زبُور خُدا کی حفِاظت میں محفُوظ

1 ۔اَے تُو جو حَق تعالیٰ کی پناہ میں رہتا ہَے۔ اَور قادِر مُطلِق کے سائے میں سکونت کرتا ہَے۔ 2 ۔خُداوند سے کہہ کہ"اَے میری جائے پناہ اَور میرے قِلعہ۔ اَے میرے خُدا جس پر میرا توکُّل ہَے۔" 3 ۔کیونکہ وہ تُجھے صیّاد کے جال سے۔ اَور مُہلک وَبا سے رِہائی دے گا۔ 4 ۔وہ تُجھ پر اپنے پَروں سے سایہ کرے گا۔ اَور اُس کے بازوؤں کے نیچے تُجھے پناہ مِلے گی۔ اُس کی سچّائی تیرے لئے سِپر اَور ڈھال ہَے۔ 5 ۔نہ رات کی ہَیبت سے تُجھے ڈرنا پڑے گا۔ اَور نہ ہی دِن کو اُڑنے والے تِیر ہی سے۔ 6 ۔نہ اُس وَبا ہی سے جو تارِیکی میں چلتی ہَے۔ اَور نہ اُس ہلاکت ہی سے جو دوپہر کے وقت وِیران کرتی ہَے۔ 7 ۔تیرے آس پاس ہزار بھی گِر جائیں۔ اَور دس ہزار تیرے دہنے ہاتھ کی طرف۔ مگر تیرے نزدِیک وہ نہ آئے گی۔ 8 ۔پس تُو اپنی ہی آنکھوں سے یہ دیکھے گا۔ اَور شریروں کےاَنجام کو دیکھے گا۔ 9 ۔کیونکہ خُداوند تیری پناہ گاہ ہَے۔ اَور تُو نے حَق تعالیٰ کو اپنا مسکن بنا لیا ہَے۔ 10 ۔کوئی آفت تُجھ پر نہ آئے گی۔ اَور نہ کوئی بَلا ہی تیرے خَیمے کے نزدِیک پُہنچے گی۔ 11 ۔کیونکہ اُس نے اپنے فِرشتوں کو تیری بابت حُکم دِیا ہَے۔ کہ تیری سب راہوں میں تیری حفِاظت کریں۔ 12 ۔وہ تُجھے اپنے ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے۔ ایسا نہ ہو کہ تیرے پاؤں کو کِسی پتّھر سے چوٹ لگ جائے۔ 13 ۔تُو شیر ببر اَور اَفعی کو لتاڑے گا۔ جوان شیر اَور اَژدہا کو پامال کرے گا۔ 14 ۔"چُونکہ اُس نے مُجھ سے تعلّق رکھّا ہَے مَیں اُسے نجات دُوں گا۔ مَیں اُس کی حفاِظت کرُوں گا اِس لئے کہ اُس نے میرا نام پہچانا ہَے۔ وہ مُجھے پُکارے گا۔ تو مَیں اُس کی سُنوں گا۔ 15 ۔مُصِیبت کے وقت مَیں اُس کے ساتھ رہُوں گا۔ مَیں اُسے چُھڑاؤں گا اَور اُسے عزت بخشُوں گا۔ 16 ۔مَیں اُسے ایّام کی درازی سے آسُودہ کرُوں گا۔ اَور اپنی نجات اُسے دِکھاؤں گا۔"