باب

1 ۔ اگر کوئی آدمی بَیل یا بھیڑچُرائے اور اُسے ذبح کرے یا اُسے بیچ دے۔ تو وہ ایک بَیل کے عِوض پانچ بَیل اَور ایک بھیڑ کے عِوض چار بھیڑیں دے ۔ 2 ۔ اگر کوئی چور رات کو نقب لگاتا ہُؤا پایا جائے اَور کوئی اُسے مارے اور وہ مر جائے ۔ تو اُس کے خُون کا کوئی جر ُم نہیں۔ 3 ۔ اگر وہ سُورج چڑھے میں پایا جائے ۔ تو اُس کا خُون جُرم ہوگا۔ مگر وہ بدلہ دے اَور اگر وہ نہ دے سکے تو اپنی چوری کے لئے بیچا جائے۔ 4 ۔ اَور اگر چوری کی چیز اُس کے ہاتھ میں زند ہ پائی جائے خواہ بَیل خواہ گدھا خواہ بھیڑ تو ایک کے بدلے دو دے۔ 5 ۔اگر کوئی کھیت یا انگورستان کھلائے ۔ کہ اپنے چوپائے چھوڑ ے تاکہ دُوسرے کے کھیت میں چَریں۔ تو اپنے کھیت یا انگورستان کی عمدہ سے عمدہ پیداوار میں سے اُسکا معاوضہ دے۔ 6 ۔ اگر جَلائی ہُوئی آگ بھڑکے اور جھاڑیوں میں لگ جائے ۔ اَور اناج کا ڈھیر یا کھڑا اناج یا پُورا کھیت جَل جائے ۔تو جس نے آگ جلائی پُورا معاوضہ بھرے۔ 7 ۔اگر کوئی آدمی اپنے ہمسایہ کو چاندی یا اسباب رکھنے کے لئے سونپے۔ اور اُس کے مکان سے چُرایا جائے ۔ تو اگر چور ہاتھ لگے تو دُگنا بھر دے۔ 8 ۔ اور اگر چور نہ پکڑا ۔ تو گھر کا مالک خُدا کے حُضور لایا جائے تاکہ وہ قسم کھائے کہ میَں نے اپنے ہمسایہ کے مال پر ہاتھ نہیں بڑھایا ۔ 9 ۔خیانت کا ہر ایک جھگڑا بَیل کا یا گدھے کا یا بھیڑ کا یالباس کا یا کسی گم شدُہ چیز کا جس میں کہا جائے کہ دیکھو۔ یہ ہے ۔خُدا کے حضُور لایا جائے اَور جِسے خُدا مُجرم ٹھہرائے ۔ وہ اپنے ہمسایہ کو دُگنا معاوضہ دے۔ 10 ۔اگر کوئی اپنے ہمسایہ کو گدھا یا بَیل یا بھیڑ یا کوئی اور چوپایہ حِفاظت کے لئے سپُرد کرے اور وہ مر جائے یا اُس کی ٹانگ ٹُوٹ جائے یا بغیرکسی کے دیکھے چوری ہو جائے۔ 11 ۔تو اُن دونوں کے درمیان خُداوند کی قسَم سے فیصلہ ہوگا۔ کہ اُس نے اپنے ہمسایہ کے مال پر اپنا ہاتھ نہیں بڑھایا۔ اَو ر مالک اُسے قبُول کرے گااور وہ کچھ معاوضہ نہ دے۔ 12 ۔اگر وہ اُس کے پاس سے چُرایا جائے تو وہ مالک کو معاوضہ نہ دے۔ 13 ۔اگر اُسے درندہ نے پھاڑ ڈالا ۔ تو وہ گواہی لائے۔ اور پھاڑے ہُوئےکا معاوضہ نہ دے۔ 14 ۔اگر کوئی آدمی اپنے ہمسایہ سے کوئی جانور اُدھار لے ۔ اَور اُس کی ٹانگ ٹُوٹ جائے یا وہ مر جائے ۔ جب کہ مالک اُس کے ساتھ نہ تھا تو اُس کا معاوضہ دِیا جائے۔ 15 ۔اور اگر مالک ساتھ تھا ۔ تو معاوضہ نہ دِیا جائے۔ اگر وہ کرایہ پر لیِا گیا تھا ۔تو مالک کرایہ لے کر چلا جائے۔ 16 ۔اگر کوئی کسی کنُواری لڑکی کو جو کسی کی منگیتر نہیں ورغلائے اَور اُس سے صحبت کرے ۔ تو وہ اُس کی مہر والی بیوی ہوگی۔ 17 ۔اگر اُس لڑکی کا باپ بِیاہ دینے سے اِنکار کرے ۔تو وہ کنُواریوں کے مہر کے مطُابِق اُسے نقدی دے۔ 18 ۔تُو جادوگرنی کو زِندہ نہ رہنے دے ۔ 19 ۔جو کوئی کسی چوپائے سے مُباشرت کرے ۔ضُرور قتل کیِا جائے ۔ 20 ۔جو کوئی صرف خُداوند کے سِوا کسی اور معبُود کے لئے قُربانی کرے ۔ وہ نیست و نابوُد کیِا جائے۔ 21 ۔تُو مسافر کو دُکھ نہ دے نہ اُسے تنگ کر۔ کیونکہ ملکِ مصر میں تم بھی مسافر تھے۔ 22 ۔ تُو کسی بیوہ یا یتیم کو مت ستا ۔ 23 ۔کیونکہ اگر تُو نے اُنہیں ستایا ۔ اور وہ میرے پاس چلائے ۔ تو میَں ضُرور اُن کی فریا د سُنوں گا۔ 24 ۔اور میرا قہر بھڑکے گا۔ میَں تمہیں تلوار سے قتل کرُوں گا ۔ تو تمہاری بیویاں بیوہ اورتمہارے بچے یتیم ہو جائیں گے ۔ 25 ۔اگر تُو میرے لوگوں میں سے کسی مُفلس کو کچھ روپیہ قرض دے ۔ تو اُس سے قرض خواہ کی طرح سلوک نہ کر۔اوراُس سے سُود مت لے۔ 26 ۔اگر تُو نے اپنے ہمسایہ کا لباس گروی میں لیِا ہے ۔ تو سُورج دُوبنے کےوقت اُس کو واپس دےدے۔ 27 ۔ کیونکہ یہی ایک چیز اُس کے اوڑھنے کی اَور اُس کے بدن کا لباس ہے ۔ وہ کس میں سوئے گا۔ اگر وہ میرے پاس چِلایا۔ تو میَں اُس کی فریاد سُن لوُں گا۔ کیونکہ میَں ترس کھانے والا ہُوں۔ 28 ۔تُو اپنے خُدا کو بُرا مت کہہ اور اپنے قوم کے سردار پر لعنت مت بھیج ۔ 29 ۔تُو اپنی فصل اور اپنے کولھو کے نئے پھل کے گزراننے میں دیر نہ کر۔ اَور اپنے گھر کے پہلوٹھے مجھے دے۔ 30 ۔ ایسا ہی تُو اپنے بَیلوں اور بھیڑوں سے کر ۔ سات دِن وہ اپنی ماں کے ساتھ رہے ۔ آٹھویں دِن تُو اُسے مجھے دے۔ 31 ۔ اَور تم میرے مقُدس لوگ ہوگے ۔ وہ پھاڑا ہُوا گوشت جو کھیت میں پایا جائے ۔ مت کھاؤ بلکہ اُسے کتُوں کو ڈالو۔