باب

1 کوڑھ کی طہارت اور خُداوند نے موسیٰ سے کلام کر کے فرمایا۔ 2 کہ کوڑھی کے لئے اُس کی طہارت کے دن کی یہ شریعت ہے۔ وہ کاہن کے پاس لایا جائے۔ 3 تب کاہن خیمہ گاہ سے باہر جائے اور جب وہ دیکھے کہ کوڑھی درحقیقت کوڑھ کی بیماری سے اچھاہو گیا ہے۔ 4 تو کاہن حکم کرے کہ جس کی طہارت ہونے پرہے۔ اُس کے لئے دو زندہ پاک چڑیاں اور دیوار کی لکڑی اور سرخ کپڑے اور زُوفا لائیں۔ 5 اور کاہن حکم کرے کہ ایک چڑیا مٹی کے برتن میں زندہ پانی پر ذبح کی جائے۔ 6 اور وہ زِندہ چڑیا اور دیوار کی لکڑی اور سرخ کپڑے اور زُوفا کو لے۔ اور اُنہیں زندہ چڑیا کے ساتھ اُس چڑیا کے خون میں جو زندہ پانی پرذبح کی گئی ڈبوئے۔ 7 اور جس کی کوڑھ سے طہارت ہونے کو ہے۔ سات دفعہ چھڑکے اور اُسے پاک کرے۔ اور زندہ چڑیا کو میدان کی طرف چھوڑ دے۔ 8 تب وہ جس کی طہارت کی جاتی ہے۔ اپنے کپڑے دھوئے اور اپنے بدن کے سب بال منڈوائے اور پانی سے غسل کرے تو وہ پاک ہو گا اور بعد ازاں وہ خیمہ گاہ میں آئے لیکن سات دن تک اپنے خیمہ سے باہر رہے۔ 9 اور ساتویں روز اپنے سر کے سب بال اور اپنی داڑھی اور بھنویں اور اپنے سارے بدن کے بال منڈوائے اور اپنے کپڑے دھوئے اور اپنا بدن بھی پانی سے دھوئے۔ تو وہ پاک ہو جائے گا۔ 10 اور آٹھویں دن وہ دو بے عیب نر برّے اور ایک مادہ برّہ یک سالہ بے عیب۔ اور نذرکی قربانی کے لئے ایفہ کے تین دسویں حصے میدہ تیل میں ملا ہوااور ایک پیمانہ تیل لائے ۔ 11 اورپاک کرنے والا کاہن ۔اس شخص کوجس کو پاک کیا جاتا ہے۔خداوند کے سامنے خیمہ اجتماع کے دروازہ کے پا س حاضر کرے ۔ 12 اورکاہن ایک نر برہ جرم کی قربانی کے لئے مع تیل کے پیمانہ کے چڑھائے ۔اورانہیں ہلانے کی قربانی کے لئے خداوند کےسامنے ہلائے۔ 13 اوراس برے کو مقدس مقام میں جہاں کہ خطا کی قربانی اورسوختنی قربانی ذبح کی جاتی ہے ذبح کرے ۔کیونکہ یہ جرم کی قربانی خطاکی قربانی کی طرح کاہن کی ہے یہ نہایت پاک ہے ۔ 14 تب جرم کی قربانی خطا کی قربانی کے خون میں سے کچھ لے اوراس شخص کے جس کی طہارت کی جاتی ہے ۔دہنے کان کی نوک پراوردہنے ہاتھ کے انگوٹھے پراوردہنے پاوں کے انگوٹھے پرلگائے ۔ 15 اورکاہن تیل کے پیمانہ میں سے کچھ لے اور اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی پر ڈالے۔ 16 تب وہ اس تیل میں جو اس کی بائیں ہتھیلی پرہے اپنی دہنی انگلی ڈبوئے اوراس میں سے خداوند کے آگے سات دفعہ اپنی انگلی سے چھڑکے۔ 17 تب باقی تیل کو جو ا س کی ہتھیلی پر ہے لےاوراس شخص کےجس کی طہارت کی جاتی ہے دہنے کان کی نوک پر اوراس کےدہنے ہاتھ کے انگوٹھے پراوراس کے دہنے پاؤں کے انگوٹھے پرجرم کی قُربانی کے خون پر لگائے۔ 18 اور باقی تیل جو کاہن کی ہتھیلی پر ہے طہارت کئے جانے والے شخص کے سر پر ڈال دے ۔اورخداوند کے سامنے اس کاکفارہ دے ۔ 19 تب کاہن خطا کی قربانی چڑھائے ۔اوراس کی ناپاکی کے لئےجس کی طہارت کی جاتی ہے کفارہ دے ۔تب سوختنی قربانی کی ذبح کرے۔ 20 اورکاہن سوختنی قربانی اورنذرکی قربانی مذبح پر چڑھائے۔اورکاہن اس کے لئے کفارہ دے ۔تب وہ پاک ہوجائے گا۔ 21 اوراگر وہ غریب ہو اور اوراتنی توفِیق نہ رکھتاہو۔تووہ ایک برہ جُرم کی قربانی کاہلانے کے واسطے لائے تاکہ ا سکا کفارہ دیا جائے ۔اورنَذر کی قربانی کے لئے ایفہ کادسواں حصہ میدہ کاتیل میں ملا ہوااور ایک پیمانہ تیل ۔ 22 اوردو فاختائیں یاکبوتر کے دوبچے مقدور کے موافق لے ۔ایک ان میں سے خطا کی قربانی کے لئے اوردوسراسوختنی قربانی کے لئے۔ 23 انہیں اپنی طہارت کے آٹھویں روزکاہِن کےپا س خیَمہ اجتماع کے دورازہ پرخُداوند کےسامنے لائے۔ 24 تب کاہِن جرم کی قربانی کابرہ اورپیمانہ تیل کالے اورکاہن ان دونوں کو ہلانے کی قربانی کے لئے خُداوند کے سامنے ہلائے۔ 25 پھر وہ جرم کے برہ کو ذبح کرے۔اوراس کے خون میں سے لے کر اس شخص کے جس کی طہارت کی جاتی ہے ۔دہنے کان کی نوک پراور دہنے ہاتھ کے انگوٹھے پراوردہنے پاؤں کے انگوٹھے پر لگائے۔ 26 اورکاہن اس تیل میں سے کچھ اپنی بائیں ہتھیلی پر ڈالے ۔ 27 اور اُس میں سے جو اُس کی بائیں ہتھیلی پر ہے وہ اپنی دہنی اُنگلی سے سات دفعہ خُداوند کے سامنے چھڑکے۔ 28 اوراُس تیل میں سے جو اس کی ہتھیلی پر باقی ہے طہارت کئے جانے والے شخص کے دہنے کان کو نوک پر اوراس کے دہنے ہاتھ کے انگوٹھے پر اوراوراس کے دہنے پاؤں کے انگوٹھے پر جرم کی قُربانی کے خون پر لگائے۔ 29 اورباقی تیل جو کاہن کی ہتھیلی میں ہے طہارت کئے جانے والے شخص کے سرپر ڈالے ۔تاکہ اس کے لئے خُداوند کے سامنے کفارہ دے ۔ 30 تب وہ فاختاؤں میں سے ایک یاکبوتر کے بچوں میں سے ایک جس کااسے مقدور ہو گزرانے۔ 31 وہی جس کااسے مقدور ہوا ہو نذرکی قربانی سمیت ایک خطا کی قربانی کے لئے اوردوسرا سوختنی قربانی کے لئے ہوگا۔اورکاہن طہارت کئے جانے والے شخص کاخداوند کے سامنے کفارہ دے ۔ 32 یہ شریعت اس کے لئے ہے ۔جسے برص کی بیماری ہواورجسے طہارت کے لوازمات کامقدور نہیں۔ 33 اورخداوند نے موسیٰ اورہارون سے کلام کر کے فرمایا ۔ 34 جب کنعان کے ملک میں جو میں تمہیں مِلکیت کے لئے دوں گاداخل ہواور میں تمہاری ملکیت کے کسی گھر پر کوڑھ کی بلا لاؤں۔ 35 تو جس کاگھر ہے وہ کاہن کے پاس آکر خبر دے اورکہے کہ مجھے ایسا معلوم ہوتاہے کہ گھر میں کچھ بلا سی ہے 36 تب کاہِن حکم کرے کہ اُس گھر کو پیشتر اس کے کہ وہ بلا کے ملاحظہ کے لئے اُس میں داخل ہو خالی کریں تاکہ سب سامان جو گھر میں ہے ناپاک نہ ہو جائے اور بعد اس کے وہ گھر کے ملاحظہ کے لئے اُس میں داخل ہو۔ 37 اور وہ بلا پر نظر کرے۔ اگر گھر کی دیواروں پر اُس بلا کے چھوٹے چھوٹے نُقطے سبزی یا سرخی مائل دیکھنے میں دیوار پر گہرے معلوم پڑیں۔ 38 تو کاہن گھردروازہ سے باہر نکلے۔ اور سات دن تک اُسے قُفل لگائے۔ 39 ساتویں دن پھر آئے اور ملاحَظہ کرے تو اگر وہ بلا گھر کی دیواروں پر پھیل گئی ہو۔ 40 تب وہ حکم کرے کہ وہ پتھر جن پر وہ بلا ہے نکالے جائیں۔ اور شہر سے باہر ناپاک جگہ میں پھینکے جائیں۔ 41 اور کہ وہ گھر اندر سے چاروں طرف کھرچا جائے اورکھرچی ہوئی مٹی شہر سے باہر ناپاک جگہ میں پھینکی جائے۔ 42 اور کہ اُن پتھروں کی جگہ دوسرے پتھر لگائے جائیں۔ اور دوسری مٹی لی جائے اور گھر کو لیپا جائے۔ 43 اگر پتھروں کے نکالے جانے اور گھر کے کھرچے جانے اور اُس کے لیپے جانے کے بعد پھر وہ بلا گھر میں ظاہر ہو پڑے۔ 44 تب کاہن اندر جا کر ملاحظہ کرے۔ اگر وہ بلا گھر میں پھیل گئی ہو تو یہ گھر میں خراب کوڑھ ہے۔ اور وہ ناپاک ہے۔ 45 تب وہ گھر کو اُس کے پتّھروں اور لکڑیوں اور سب کو گروا دے اور اُنہیں شہر سے باہر ناپاک جگہ میں پھینکوا دے۔ 46 اورجو کوئی اُس گھر میں اُس کے قفل لگائےجانے کے دِنوں میں داخل ہوا وہ شام تک ناپاک رہے۔ 47 اور جو کوئی اُس اُس گھر میں سویا وہ اپنے کپڑے دھوئے۔ اور جس کسی نے اُس کے اندر کچھ کھایا۔ وہ اپنے کپڑے دھوئے۔ 48 اور اگر کاہن نے داخل ہوکر دیکھا ۔ کہ اِس گھر کے استرکاری جانے کے بعد وہ بلا نہیں پھیلی۔ تو وہ اُسے پاک قرار دے۔ کیونکہ وہ دُور ہوگئی۔ 49 تب وہ اُس گھر کی طہارت کے لئے دو چڑیاں اور دیوار کی لکڑی اور قرمز اور زُوفالے۔ 50 اور ایک چڑیا کو مٹی کے برتن میں زندہ پانی پر ذبح کرے۔ 51 اور دیوار کی لکڑی اور زُوفا اور قرمز اور زندہ چڑیا کو لے کر ذبح کی ہوئی چڑیا کے خون میں اور زِندہ پانی میں ڈبوئے۔ اور اُسے سات دفعہ گھر پر چھڑ کے۔ 52 اور چڑیا کے خون اور زندہ پانی اور زندہ چڑیا اور دیوار کی لکڑی اور زُوفا اور قرمز سے اُس گھر کو پاک کرے۔ 53 تب زندہ چڑیا کو شہر سے باہر میدان کی طرف چھوڑ دے۔اور اُس گھر کے لئے کفارہ دے تو وہ پاک ہوجائے گا۔ 54 یہ شریعت ہے برص کی سب اقسام کے لئے اور سعغہ کے لئے۔ 55 اور کپڑوں اور گھر کے برص کے لئے۔ 56 اور ورم اور آبلے اور چمکتے ہوئے داغ کے لئے۔ 57 تاکہ معلوم ہو جائے کہ کوئی چیز کب پاک یا ناپاک ہے۔ برص کی شریعت یہی ہے۔