باب

1 ۔تعمیر کا دوبارہ شروع ہونا پِھر حجی نبی اَور زِکرَؔیاہ بِن عِدّونبی نے اُن یہُودؔیوں کے لئے جو یُہوداہ اَور یرُوشلؔیِم میں تھے۔ اِسرؔائیل کے خُدا کے نام سے اُن کے سامنے نُبوّت کی۔ 2 ۔تب زرُ بابِل بِن سالؔتی ایل اَور یِشُوعؔ بِن یوصدق اُٹھے اَور خُدا کے گھر کو جو یرُوشلؔیِم میں تھا بنانا شرُوع کِیا اَور اُن دونوں کے ساتھ خُدا کے اِنبیاء مدد کرتے تھے۔ 3 ۔اُس وقت تتنی دریا کے پار کا حاکِم اَور شَتَر بوزنی اَور اُن کے ساتھی اُن کے پاس آئے اَور اُن سے کہا۔ کِس نے تُمہیں فرمان دِیا کہ اِس گھر کو بناؤ۔اَور اِن دیواروں کی مَرمّت کرو؟ 4 ۔اَور اُنہوں نے کہا۔ اُن آدمیوں کے کیا نام ہیں جو یہ گھر تعمیر کرتے ہَیں؟ 5 ۔مگر خُدا کی نِگاہ یہُودیوؔں کے بزُرگوں پر تھی ۔ تو وہ اُنہیں روک نہ سکے ۔ جب تک کہ وہ مُعاملہ داؔرا کے پاس نہ بھیجا گیا اَور پھر اُن کے بارے میں تحریری جَواب نہ آیا۔ 6 ۔اُس خط کی نقل جو دریا پار کے حاکِم تتنی اَور شتربوزنی اَور اُس کے ساتھیوں نے جو دریا کے پار ہیں دارا بادشاہ کو بھیجا۔ 7 ۔جو خط اُنہوں نے اُس کے پاس بھیجا۔ اُس میں یُوں لِکھا تھا داؔرا بادشاہ کی ہر طرح سے سلامتی ہو۔ 8 ۔بادشاہ کو معلُوم ہو ۔ کہ ہم یہُوداہ کے مُلک میں خُدائے تعالی ٰ کے گھر کو گئے۔ جوبڑے بڑے پتّھروں سے بنایا جا رہا ہے۔ اَور اُس کی دِیواروں میں تنے (لٹھے) رکھّے جاتے ہیں۔ اَور کام تیزی سے ہو رہا ہے۔ اَور اُن کے ہاتھوں میں کامیابی ہَے۔ 9 ۔تب ہم نے اُن بزرُگوں سے سوال کِیا اَور کہا۔ کہ اِس گھر کے بنانے کا اَور اِن دِیواروں کی مَرمّت کرنے کا کِس نے تُمہیں فرمان دِیا؟ 10 ۔اَور ہم نے اُن کے نام پوُچھے۔ تاکہ ہم تُجھے بتائیںں۔ اَور اُن آدمیوں کے نام جو اُن کے سردار ہَیں لکھیں۔ 11 ۔تو اُنہوں نے ہمیں جَواب میں کہا۔ کہ ہم آسمان اَور زمین کے خُدا کے بندے ہیں۔ ہم وہی گھر بنار ہے ہیں جو بُہت برس پہلے بنایا گیا تھا۔ جِسے ایک بڑے بادشاہ نے اِسرؔائیل کے لئے بنایا اَور تیار کِیا تھا۔ 12 ۔لیکن جب ہمارے باپ دادا نے آسمان کے خُدا کو غُصّہ دِلایا۔ تو اُس نے اُنہیں شاہِ بابؔل نبُوکدنِضؔر کسدی کے حوالے کر دیا۔ جس نے اِس گھر کو تباہ و برباد کِیا۔ اَور لوگوں کو بابؔل میں جَلاوطن کِیا۔ 13 ۔اَور شاہ، بابؔل خورس کے پہلے برس میں خورس بادشاہ نے خُدا کے اِس گھر کے بنائے جانے کا حُکم جاری کِیا۔ 14 ۔اَورخُدا کے گھر کے سونے اَور چاندی کے برتن بھی جِنہیں نبُوکدنِضؔر نے ہَیکل سے نِکالا جو یرُوشلؔیِم میں ہَے اَور بابؔل کے مندر میں جمع کِیا تھا۔ خورس بادشاہ نے بابؔل کے مندر میں سے نِکلوائے ۔ اَور شیشؔ بَضّر کے سپُرد کِئے جِسے اُس نےحاکِؐم مُقرّر کِیا۔ 15 ۔اَور اُس سے کہا ۔ کہ یہ برتن لے جا ۔ اَور اُنہیں ہَیکل کے اندر رکھّ جو یرُوشلؔیِم میں ہَے۔ اَور خُدا کا گھر اُس کی جگہ پر دوبارہ بنایا جائے۔ 16 ۔تب یہ شیسؔ بَضر آیا اَور خُدا کے گھر کی بُنیاد رکھّی جو یرُوشلؔیِم میں ہے۔ اَور اُس وقت سے لے کر اَب تک بن رہا ہے۔ مگر ابھی تک وہ مُکمل نہیں ہُؤا۔ 17 ۔پس اگر بادشاہ کے نزدِیک مُناسِب ہو تو بادشاہ کے دولت خانہ (تواریخی کتب خانہ) میں جو وہاں بابؔل میں ہے تفتیش کی جائے۔ کہ آیا خورس بادشاہ نے یرُوشلؔیِم میں خُدا کے اِس گھر کے بنائے جانے کا فرمان جاری کِیا۔ اَور اِس مُعامَلہ میں بادشاہ اپنی مرضی ہم پر ظاہر کرے۔