باب

1 ۔ صندُوقِ شہادت اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا ۔ 2 ۔بنی اِسرائیل کو حکم دینا۔ کہ میرے لئے نَذریں لائیں۔ اور ہر ایک آدمی سے اُس کے دِل کی رَغبت کے مطُابق تُو میرے لئے نَذر لے لے ۔ 3 ۔اور نَذریں جو تم اُن سے لو گے وہ یہ ہیں۔ سونا، چاندی اور پِیتل۔ 4 ۔اور بنفشی اور اَرغوانی اور قرمزی رنگ کا کپڑا اور مہین کتان اور بکری کی پشم ۔ 5 ۔اور مینڈوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اور تحس کی کھالیں اور کیکر کی لکڑی ۔ 6 ۔اور شمع دان کے لئے تیل اور مَسح کے تیل کے اور بخُور کے لئے خُوشبوئیں۔ 7 ۔اور جزع اور نگینے ۔ اَفود اور سینہ پوش میں جڑنے کے لئے ۔ 8 ۔اور وہ میرے لئے مقَدس بنائیں کہ میَں اُن کے درمیان رہُوں۔ 9 ۔سب کچھ مطُابق اَس مسکن کی شکل اور برتنوں کی شکل کے جو میَں تجھے دِکھاؤں گا۔تو بنا۔ 10 ۔اور وہ کیکر کی لکڑی کا ایک صندُوق بنائیں۔ جس کی لمبائی اَڑھائی ہاتھ اورچوڑائی ڈیڑھ ہاتھ اَور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ ہو۔ 11 ۔اَور تُو اُسے اندر اور باہر سے خالص سونے سے مڑھ۔ اور سونے کا تاج اُس کے گرداگرد بنا۔ 12 ۔اَور تُو اُس کے لئے سونے کے چار حلقے ڈھال کر چاروں کونوں پر لگا ۔ دو حلقے ایک طرف اَور دو حلقے دُوسری طرف۔ 13 ۔ اَور کیکرکی لکڑی کی دو چوبیں صندُوق بنا اور اُنہیں سونے سے مڑھ ۔ 14 ۔اور دونوں چوبیں صندوق کے ہر دو جانب کے حلقوں میں ڈال تاکہ صندُوق اُٹھایا جاسکے ۔ 15 ۔ اور دونوں چوبیں حلقوں میں ہمیشہ رہیں۔ اَور کبھی اُن سے نکالی نہ جائیں۔ 16 ۔ اور جو شہادت میں تجھے دُوں گا۔ اُس صندُوق میں رکھ۔ 17 ۔اَور تُو خالِص سونے کا ایک رحم گاہ بنا۔جس کی لمبائی اَڑھائی ہاتھ اور چوڑائی ڈیڑھ ہاتھ ہو۔ 18 ۔ اَور تُو گھڑے ہُوئے سونے کے دوکرُوبی رحم گاہ کے دونوں طرف بنا۔ 19 ۔ ایک کروبی ایک طرف اور ایک کروبی دوسری طرف سرپوش کے بنا۔ اور دونوں سرِوں کے کرُوبیوں کو ایک ہی ٹکڑے سے بنا ۔ 20 ۔اَور دونوں کرُوبی اُوپر کی طرف پَر پھیلائے ہُوئے ہوں۔ کہ دونوں کے پَروں سے سرپوش ڈھانپ جائے اَور دونوں آمنے سامنے ہو کر سرپوش کی طرف دیکھیں۔ 21 ۔اَور وہ شہادت جو میَں تجھے دُوں گا۔ صندُوق میں رکھ۔ 22 ۔پس وہاں پر میَں تجھ سے ملوں گااور سرپوش کے اُوپر سےکرُوبیوں کے درمیان سے جو صندُوق شہادت کے اُوپر ہوں گے اُن سب حکموں کی بابت جوبنی اِسرائیل کے لئے ہوں گے ۔ میَں تجھ سے بات چیت کرُوں گا ۔ 23 ۔ نانِ ظہور کی میز اَور تُو کیکر کی لکڑی کی ایک میز بنا ۔ جس کی لمبائی دو ہاتھ اَور چوڑائی ایک ہاتھ اَور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ ہو۔ 24 ۔اَور اُسے خالِص سونے سے مڑھ اور اُس کے گرِداگرِد سونے کا زریں تاج بنا۔ 25 ۔اَور اُس پر چار اُنگل سونے کی کنگنی بنا۔ اور کنگنی کے چاروں طرف سونے کا زریں تاج بنا ۔ 26 ۔اَور اُس کے لئے سونے کے چار حلقے بنا ۔ اَور وہ حلقے اُس کے چاروں کونوں میں چاروں پایوں کے اُوپر لگا۔ 27 ۔حلقے کنگنی کے آگے ہوں۔ تاکہ چوبوں کے لئے جگہ ہو۔جن سے وہ میز اُٹھائی جاسکے ۔ 28 ۔اَور کیکر کی لکڑی کی دو چوبیں بنا اَور اُنہیں سونے سے مڑھ۔ پس اُن سے میز اُٹھائی جائے گی۔ 29 ۔اور تپاونوں کے اُنڈیلنے کے لئے خالِص سونے سے اُس کے خوانچے اور کٹورے او رآفتابے اور پیالے بنا۔ 30 ۔ اور میز پر تُو میرے سامنے حُضوری کی روٹیاں ہمیشہ رکھّ۔ 31 ۔ شمع دان اَور تُو ایک شمع دان خالِص سونے کا بنا ۔ گھڑ کر تُو اُسے بنا۔ وہ اَور اُس کا تَنہ اور اُس کی شاخیں۔ اَور اُس کے پیالے اور کلیاں اَور پھول سب ایک ٹکڑے کے ہوں۔ 32 ۔اُس کی دونوں اطرا ف سے چھ شاخیں نِکلی ہُوئی ہوں۔ تین ایک طر ف سے اَور تین دُوسری طرف سے۔ 33 ۔اور تین بادامی شکل کے پیالے مع اپنی کلیوں اور پھُولوں کےایک شاخ ہوں۔ اور تین بادامی شکل کے پیالے مع اپنی کلیوں اور پھُولوں کےدُوسری شاخ میں ہوں اَور اِسی طرح سے چھیوں شاخوں میں جو شمع دان سے نکلتی ہیں ،بنا۔ 34 ۔ اَور شمع دان میں چار بادامی شکل کے پیالے مع اپنی کلیوں اور پھُولوں کے ہوں۔ 35 ۔ اَور اُس کی پہلی دو شاخوں کے نیچے ایک کلَی ہو۔ اَور دُوسری شاخوں کے نیچے ایک کلَی ہواَور باقی دو شاخوں کے نیچے بھی ایک کلَی ہو۔ ایسا چھیوں شاخوں کے لئے جو شمع دان سے نِکلتی ہیں ،بنا ۔ 36 ۔اُس کی کلیاں اور سب شاخیں خالِص سونے کے ایک ہی ٹُکڑے کی گھڑی ہُوئی ہوں۔ 37 ۔اَور تُو اُس کے لئے سات چراغ بنا ۔ اَور اُس پر رکھّ۔ تاکہ وہ اُس کے سامنے کی طرف روشنی دیں۔ 38 ۔اَور تُو اُس کے گلگیر اور اُس کی رکابیاں خالِص سونے سے بنا ۔ 39 ۔شمع دان مع اُس کے سب سامان کے ایک قنطار خالِص سونے کا ہو۔ 40 ۔ ہوشیار ہو۔ او ر اُسے اُسی نمونے کا بنا جو میَں نے تجھے پہاڑ پر دِکھایا۔