باب

1 اَیُّوبؔ (اَوراَیُّوبؔ پِھر اپنی تمِثیل کی طرف لَوٹا اَور کہا کہ )۔ 2 زِندہ خُدا کی قسم جس نے میرے اِنصاف کو روکا ہے۔ اَور قادرِمُطلِق کی جس نے میرا حق چھین لیا ہے۔ 3 جب تک میری جان مُجھ میں ہے اَور خُدا کا دَم میرے نتھنوں میں ہے۔ 4 میرے ہونٹ ہر گز جُھوٹ کی بات نہ بولیں گے اَور نہ میری زُبان فریب کی بات کرے گی۔ 5 خُدا نہ کرے کہ میں تمہیں راست ٹھہراؤں۔ مَرتے دَم تک بھی مَیں اپنی دِیانت کونہ چھوڑُوں گا۔ 6 میں اپنی صداقت کو تھامے ہُوئے ہُوں اَور مَیں اِسے نہ چھوُڑوں گا۔ اَور میری زِندگی کے کِسی دِن بھی میرا دِل مُجھے ملامت نہ کرے گا۔ 7 پس میرا دُشمن بَدکار کی مِثل اَور میرا مُخالف شریر کی مانند ہو۔ 8 کیونکہ بے دِین کی اُمّید کیا ہے جب وہ دُعا کرتا ہے اَور اپنی رُوح کو خُدا کی طرف رجُوع کراتا ہے۔ 9 جب اُس پر آفت آپڑے تو کیا خُدا ُس کی فریاد سُنے گا؟ 10 کیا وہ قادرِ مُطلِق سے خُوش ہو گا۔ اَور تمام وقت خُدا کو پُکارے گا؟ 11 مَیں خُدا کے برتاؤ کی تمہیں تعلیم دُوں گا۔ اَور جو کُچھ قادرِ مُطلِق کے پاس ہے میں نہ چُھپاؤں گا۔ 12 بے شک تُم سب نے خُود دیکھا ہے۔ پھر کِس لئے بے سبب باطِل باتیں کرتے ہو۔ 13 ضوفر کی تیسری تقریر شریر کا حِصّہ خُدا کے نزدِیک یہی ہے۔ جو وہ قادرِ مُطلِق کی طرف سے پاتے ہیں۔ 14 اگر اُس کے بچّے بُہت ہیں تو تلوار کےلئے ہیں۔ اَور اُس کی اولاد روٹی سے سیر نہ ہوگی۔ 15 اور اُس کے باقی لوگ مرَ کر دفن ہوں گے۔ اَور اُس کی بیوائیں اُس پر نہ روئیں گی۔ 16 اگر وہ مٹِّی کی طرح چاندی کا ڈھیر لگائے۔ اَور گارے کی طرح کپڑے تیار کرے۔ 17 وہ بے شک تیاّر کرے۔ مگر صادِق اُسے پہنے گا۔ اَور بے گُناہ اُس کی چاندی بانٹ لے گا۔ 18 اُس نے مکڑی کی مانند اپنا گھر بنایا ہے۔ اَور اُس جھونپڑی کی طرح جِسے پاسبان کھڑی کرتا ہے۔ 19 دولت مند جب سوئے گا اپنے ساتھ کُچھ نہ لے جائے گا۔ وہ آنکھیں کھولے گا اَور کُچھ نہ پائے گا۔ 20 دہشت اُسے پانی کی طرح پکڑ لیں گی۔ اَور رات کو طوفان اُسے لے جائے گا۔ 21 مشرقی ہَوا اُسے اُڑا لے جاتی ہے۔ اَور اُس کی جگہ سے اُسے اُکھاڑ پھینکے گی۔ 22 خُدا اُس پر یہ پھینکے گااَور رحم نہ کرے گا۔ اگر ہو سکتا تو وہ اُس کے ہاتھوں سے بھاگ جاتا۔ 23 وہ اُس پر تالیاں بجائے گا۔ اَور اُس کی جگہ سے اُسے پُھنکار کر نِکال دے گا۔