زبُور کامِل بَحالی کے لئے دُعا

[میر مُغّنی کے لئے۔ از بنی قوؔرح۔ مزمُور] 1 ۔اَے خُداوند تُو نے اپنی سَرزمین پر مہربانی کی ہَے۔ تُو نے یَعقُوبؔ کی قِسمت کو بدل دِیا ہَے۔ 2 ۔تُو نے اپنی اُمّت کی بَدی کو بخش دِیا ہَے۔ تُو نے اُن کی سب خطاؤں کو ڈھانپ دِیاہَے۔(سلِاہ) 3 ۔تُو نے اپنے غُصّے کو بِالکُل تھام لِیا ہَے۔ تُو اپنے غضب کی شِدّت سے باز آگیا ہَے۔ 4 ۔اَے ہمارے مُخِلّص خُدا۔ ہمیں واپس لا۔ اَور اپنی ناراضگی ہم سے دُور کر۔ 5 ۔کیا تُو اَبد تک ہم سے ناراض رہے گا؟ کیا تُو پُشت در پُشت اپنا غضب طویل کرتا جائے گا؟ 6 ۔کیا برعکس اِس کے تُوہمیں زِندہ نہ کرے گا؟ کیا تیری اُمّت تُجھ میں خُوش نہ ہوگی؟ 7 ۔اَے خُداوند اپنی شفقت ہمیں دکھا۔ اَور اپنی نجات ہمیں بخش۔ 8 ۔مَیں سُنوں گا کہ خُداوند خُدا کیا فرماتا ہَے۔ کیونکہ وہ اپنی اُمّت اَور اپنے برگُزیدوں سے۔ اَور اُن سےبھی سلامتی کا کلام کرے گا۔ جو دِل سے اُس کی طرف رجُوع کرتے ہَیں۔ 9 ۔یقیناً اُس سے ڈرنے والوں کے لئے اُس کی نجات قریب ہَے۔ تاکہ جلال ہماری سرزمین میں بسے۔ 10 ۔شفقت اَور سچّائی باہم مُلاقات کرے گی ۔ عدل اَور صُلح ایک دوسرے کا بوسہ لیں گے۔ 11 ۔زمین سے صداقت اُگے گی۔ اَور عدل آسمان پر سے نظر کرے گا۔ 12 ۔خُداوند ہی نیکی عطا کرے گا۔ اَور ہماری سَرزمین اپنا پھَل دے گی۔ 13 ۔عدل اُس کے آگے آگے چلے گا۔ اَور نجات اُس کے قدموں کی راہ میں چلے گی ۔