34 ۔اور تُو سرپوش کو پاک ترین مقام میں شہادت کے صندُوق کے اوپر رکھ۔ 35 ۔اَور میز کو پردہ کے باہر رکھ ۔ اور شمع دان اُس کے سامنے مسکن کی جنُوبی طرف ہو۔ اَور میز شمالی طرف رہے۔ 36 ۔اَور خَیمہ کے دروازہ کے لئے ایک پردہ بنا۔ جو آسمانی اور ارغوانی اور قرمزی رنگ کا مہین کتَانی سُوت سے بناہُؤا بُوٹی دار ہو۔ 37 ۔اَور اِس پردہ کے لئے پانچ ستُون کیکر کے بنا۔ جو سونے سے مڑھے ہُوئے ہوں اَور اُن کے سر سونے کے ہوں۔ اَور پانچ پائے ڈھالے ہُوئے پیِتل کے ہوں۔