زبُور شاہِ کونَین کی تعریف

1 ۔خُداوند کے لئے ایک نیا گیت گاؤ۔ اَے تمام مُمالِک خُداوند کے لئے گاؤ۔ 2 ۔خُداوند کے لئے گاؤ۔ اُس کے نام کو مُبارَک کہو۔ روزبروز اُس کی نجات کی بشارت دو۔ 3 ۔قوموں میں اُس کے جلال کا۔ اَور سب اُمّتوں میں اُس کے عجائبات کا بیان کرو۔ 4 ۔کیونکہ خُداوند عظیم ہَے اَور سِتائش کے لائِق ہَے۔ وہ سب مَعبودوں کی نِسبت زیادہ تعظیم کے لائق ہَے۔ 5 ۔کیونکہ اقوام کے تمام مَعبُود ہیچ ہَیں۔ پر خُداوند نے اَفلاک کو بنایا۔ 6 ۔عظمت اَور حشمت اُس کے حضُور ہَیں۔ قُدرت اَور جمال اُس کے مَقدِس میں ہَیں۔ 7 ۔اَے قوموں کے گھرانو! خُداوند سے خُداوند ہی سے حشمت اَور قُوّت منُسوب کرو۔ 8 ۔خُداوند سے اُس کے نام کی عظمت منسُوب کرو۔ ہدیہ لاؤ اَور اُس کی بارگاہوں میں آؤ۔ 9 ۔پاک آرائش سے خُداوند کو سجَدہ کرو۔ اَے ساری زمین اُس کے حضُور کانپتی رہ۔ 10 ۔قوموں کے درمیان مُنادی کرو کہ خُداوند سَلطنَت کرتا ہَے۔ اُس نے جہان قائم کِیا ہَے کہ وہ جُنبِش نہ کھائے۔ وہ اُمّتوں کا راستی سے اِنصاف کرتا ہَے۔ 11 ۔اَفلاک خُوش ہوں اَور زمین شادمانی کرے۔ سمُندر اَور اُس کی معمُوری شور مچائے۔ 12 ۔میدان اَور جو کُچھ اُس میں ہَے خُوشی کرے۔ بلکہ جنگل کے تمام درخت مسرُور ہوں۔ 13 ۔خُداوند کے حضُور۔ کیونکہ وہ آرہا ہَے۔ وہ آ رہا ہَے تاکہ دُنیا کی عدالت کرے۔ وہ عدل سے کُرہ اَرض کی۔ اَور اپنی سچّائی سے قوموں کی عدالت کرے گا۔