زبُور دین دار کی دُعا بوقت ِ مُصِیبت

[مُناجات۔ ازداؔؤد] 1 ۔ اَے خُداوند اپنا کان جھُکا اَور میری سُن۔ کیونکہ مَیں غریب اَور مِسکِین ہُوں۔ 2 ۔میری جان کی حِفاظت کر کیونکہ مَیں دِیندار ہُوں۔ اپنے خادِم کو جس کا توکُّل تُجھ پر ہَے رِہائی دے۔ 3 ۔تُو میرا خُدا ہَے۔ اَے خُداوند مُجھ پر رحم کر۔ کیونکہ مَیں دِن بھر تیرے آگے فریادکرتا ہُوں۔ 4 ۔اپنے خادِم کے جی کو خُوش کر۔ کیونکہ اَے خُداوند مَیں تیری طرف اپنی رُوح کو اُٹھاتا ہُوں۔ 5 ۔اِس لئے کہ تُو اَے خُداوند نیک اَور غفُور ہَے۔ اَور اپنے تمام التجا کرنے والوں پر نہایت رحیم ہَے۔ 6 ۔اَے خُداوند میری دُعا سُن۔ اَور میری منت کی آواز پر کان دِھر۔ 7 ۔مَیں اپنی مُصِیبت کے دِن تُجھے پُکارتا ہُوں۔ اِس لئے کہ تُو میری سُن لے گا۔ 8 ۔اَے خُداوند مَعبوُدوں کے درمیان تُجھ سا کوئی نہیں۔ اَور تیری صنعتوں کی کوئی مثِل نہیں۔ 9 ۔وہ تمام قومیں آئیں گی جِن کو تُو نے خلق کِیا ہَے۔ اَور اَے خُداوند تُجھے سجَدہ کریں گی۔ اَور تیرے نام کی تمجید کریں گی۔ 10 ۔کیونکہ تُو عظیم اُلشان اَور عجیب کام کرنے والا ہَے۔ تُو ہی اکیلا خُدا ہَے۔ 11 ۔اَے خُداوند اپنی راہ مُجھے بتا تاکہ مَیں تیری سچّائی پر چلّوں۔ میرے دِل کو یک طرفہ کر تاکہ وہ تیرے نام سے خوف کھائے۔ 12 ۔اَے خُداوند میرے خُدا مَیں اپنے سارے دِل سے تیرا شُکر کرُوں گا۔ اَور اَبد تک تیرے نام کی سِتائش بجا لاتا رہُوں گا۔ 13 ۔کیونکہ مُجھ پر تیری بڑی رحمت ہَے۔ اَور تُو نے میری جان کو پاتال کی تہہ سے چُھڑایا ہَے 14 ۔اَے خُدا مغرُوروں نے مُجھ پر چڑھائی کی ہَے۔ اَور ظالمِوں کا ایک گروہ میری جان کے پیچھے پڑا ہَے۔ اَور وہ تُجھے اپنے پیِش ِنظر نہیں رکھتے۔ 15 ۔پر تُو اَے خُداوند خُدائے کریم و رحیم۔ بے حد صابر۔ بے حد شفیق اَور وفادار ہَے۔ 16 ۔میری طرف مُتوجہّ ہو اَور مُجھ پر رحم کر۔ اپنے خادم کو اپنی توانائی بخش۔ اَور اپنی بندی کے بیٹے کو نجات دے۔ 17 ۔مُجھے اپنے کرم کا کوئی نِشان دِکھا۔ تاکہ مُجھے نفرت کرنے والے دیکھ کر شرمندہ ہوں۔ اِس لئے کہ تُو نے اَے خُداوند میری مدد کی ہَے اَور مُجھے تسلّی بخشی ہَے۔