باب

1 ۔ ہیکل کی بنیاد اَور جب ساتواں مہینہ ہُؤا۔ اَور بنی اِسرّائیل اپنے شہروں میں بس گئے۔ تو تمام لوگ ایک تن ہو کر یرُوشلؔیِم میں جمع ہُوئے۔ 2 ۔تب یِشُؔوعؔ بِن یوصدق اَور اُس کے بھائی کاہِن اَور زرُ بابل بِن سالتی ایؔل اَور اُس کے بھائی اُٹھے۔ اَور اُنہوں نے اِسرؔائیل کے خُدا کا مذَبح بنایا۔ تاکہ اُس پر سوختنی قُربانیاں چڑھائیں۔ جس طرح سے کہ مَردِ خُدا مُوسؔیٰ کی شریعت میں لِکھا ہُؤا ہَے۔ 3 ۔اَور اُنہوں نے مذبح کو اُس کی جگہ پر رکھّا۔ وہ اِرد گرِد کی قُوموں کے سبب سے خوف زدہ تھے۔ اَور اُس پر خُداوند کے لئے صُبح اَور شام کی سوختنی قُربانیاں چڑھائیں۔ 4 ۔اَور جیسا کہ شریعت میں تاکید تھی اُنہوں کی خیموں کی عید منائی۔ سوختنی قُربانیاں شُمار کر کے حُکم کے مُطابِق ترتیب سے روز بروز گُزرانیں۔ 5 ۔اِس کے بعد دائمی سوختنی قُربانی اَور نئے چاندوں کی سوختنی قُربانیاں چڑھائیں اَور خُداوند کی تمام مُقدّس عیدیں منائیں اور سب کُچھ جو کوئی اپنی خُوشی سے خُداوند کے لئے لایا۔ 6 ۔ساتویں مہینے کے پہلے دِن سے اُنہوں نے خُداوند کے لئے پیش کیا اور سوختنی قُربانیاں چڑھاا شُروع کیں۔ اگرچہ خُداوند کی ہَیکل کی ابھی تک بُنیاد نہیں رکھّی گئی تھی۔ 7 ۔اَور اُنہوں نے سنگ تراشوں اَور ترکھانوں کو نقدی دِی۔ اَور صیدُانؔیوں اَور صُورؔیوں کو کھانا پِینا اَور تیل دِیا۔ تاکہ وہ لُبنؔان سے دیودار کے تنے (لٹھے) یاؔفا کو سمُندر کی راہ سے لائیں۔ جیسا کہ فارؔس کے بادشاہ خورس نے اُنہیں دِیا تھا۔ 8 ۔خُدا کے گھر کو یرُوشلؔیِم میں اُن کے آنے کے دُوسرے برس کے دُوسرے مہینے میں زرُ بابل بِن سالتی ایؔل اَور یِشُوع بِن یوصدق اَور اُن کے باقی بھائیوں کاہِنوں اَور لاویوں نے اَور سب نے جو جَلاوطنی سے یرُوشلؔیِم کو آئے تھے۔ کام شُروع کِیا۔ اَور اُنہوں نے لاویؔوں کو جو بیس برس اَور اِس سے زیادہ عُمر کے تھے مُقرّر کِیا۔ کہ خُداوند کے گھر کے کام کی نگرانی کریں۔ 9 ۔تب یِشُوع اَور اُس کے بیٹے اَور اُس کے بھائی اَور قدمی ایؔل اَور اُس کے بیٹے اَور بنی یہوداہ مِل کر اُٹھے۔ کہ خُدا کے گھر میں کارِیگروں کے کام کی نگرانی کرتے رہیں۔ اَور بنی حِنداؔد اَور اُن کے بیٹے اَور اُن کے بھائی لاوی اُن کے ساتھ تھے۔ 10 ۔اَور جب معِماروں نے خُداوند کی ہَیکل کی بُنیاد رکھّی۔ تو کاہِن اپنی پوشاکیں پہنے اور نرسِنگے لے کر اَور لاوی بنی آسف جھانجیں لے کر اُٹھے۔ تاکہ شاہ اِسرؔائیل داؤد کی ترتیب کے مُطابِق خُداوند کی حمد کریں۔ 11 ۔اَور اُنہوں نے حمد میں گایا کہ "خُداوند کی سِتائش کرو کیونکہ وہ نیک ہَے۔ اَور اسِرؔائیل پر اُس کی رحمت اَبد تک ہے" اَور سب لوگوں نے بڑے زور شور سے للکارا۔ اَور وہ خُداوند کے گھر کی بُنیاد رکھنے کے لئے خُداوند کی حمد کرتے تھے۔ 12 ۔اَور بُہت سے کاہِن اَور لاوی اَور آبائی سردار اَور بزُرگ جِنہوں نے پہلا گھر دیکھا تھا۔ جب اُن کی آنکھوں کے سامنے اِس گھر کی بُنیاد رکھّی گئی بڑی اُونچی آواز سے روئے۔ اَور بُہت سے لوگوں نے خُوشی کے باعِث اپنی آوازیں بُلند کر کے نعرے لگائے۔ 13 ۔کہ لوگ خُوشی کی للکار کی آواز کو لوگوں کے رونے کی آواز سے تمیز نہ کر سکے کیونکہ لوگ بڑے زور شور سے للکارتے تھے۔ اَور اُن کی آواز دُور دُور تک سُنائی دیتی تھی۔