باب

1 ۔ تعمیرِ نومیں رکاوٹ اَور یُہوداہ اَور بنیمین کے دُشمنوں نے سُنا کہ جَلاوطنی سے واپس آنے والے لوگ خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کے لئے ہَیکل بنا رہے ہَیں۔ 2 ۔تو وہ زرُبابِل اَور آبائی سرداروں کے پاس آئے اَور کہا۔ کہ ہم بھی تُمہارے ساتھ تعمیر کریں گے۔ کیونکہ ہم تُمہاری مانند تُمہارے خُدا کے طالب ہَیں اَور ہم شاہ اسورؔ اَسرَحَدّون کے دِنوں سے جو ہمیں یہاں لایا۔ تُمہارے خُدا کے لئے قُربانی گُزرانتے ہَیں۔ 3 مگر زرُ بِابؔل اَور یِشُوعؔ اَور اِسرؔائیل کے باقی سرداروں نے اُن سے کہا۔ کہ ہمارے خُدا کا گھر بنانے کے لئے تُمہارا ہمارے ساتھ کوئی کام نہیں۔ بلکہ ہم خُود ہی خُداوند اِسرؔائیل کے خُدا کے لئے اِسے بنائیں گے جیسا کے شاہ ِ فارسؔ خورس نے ہمیں حُکم دِیا ہَے۔ 4 ۔اَور مُلک کے لوگ یہوداہ کے لوگوں کے ہاتھوں کو کمزور کرنے اَور تعمیر کرنے میں اُنہیں تنگ کرنے لگے۔ 5 ۔اور شاہِ فارسؔ خورس کے جیتے جی بلکہ شاہ ِ فارسؔ دارا کی سلطنت تک اُن کی مُخالفت میں وہ مُشیروں کو رشوت دیتے رہے تاکہ اُن کا منصُوبہ ناکام کریں۔ 6 ۔اور اخسویرس کی سَلطنَت کے شرُوع ہی میں اُنہوں نے یہوُداہ اَور یرُوشلؔیم کے باشندوں کی شِکایت لِکھی۔ 7 ۔اور ارتخششتا کے دِنوں میں بِشلاؔم اَور مِتردات اَور طابیئل اَور اُن کے باقی ساتھیوں نے شاہِ فارسؔ ارتخششتا کو لِکھا اَور خط کے حُروف اَرامی زُبان کے تھے اَور عبارت بھی اَرامی زُبان کی تھی۔ 8 ۔اَور رِحُومؔ دیوان حُکومت اَورشمسی کاتِب نے یرُوشلؔیم کے خلاف ارتخششتا بادشاہ کو اِس طرح خط لِکھا۔ 9 ۔رِحؔوم دیوان حُکومت اَور شِمسی کاتِب کی طرف سے اَور اُن کے باقی ساتھیوں۔ دینیوؔں اَور اَفَرسَتیکیوؔں اَور طَرفِلیوؔں اَور فارسیوؔں اَور اَرکویوؔں اَور بابلیوؔں اَور سوسِنیوؔں اَور دِہاویؔوں اَور عیلامؔیوں۔ 10 ۔اَور باقی قوموں کی طرف سے جِنہیں بزُرگ اَور شریف اَسنّفّؔر نے جَلا وطن کِیا اَور سامریہ کے شہروں میں بسایا اَور باقیوں کی طرف سے جو دریا کے پار ہَیں وغیرہ وغیرہ۔ 11 ۔(یہ اُس خط کی نقل ہَے ہو اُنہوں نے اتخششتا بادشاہ کے پاس بھیجا) تیرے خادِموں اِن لوگوں کی طرف سے جو دریا کے پار ہَیں وغیرہ۔ 12 ۔بادشاہ کو معلُوم ہو۔ کہ یُہودؔی لوگ جو تیرے پاس سے نِکلے ہمارے پاس یرُوشلؔیم میں جو باغی اَور فسادی شہر ہَے پُہنچے ہَیں۔ وہ اُسے بنا رہے ہیں۔ اَور دِیواریں تعمیر اَور بُنیادوں کی مَرمّت کر لی ہَے۔ 13 ۔بادشاہ کو معلُوم ہو کہ اگر یہ شہر بنایا گیا۔ اَور اُس کی دیواریں تعمیر ہو گئیں۔ تو وہ نہ خراج نہ چُنگی اَور نہ مُقرّرہ محصُول ادا کریں گے۔ تو بادشاہوں کا نقصان ہو گا۔ 14 ۔اَور چُونکہ ہم نے شاہی محلّ کا نمک کھایا ہُؤا ہے۔ ہمیں مُناسِب نہیں کہ ہم بادشاہ کا نُقصان دیکھیں۔ پس ہم نے لِکھ کر بادشاہ کو اِطلاع دی ہَے۔ 15 ۔تاکہ تیرے باپ دادا کی توارِیخ کی کِتاب میں تلاش کی جائے۔ تو توارِیخ کی کِتاب سے تُجھے معلُوم ہو جائے گا اَور تُو جان لے گا۔ کہ یہ شہر باغی شہر بادشاہوں اَور مُلکوں کو دُکھ دینے والا ہَے۔ اَور قدیم زمانے سے اِس سے فساد برپا ہوتا رہا ہَے اَور اِسی وجہ سے یہ شہر برباد کِیا گیا تھا۔ 16 ۔پس ہم بادشاہ کو اِطلاع دیتے ہَیں۔ کہ اگر یہ شہر بنایا گیا۔ اَور اُس کی دِیواریں مکمل کی گئیں۔ تو تیری عملداری دریا کے اِس پار نہ رہے گی۔ 17 ۔تو بادشاہ نے جواب بھیج کر کہا۔رِحُوم دیوان حُکومت اَور شمسی کاتِب اَور اُن کے باقی ساتھیوں کو جو سامریہ میں رہتے ہیں اَور باقِیوں کو جو دریا کے پار ہیں۔ سلام وغیرہ۔ 18 ۔جو خط تُم نے ہمارے پاس بھیجا ہمارے سامنے صاف صاف پڑھا گیا۔ 19 ۔اَور مَیں نے حُکم دِیا تو تلاش کی گئی اَور پایا گیا۔ کہ قدیم زمانے میں یہ شہر بادشاہوں کی مُخالفِت میں اُٹھا۔ اَور اُس میں بغاوت اَور فساد برپا ہُؤا۔ 20 ۔کیونکہ یرُوشلؔیم میں طاقتور بادشاہ ہُوئے ہیں۔ جو دریا کے پار کے تمام مُلک پر حُکومت کرتے تھے۔ اَور خراج اَور چُنگی اَور محصُول اُنہیں دیا جاتا تھا۔ 21 ۔لہٰذا اَب تُم اُن آدمیوں کو روکنے کے لئے حُکم دو۔ کہ وہ اُس شہر کو نہ بنائیں جب تک کہ میری طرف سے حُکم جاری نہ ہو۔ 22 ۔اَور خبردار اِس کی تعمیل میں تُم غفلت نہ کرو۔ تاکہ بادشاہوں کے نقصان کے لئے فساد کیوں بڑھنے پائے؟ 23 ۔پس جب بادشاہ ارتخششتا کے فرمان کی نقل رِحُوؔم اَورشمسی کاتِب اَور اُن کے ساتھیوں کے آگے پڑھی گئی۔ تو وہ جلدی سے یرُوشلؔیم میں یہُودیوں کے پاس گئے۔ اَورجبر اور زور سے اُنہیں روک دِیا۔ 24 ۔تب خُدا کے گھر کا کام جو یرُوشلؔیم میں تھا رُک گیا اَور شاہ ِ فارسؔ داؔرا کی سَلطنَت کے دُوسرے سال تک بند رہا۔