زبُور اِلہٰی بادشاہ مُنصِف صادِق

1 ۔خُداوند سَلطنَت کرتا ہَے۔ زمین خُوشی کرے۔ جزائر کی کثرت شادمانی کرے۔ 2 ۔بادل اور تارِیکی اُس کے گرِد ہیں۔ عدل اَور اِنصاف اُس کے تخت کی بنیاد ہَیں۔ 3 ۔آگ اُس کے آگے آگے چلتی ہَے۔ اَور اُس کے مُخالِفوں کو چاروں طرف جَلا دیتی ہَے۔ 4 ۔اُس کی بجلیاں جہان کو روشن کرتی ہَیں۔ زمین دیکھ کر لرزاں ہَیں۔ 5 ۔خُداوند یعنی کُل دُنیا کے حُکمران کے حضُور۔ پہاڑ موم کی طرح پِگھل جاتے ہَیں۔ 6 ۔اَفلاک اُس کی صداقت بِیان کرتے ہَیں۔ سب قومیں اُس کا جلال دیکھتی ہَیں۔ 7 ۔جو تراشی ہوئی چیزوں کی پرسِتش کرتے ہَیں۔ اَور جو بُتوں پرفخر کرتے ہَیں۔ وہ سب شرمندہ ہو جاتے ہَیں۔ تما م مَعبُود اُس کے آگے سجَدہ کرتے ہَیں۔ 8 ۔اَے خُداوند ۔ صیون سُن کر خُوش ہوتا ہَے۔ اَور یہوُدؔاہ کے شہر شادمانی کرتے ہَیں۔ 9 ۔کیونکہ تُو اَے خُداوند تمام زمین پر بُلند و بالا ہَے۔ تُو تمام مَعبودوں کی نِسبت بُلند ترین ہَے۔ 10 ۔جو بَدی سے نفرت رکھتے ہَیں اُنہیں خُداوند عزیز جانتا ہَے۔ وہ اپنے برگُزیدوں کی جانوں کی حفاِظت کرتا ہَے۔ وہ اُنہیں شریروں کے ہاتھ سے چُھڑاتا ہَے۔ 11 ۔صادِقوں کے لئے نور بویاگیا ہَے۔ اَور راست دِلوں پر مُسرّت طُلُوع ہوتی ہَے۔ 12 ۔اَے صادِقو!خُداوند میں خُوش ہو۔ اَور اُس کے قُدُّوس نام کا شُکر کرو۔