باب

1 ۔ عہد کی تصدیق اَور اُس نے موسیٰ سے کہا ۔خُداوند کے پاس اُوپر آ۔ تُو اور ہارون اور ندب اور ابیہو، اور اِسرائیل کے بزرگوں میں سے سَتر شخص۔ اور وہ دُور ہی سے سَجدہ کریں گے۔ 2 ۔ تب موسیٰ اکیلا ہی خُداوند کے پاس آگے جائے گا۔ لیکن وہ آگے نہ آئیں۔ اور لوگ اُس کے ساتھ اُوپر نہ چڑھیں۔ 3 ۔تب موسیٰ آیا اور خُداوند کا سارا کلام اور سارے احکام لوگوں کو بتائے۔تو سب لوگوں نے ہم آواز ہو کے اُس سے جواب میں کہا۔ سب کچھ جو خُداوند نے فرمایا ہے۔ ہم بجالائیں گے۔ 4 ۔ تب موسیٰ نے خُداوند کا سارا کلا م لکھا ۔ اور صُبح کو سویرے اُٹھ کر اُس نے پہاڑ کے نیچے ایک قُربان گاہ بنائی۔ اَور اِسرائیل کے بارہ قبیلوں کے لئے بارہ ستُون لگائے۔ 5 ۔اَور بنی اِسرائیل کے کئی جوانوں کو بھیجا ۔ تو اُنہوں نے سوختنی قُربانیاں چڑھائیں ۔اور بچھڑوں سے سلامتی کے ذَبیحے خُداوند کے لئے ذبح کئے۔ 6 ۔اَو ر موسیٰ نے آدھا خُون لے کر باسنوں میں ڈالا۔ اور آدھا قُربان گاہ پر چھڑکا۔ 7 ۔ اَور عہد کی کتِاب لے کر لوگوں کو سُنا کر پڑھی۔ تب وہ بولے ۔کہ سب جو کچھ خُداوند نے فرمایا ہے ہم بجا لائیں گے۔ اور فرمانبرداری کریں گے۔ 8 ۔تب موسیٰ نے خُون لیِا اور لوگوں پر چِھڑکااور کہا۔ یہ خُون اُس کا عہد ہے۔ جو خُداوند نے اِن سب باتوں کی بابت تمہارے ساتھ باندھاہے۔ 9 ۔تب موسیٰ اور ہارون اور ندب اور ابیہواور اِسرائیل کے بزرگوں میں سے ستر شخص اُوپر چڑھ گئے۔ 10 ۔اَور انہوں نے اِسرائیل کے خُدا کو دیکھا۔ اور اُس کے پاؤں کے نیچے گویا کہ نیلم کے پتّھر کا چبُوترا سا تھا جو آسمان کی مانند شفاف تھا۔ 11 ۔اور بنی اِسرائیل کے برگزیدوں پر اُس نے اپنا ہاتھ نہ بڑھایا۔ پس اُنہوں نے خُدا کو دیکھا اور کھایا اور پِیا۔ 12 ۔ موسیٰ چالیس دِن رات پہاڑ پر اَور خُداوند نے موسیٰ سے فرمایا کہ پہاڑ پر چڑھ کر میرے پاس آ اور وہاں ٹھہر ۔جب تک کہ میَں تجھے پتّھر کی لوحیں اور شریعت اور احکام نہ دُوں۔ جو میَں نے اُن کی تعلیم کے لئے لکھے ہیں۔ 13 ۔ تب موسیٰ اور اُس کا خادم یشُوع اُٹھے۔ اور موسیٰ خُدا کے پہاڑ پر چڑھ گیا۔ 14 ۔اور اُس نے بزرگوں سے کہا ۔ کہ تم ہمارے لئے یہاں پر بیٹھو ۔جب تک کہ ہم تمہارے پاس واپس نہ آئیں۔ اور دیکھو ہارون اور حُور تمہارے ساتھ ہیں۔ اگرکسی کا کچھ معاملہ ہو ۔ تو اُن کےپاس لے جاؤ۔ 15 ۔اور جب موسیٰ پہاڑ پر چڑھا۔تو بادل نے پہاڑ کو چھپُا لیِا۔ 16 ۔اور خُداوند کا جلا ل کوہِ سیِنا پر اُترا ۔ اور بادل نے اُسے چھ دِن چھُپایا ۔ اور ساتویں دِن اُس نے بادل کے اندر سے موسیٰ کو بُلایا ۔ 17 ۔اور خُداوند کے جلال کا نظارہ پہار کی چوٹی پر بنی اِسرائیل کی آنکھوں کے سامنے بھَسم کرنے والی آگ کی مانند تھا۔ 18 ۔ تب موسیٰ بادل کے اندر گیا۔ اَور پہاڑ پر چڑھا۔ اَور موسیٰ پہاڑ پر چالیس دِن اَور چالیس رات رہا۔