باب

1 دس احکام تب خُداوند نے کلام کر کے یہ سب باتیں فرمائیں۔ 2 ۔میَں خُداوند تیرا خُدا ہُوں جو تجھے ملک ِمصر یعنی جائے ِغُلامی سے نکال لایا۔ 3 ۔تیرے لئے میرے حُضور کوئی دُوسرا معبُود نہ ہو۔ 4 ۔ تُو اپنے لئے کوئی تراشی ہُوئی چیز یا کسی چیز کی صورت جو اُوپر آسمان میں یا نیچے زمین پر یا زمین کے نیچے کے پانی میں ہے مت بنا۔ 5 ۔ تو اُنہیں سجدہ نہ کرنا اور نہ اُن کی خدمت کرنا ۔ کیونکہ میَں خُداوند تیرا خُدا، خُدائے غیور ہُوں۔ اَور جو مجھ سے عداوت رکھتے ہیں ۔ اُن کے باپ دادا کی بدکاریوں کی سزا میَں اُن کی اولاد کو تیسری چوتھی پُشت تک دیتا ہُوں۔ 6 ۔اَور جو مجھ سے محبت رکھتے اور میرے احکام کو مانتے ہیں ۔ اُن پر میَں ہزار پُشت تک رحم کرتا ہُوں۔ 7 ۔تُو خُداوند اپنے خُدا کا نام بے جا نہ لے۔ کیونکہ خُداوند اُسے بےگنُاہ نہ ٹھہرائے گا جو اُس کا نام بے جا لیتا ہے۔ 8 ۔تُو سبت کے دِن کو پاک رکھنے کے لئے یاد رکر۔ 9 ۔چھ دِن تُو کام کر اَور اپنے سب کاروبار کر۔ 10 ۔مگر ساتواں دِن خُداوند تیرے خُدا کے لئے سبت ہے۔ اُس میں تُو اپنے لئے کچھ کام نہ کر ۔ نہ تُو نہ تیرا بیٹا نہ تیری بیٹی نہ تیرا غُلام نہ تیری لونڈی نہ تیرا چوپایہ اَور نہ تیرا مہمان جو تیرے دروازے کے اندر ہے۔ 11 ۔کیونکہ خُداوند نے چھ دِن میں آسمان اور زمین اَور سمنُدر اَور سب جو کچھ اس میں ہے بنایا۔ اَور ساتویں دِن آرام کیِا ۔ اِس لئے خُداوند نے سبت کے دِن کو برکت دِی اور اُسے مقُدس ٹھہرایا ۔ 12 ۔تُو اپنے باپ کی اور اپنی ماں کی عزِت کر۔ تاکہ تیری عُمر اُس ملک میں جو خُداوند تیرا خُدا تجھے دے گا دراز ہو۔ 13 ۔ تُو خُون مت کر۔ 14 ۔ تُو زِنا مت کر۔ 15 ۔تُو چوری مت کر۔ 16 ۔تُو اپنے ہمسایہ پر جھوٹی گواہی نہ دے۔ 17 ۔تُو اپنے ہمسایہ کے گھر کا لالچ مت کر۔ تُواپنے ہمسایہ کی بیوی کا لالچ مت کر۔ نہ اُس کے غُلام نہ اُس کی لونڈی نہ اُس کے بیل نہ اُس کے گدھے اَور نہ اَور کسی چیز کا جو تیرے ہمسایہ کی ہے۔ 18 ۔اَور سب لوگوں نے گرجیں اور بجلیاں اور نرسنگا کی آواز اَور پہاڑ میں سے دُھواں اُٹھتا مشاہدہ کیِا۔ پس جب لوگوں نے یہ دیکھا ۔ تو خوف زدہ ہُوئے اَور دُور جا کھڑے ہُوئے ۔ 19 ۔اَور اُنہوں نے موسیٰ سے کہا ۔ کہ تُو ہی ہم سے بات کر تو ہم سُنیں گے اور خُدا ہم سے بات نہ کرے ۔ کہیں ہم مر نہ جائیں۔ 20 ۔ تب موسیٰ نے لوگوں سے کہا ۔ تم مت ڈرو ۔ کیونکہ خُداآیا ہے تاکہ تمہارا امتحان کرےاَور تاکہ اُس کا خوف تمہارے چہروں کے سامنے رہے۔ کہ تم گنُاہ نہ کرو۔ 21 ۔پس لوگ دُور ہی کھڑے رہے ۔ اَور موسیٰ سیاہ بادل کے نزدیک گیا ۔جس میں خُدا تھا۔ 22 ۔تب خُداوند نے موسیٰ سے فرمایا۔ بنی اِسرائیل سے یُوں کہہ۔ کہ تم نے دیکھا ہے ۔ کہ میَں نے تمہارے ساتھ آسمان پر سے باتیں کیں۔ 23 ۔تم میرے ساتھ چاندی کے معبُود مت رکّھو اور اپنے لئے سونے کے معبُود مت بناؤ۔ 24 ۔تم میرے لئے مٹی کا مذبح بناؤ ۔ اور اپنی سوختنی قُربانیوں اَور اپنی سلامتی کی قُربانیوں ۔ اپنی بھیڑوں اَور اپنے بیَلوں کو اُس پر گزُرانا کرو۔ ہر ایک جگہ میں ،جہاںمیرا نام یاد کیِا جائے گا۔ میَں تیرے پاس آؤں گا اور تجھے برکت دُوں گا۔ 25 ۔ اگر تُو میرے لئے پتّھر کا مذبح بنائے ۔تو تراشے ہُوئے پتّھروں کا مت بنانا۔ کیونکہ اگر تُو نے اپنا اوزار اُس پر لگایا ۔ تو تُو نے اُسے ناپاک کر دِیا ۔ 26 ۔اَور میرے مذبح پر تُو سیِڑھی سے مت چڑھنا ۔ تاکہ تیری برہنگی اُس پر ظاہر نہ ہو۔