زبُور عِبادَت اَور اطاعت کی دعوت

1 ۔آؤ ہم خُداوند کے لئے نغمہ سرائی کریں۔ اپنی نجات کی چٹان کے لئے خُوشی سے للکاریں۔ 2 ۔اُس کے حضُور شُکر گُزاری کرتے ہُوئے آئیں۔ اَور گیت گاتے ہُوئے اُس کے آگے خُوشی کے نعرے ماریں۔ 3 ۔کیونکہ خُداوند خُدائے عظیم ہَے۔ اَور تمام مَعبُودوں پر شاہِ عظیم ہَے۔ 4 ۔اُسی کے ہاتھ میں زمین کے گہراؤ ہَیں۔ اَور پہاڑوں کی چوٹیاں بھی اُسی کی ہَیں۔ 5 ۔سمُندر اُسی کاہَے کیونکہ اُسی نے اُسے بنایا ہَے۔ اَور خُشکی بھی۔ جو اُس کے ہاتھو ں کی ساخت ہَے۔ 6 ۔آؤ ہم جُھکیں اَور سجَدہ کریں۔ اَور اپنے خالِق خُداوند کے آگے گھُٹنے ٹیکیں۔ 7 ۔کیونکہ وہی ہمار ا خُدا ہَے۔ بلکہ اُس کی ہِدایت کا گلّہ ہَیں۔ کا ش کہ آج تُم اُس کی آواز سُنو۔ 8 ۔ "تُم اپنے دِل کو سخت نہ کرو جیسا مِریؔبہ میں۔ یا جیسامساّؔہ کے دِن بِیابان میں کِیا تھا۔ 9 ۔جہاں تُمہارے اَجداد نے میرا اِمتحان کِیا۔ اَور میرے کاموں کو دیکھ کر بھی مُجھ آزمایا۔ 10 ۔چالیس برس تک مَیں اُس نسل سے بیزار رہا۔ اَور مَیں نے کہا کہ یہ گُمراہ دِل قوم ہَے۔ اَور وہ میری راہوں سے ناواقِف ہَیں۔ 11 ۔چُنانچہ مَیں نے اپنے غضب میں قَسم کھائی ہَے۔ کہ یہ میرے اِطمینان میں ہر گز داخِل نہ ہوں گے۔"