باب

1 ۔تعمیر کے لئے شاہی اجازت تب داؔرا بادشاہ نے حُکم دِیا۔ کہ بابؔل کے دولت خانہ ( تواریخی کُتب خانہ) میں جہاں خزانے رکھّے ہُوئے تھےتلاش کی جائے۔ 2 ۔تو َاخؔمَتاکے محلّ میں جو مادے صُوبہ میں ہَے ایک طوُمار پایا گیا۔ جس میں اِس طرح لِکھا ہُؤا تھا۔ یادداشت۔ 3 ۔خورس بادشاہ کے پہلے برس میں خورس بادشاہ نے خُدا کے گھر کے بارے میں جو یرُوشلؔیِم میں ہے حُکم فرمایا کہ وہ مقام جہاں وہ قربانیاں ذبح کرتے تھے بنایا جائے اَور اُس کی بنیاد رکھی جائے ( دیوار بنائی جائے) اس کی اونچائی ساٹھ ہاتھ(90فٹ) اور چوڑائی ساٹھ ہاتھ(90فٹ) ہو۔ 4 ۔بڑے پتّھروں کے تین ردے اور ایک ردّہ نئی لکڑی کا ہو۔ اور خرچ شاہی خزانے سے دِیا جائے۔ 5 ۔اَور خُدا کے گھر کے سونے اَور چاندی کے برتن جِنہیں نبُو کدنِضؔر نے یرُوشلؔیِم کی ہَیکل میں سے نِکال کر بابؔل میں لا رکھّا واپس دیئے جائیں۔ اَور یرُوشلؔیِم کی ہَیکل میں اپنی جگہ پُہنچائے جائیں۔ اَور خُدا کے گھر میں رکھّے جائیں۔ 6 ۔اَور اَب اَے تتنی دریا کے پار کے حاکِم اَور شتَر بوزنی اَور اُن کے ساتھیوں جو دریا کے پار سے ہو۔تُم وہاں سے دُور ہٹ جاؤ۔ 7 ۔اَور خُدا کے گھر کے اِس کام میں تُم دَخل نہ دو۔ اَور یہُودیوں کے حاکِم اَور یہُودیوں کے بزُرگوں کو خُدا کا وہ گھر اُس کی اپنی جگہ میں بنانے دو۔ 8 ۔اَور میں فرمان جاری کرتا ہُوں۔ کہ خُدا کے اُس گھر کے بنانے میں تُم یہودیوں کے اُن بزُرگوں سے کیا کرو۔ کہ بادشاہ کے خزانے یعنی دریا کے پار کے خراج سے اُن آدمیوں کو جلدی سے خرچ دِیا جائے۔ تاکہ کام بند نہ ہو۔ 9 ۔اَور آسمان کے خُدا کی سوختنی قُربانیوں کے لئے جو کُچھ اُنہیں درکار ہو بچھڑے اَور مینڈھے اَور برے اَور گیہُوں اَور نمک اَور مَے اَور تیل کاہِنوں کے کہنے کے مُطابِق جو یرُوشِلیؔم میں ہَیں۔ تُم اُنہیں بِلاناغہ دیتے جاؤ۔ 10 ۔تاکہ وہ آسمان کے خُدا کے لئے خُوشبُودار قُربانیاں گزُرانیں اَور بادشاہ اَور اُس کے بیٹوں کی زِندگی کے لئے دُعا کریں۔ 11 ۔اَور مَیں حُکم دیتا ہوُں۔ کہ جو کوئی اِس فرمان کی مُخالفت کرے۔ تو اُس کے گھر سے ایک تنا اُکھاڑا جائے اَور وہ اُس پر چڑھا کر سُولی دِیا جائے اَور اِس بات کے سبب سے اُس کا گھر کُوڑے کا ڈھیر کیا جائے۔ 12 ۔اَور خداجس نےاپنا نام وہاں رکھّا ہَے۔ اُن تمام بادشاہوں اَور لوگوں کو ہلاک کرے۔ جو خُدا کے اُس گھر کے جو یرُوشِلیؔم ہَے بدلنے اَور گِرانے میں اپنا ہاتھ بڑھائیں۔ مُجھ داؔرا نے یہ فرمان دے دِیا ہَے اِس کی جلد تِعمیل کی جائے۔ 13 ۔ ہیکل کی تقدیس تب تتنی دریا کے پار کے حاکِم اَور شَتَر بوزنی اَور اُس کے ساتھیوں نے اُس کے مُطابِق جو داؔرابادشاہ نے حُکم بھیجا تھا فوراً عمل کِیا۔ 14 ۔اَور یہُودیؔوں کے بزُرگ بناتے رہے اَور حجی نبی اَور زکرَیاؔہ بِن عِدّؔو کی نبُوّت کے سبب سے کامیاب ہُوئے۔ اَور وہ تعمیر کرتے گئے۔ اَور اَسرؔائیل کے خُدا کے حُکم اَور فارس کے بادشاہوں خورس اور دارا اور ارتخششتا کے فرمان کے مُطابِق کام کو مکمل کِیا۔ 15 ۔تو داؔرا بادشاہ کی سَلطنَت کے چھٹے سال کے ادار کے مہینہ کے تیسرے دِن میں یہ گھر مُکمل ہُؤا۔ 16 ۔اَور بنی اِسرؔائیل اَور کاہِنوں اَور لاویوں اَور باقی جلاوطنوں نے خُدا کے اِس گھر کی خُوشی سے تَقدِیس کی۔ 17 ۔اَور خُدا کے اِس گھر کی تَقدِیس کے وقت اُنہوں نے ایک سَو بَیل اَور دو سَو مینڈھے اَور چار سَو برّے اَور تمام اِسرّائیل کے قبیلوں کے شُمار کے مُطابِق بارہ بکرے قُربانی گزُرانے۔ 18 ۔اَور اُنہوں نے کاہِنوں کو اُن کی باریوں میں اَور لاویوں کو اُن کے گروہوں میں خُدا کی خدمت کے لئے یرُوشِلیؔم میں مُقرْر کِیا۔ جیسا کہ موسؔیٰ کی کِتاب میں لِکھا ہُؤا ہے۔ 19 ۔اَور جلا وطنوں نے پہلے مہینہ کے چودھویں روز عید فسح منائی۔ 20 ۔کیونکہ تمام کاہِنوں اَور لاویوں نے ایک تن ہو کر اپنے آپ کو پاک کِیا تھا۔ وہ سب کے سب پاک تھے اَور اُنہوں نے سب جلاوطنوں اَور اپنے بھائی کاہِنوں کی خاطر اور اپنے لئے فسح کا برہ ذبح کیا۔ 21 ۔تو بنی اسرؔائیل نے جو جَلاوطنی سے لَوٹے تھے۔ اَور جو زمین کی قوموں کے مکرُوہات سے علیٰحدہ ہو کر خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کے طالب ہو گئے تھے انہوں نے فسح کا برہ کھایا۔ 22 ۔اَور اُنہوں نے خُوشی سے سات دِن تک عید فطِیر کی۔ کیونکہ خُداوند نے اُنہیں خُوش کِیا تھا۔ اَور اسور کے بادشاہ کے دِل کو اُن کی طرف مائل کر دِیا تھا۔ تاکہ وہ خُدا یعنی اِسرؔائیل کے خُدا کا گھر بنانے میں اُن کے ہاتھوں کو مضبُوط کر دے۔