زبُور خُدا کی راست حُکومت

1 [ مزمُور۔ گیت۔ یُوم ِسبت کے لئے]۔ 2 ۔اَے حَق تعالیٰ۔ خُداوند کا شُکر ادا کرنا۔ اَور تیرے نام کی مَدح سَرائی خُوب ہَے۔ 3 ۔یعنی صُبح کے وقت تیری رحمت کا۔ اَور رات بھر تیری وفا کا اِظہارکرنا۔ 4 ۔دس تاروں کے سازاَور سارنگی پر۔ اَوربربط کے نغمے کے ساتھ۔ 5 ۔کیونکہ تُو اَے خُداوند اپنے کاموں سے مُجھے خُوش کرتا ہَے۔ مَیں تیرے ہاتھ کے کاموں کے سبب سے شادمانی کرتا ہُوں۔ 6 ۔اَے خُداوند تیرے کام کیا ہی عظیم ہَیں۔ تیرے خیالات کیا ہی عمِیق ہَیں۔ 7 ۔کم عقل اِنسان کو اِن باتوں کی خبر نہیں۔ اَور جاہِل کو اُن کی سمجھ نہیں۔ 8 ۔حالانکہ شریر گھاس کی مانند اُگتے ہَیں۔ اَور تمام بَدکردار لہلہاتے ہَیں۔ یہ اِس لئے ہَے کہ وہ ہمیشہ کے لئے فنا ہوں۔ 9 ۔جب کہ تُو اَے خُداوند اَبد تک بُلند ہَے۔ 10 ۔کیونکہ دیکھ اَے خُداوند تیرے دُشمن۔ دیکھ تیرے دُشمن ہلاک ہو جائیں گے۔ تمام بَدکردار پراگندہ ہو جائیں گے۔ 11 ۔تُو نے جنگلی سانڈ کی مانند۔ میرا سِینگ بُلند کِیا ہَے۔ تُو نے عُمدہ سے عُمدہ تیل سے مُجھے مَسح کِیا ہَے۔ 12 ۔اَور میری آنکھ نے میرے دُشمنوں پر نظر کی ہَے۔ اَور میرے خلاف کھڑے ہونے والے شریروں کی حسرت۔ میرے کانوں نے سُن لی ہَے۔ 13 ۔صادِق کھجُور کی طرح لہلہائے گا۔ وہ لُبناؔن کے دیودار کی طرح بڑھے گا۔ 15 14 ۔جو خُداوند کے گھر میں لگائے ہوئے ہَیں۔ وہ ہمارے خُدا کی بارگاہوں میں لہلہائیں گے۔ 15۔وہ بڑی عُمر میں بھی پھَل دیں گے۔ وہ تروتازہ اَور سرسبز ہوں گے۔ 16۔تاکہ ظاہرکریں کہ خُداوند یعنی میری چٹان کیا ہی راست ہَے اَور کہ اُس میں کوئی ناراستی نہیں۔