باب

1 ۔ عزرا کا سفرِ یروشلیم اَور یہ خاندانی سردار اَور اُن کے نسب نامے ہَیں۔ جو اَرتخششتا بادشاہ کے دورِ حکومت میں میرے ساتھ بابؔل سے چلے۔ 2 ۔بنی فِیخاؔس میں سے جیرؔسوم۔ اَور بنی اِتمر میں سے دانؔی ایل۔اَور بنی داؔؤد میں سے حَطُّوش بِن سِکنیاہ۔ 3 ۔اَور اُس کے ساتھ نسب نامہ کی رُو سے ایک سَو پچاس مَرد تھے۔ 4 ۔بنی پخت موآؔب میں سے اِلیہو عیؔنی بِن زِرّاخیاہ ۔ اَور اُس کے ساتھ دو سَو مرَد تھے۔ 5 ۔بنی زؔتُّو میں سے سِکَنؔیاہ بِن یحزی ایؔل۔ اَور اُس کے ساتھ تین سَو مَرد تھے۔ 6 ۔بنی ؔعدین میں سے عبد بِن یونتن۔ اَور اُس کے ساتھ پچاس مَرد تھے۔ 7 ۔بنی عیلؔام میں یِسعیاہ بِن عَتَلیاہ اَور اُس کے ساتھ ستّر مرَد تھے۔ 8 ۔بنی سفطؔیاہ میں سے زبدؔیاہ بِن میکاایؔل۔ اَور اُس کے ساتھ اَسّی مَرد تھے۔ 9 ۔بنی یوآؔب میں سے عبَدیاہ بِن یحی ایؔل۔ اَور اُس کے ساتھ دو سَو اَٹھارہ مَرد تھے۔ 10 ۔بنی سلومِیؔت بِن یُوسؔفیاہ اَور اُس کے ساتھ ایک سَو ساٹھ مَرد تھے۔ 11 ۔بنی ببی میں سے زِکرَیاہ بِن ببی ۔ اَور اُس کے ساتھ اٹھائیس مَرد تھے۔ 12 ۔بنی عزجؔاد میں سے یوحنان بِن ہَقّاطان۔ اَور اُس کے ساتھ ایک سَو دَس مَرد تھے۔ 13 ۔اَور بنی ادوؔنقام میں سے۔ اَور یہ اُن کے نام ہیں۔ اِلیفلِؔط اَور یعی ایؔل اَور سمعیاہ۔ اَور اُن کے ساتھ ساٹھ مَرد تھے۔ 14 ۔اَور بنی بگوی میں سے عُوطی اَور زبود ۔ اَور اُن کے ساتھ ستّر مرَد تھے۔ 15 ۔اَور میں نے اُنہیں اُس دریا پر جمع کِیا جو ہوَا کی طرف بہتا ہے۔ اَور وہاں ہم نے تین دِن ڈیرا کِیا۔ تب مَیں نے لوگوں اَور کاہنوں کا مُلاحظہ کِیا۔ تو بنی لاوی میں سے کِسی کو نہ پایا۔ 16 ۔تو مَیں نے اِلیعزِر اَور اَریئیل اَورسِمعؔیاہ اَور اِلناتن اَور یریؔب اَور اِلناتن اَور ناتن اَور زکریاؔہ اَور مسلام کو جو سرداروں کے پاس اَور یویریؔب اَور اِلناؔتن فقیہوں کے پاس بھیجا۔ 17 ۔اَور مَیں نے اُنہیں اِؔدّو کے پاس روانہ کِیا جو کسیِفَیا نامی جگہ میں سردار ہَے اَور اُن کے مُنہ میں باتیں ڈالیں جو وہ اِؔدّو اَور اُس کے بھائی تینیوں کو کسِیفیّا میں کہیں۔ تاکہ وہ ہمارے پاس ہمارے خُدا کے گھر کے لئے خدمت کرنے والے لائیں۔ 18 ۔پس اِس لئے کہ خُداوند ہمارے خُدا کا مہربان ہاتھ ہم پر تھا۔ تو وہ بنی محلؔی بِن لاوی بِن اِسرؔائیل میں سے ایک عقل مند شخص یعنی سِربؔیاہ کو مع اُس کے بیٹوں اَور بھائیوں کے لائے جو اَٹھارہ تھے۔ 19 ۔اَور حَسبیاہ کو اَور اُس کے ساتھ بنی مرارؔی میں سے یِسعیاہ کو اَور اُس کے بھائیوں اَور بیٹوں کو جو بیس تھے۔ 20 ۔اَورنتینیوں میں سے جِنہیں داؤد اَور سرداروں نے لاویوں کی خدمت کے لئے مُقرّر کِیا۔ وہ دو سَو بیس تِتینی لے آئے جو نام بہ نام بُلائے جاتے تھے۔ 21 ۔تب مَیں نے وہاں اَؔہاوادریا کے نزدیک روزہ رکھنے کی مُنادی کروائی۔ تاکہ ہم اپنے خُدا کے حضُور فروتین ہو کر اپنے لئے اَور اپنے بال بچّوں کے لئے اَور اپنے سارے مال کے لئے سیدھی راہ کی تلاش کریں۔ 22 ۔کیونکہ مُجھے شرم آئی۔ کہ مَیں بادشاہ سے فوج اَور سوار مانگُوں تاکہ راہ میں دُشمن سے ہماری حِفاظت کریں۔ اِس لئے کہ ہم نے بادشاہ سے کہا۔ کہ ہمارے خُدا کا ہاتھ نیکی کے لئے اُن سب کے ساتھ ہے جو اُس کے طالب ہوں اَور سب جو اُسے ترک کرتے ہیں اُن پر اُس کا زور و قہر ہوتا ہے۔ 23 ۔لہٰذا ہم نے روہ رکھ کر اپنےخُدا سے اِس بات کے لئے دُعا مانگی۔ تو اُس نے ہماری سُنی۔ 24 ۔تب مَیں نے سردار کاہِنوں میں سے بارہ کو الگ کِیا یعنی سرِبیاہ اَور حَسَبؔیاہ اَور اُن کے ساتھ اُن کے بھائیوں میں سے دس کو۔ 25 ۔اَور مَیں نے اُنہیں چاندی اَور سونا اَور برتن جو ہمارے خُدا کے گھر کے لئے مخصُوص تھے جِنہیں بادشاہ اَور اُس کے مُشِیروں اَور اُس کے امیروں اَور اِسرؔائیل میں سے سب نے جو وہاں پائے گئے نَذَر کِیا تھا وزن کر کے دِیا۔ 26 ۔اَور مَیں نے اُن کے ہاتھ میں یہ وزن کر کے دِیا۔ چھ سَو پچاس قنطار چاندی اَور ایک سَو قنطار چاندی کے برتن اَور ایک سَو قنطار سونا۔ 27 ۔اَور سونے کے بیس پیالے ایک ہزار درہم کے عمدہ چمکیلے پِیتل کے مُختلف برتن سونے کی طرح خُوبصورت۔ 28 ۔اَور مَیں نے اُن سے کہا۔ تُم خُداوند کے لئے مُقدّس ہو۔ اَور وہ برتن بھی مُقدّس ہیں۔ اَور چاندی اَور سونا خُداوند تُمہارے باپ دادا کے خُدا کے لئے خُوشی سے دِیا گیا ہَے۔ 29 ۔پس تُم جاگتے رہو اَور حفاظت کرو۔ جب تک کہ تُم یرُوشلیؔم کے درمیان سردارکاہنوں اَور لاویوں اَور اسرؔائیل کے خاندانی سرداروں کے سامنے خُداوند کے گھر کی کوٹھڑیوں میں اُنہیں وزن کر کے نہ دے دو۔ 30 ۔تب کاہِنوں اَور لاویوں نے چاندی اَور سونے اَور برتنوں کا وزن لِیا۔ تاکہ اُنہیں یرُوشلیؔم میں ہمارے خُدا کے گھر میں پُہنچائیں۔ 31 ۔پھر ہم نے پہلے مہینہ کے بارھویں دِن اہاوا کے دریا سے گئے تاکہ یرُوشلیؔم کو جائیں۔ اَور ہمارے خُدا کا ہاتھ ہم پر تھا اَور اُس نے ہمیں راہ میں دُشمن اَور گھات لگانے والے کے ہاتھ سے بچایا۔ 32 ۔پھر ہم یرُوشلیؔم میں پُہنچے اَور وہاں تین دِن تک رہے۔ 33 ۔اَور چوتھے روز چاندی اَور سونا اَور برتن ہمارے خُدا کے گھر میں مریموت بِن اُوؔر یا ہ کاہِن کے ہاتھ میں تول کر دِیئے گئے۔ اَور اُس کے ساتھ اِلیعزر بِن فیِخاسؔ تھا۔ اَور اُن دونوں کے ساتھ یوزؔاباد بِن یِشُوعؔ اَور نوعیدؔیاہ بِن بِنُّوی لاوی تھے۔ 34 ۔ہر ایک چیز کی گِنتی اَور وزن کے مُطابِق۔ اَور تمام وزن اُسی وقت لِکھا گیا۔ 35 ۔اَور جَلاوطنی کے فرزندوں نے جو جَلا وطنی سے نِکل آئے تھے اِسرؔائیل کے خُدا کے لئے سوختنی قُربانیاں چڑھائیں۔ تمام اِسرؔائیل کے لئے بارہ بچھڑے اَور چھیانوے مینڈھے اَور ستتّر برّے اَور بارہ خطا کے بکرے۔ یہ سب خُداوند کے لئے سوختنی قُربانی تھے۔ 36 ۔اَور اُنہوں نے بادشاہ کے حکم بادشاہ کے نائبوں اَوردریا کے پار کے حاکِموں کو دیئے تو اُنہوں نے لوگوں کی اَور خُدا کے گھر کی مدد کی۔