زبُور خُدا کے گھر کا اِشتِیاق

میر مُغّنی کے لئے ۔ بطرز "گتیت" از بنی قورؔح ۔ مزمُور 1 ۔اَے ربُّ الافواج۔ تیرے مَساکِن کیا ہی دِلکش ہَیں۔ 2 ۔میری جان خُداوند کی بارگاہوں کے لئے ۔ آرزُو مند ہَے بلکہ غمگین ہو تی ہَے۔ میرا دِل اور میرا جِسم زندہ خُدا کے لئے اِشِتیاق سے للکارتے ہَیں۔ 3 ۔چڑیا کو بھی ٹھکانا مِلتا ہَے۔ اَور ابابیل کوگھونسلا۔ جہاں اپنے بچّوں کو رکھّے۔ یعنی تیرے مذبحوں کے پاس اے ربُّ الافواج ۔ اَے میرے بادشاہ اَور میرے خُدا۔ 4 ۔اَے خُداوند مُبارَک ہَیں وہ جو تیرے گھر میں رہتے ہَیں۔ وہ تو ہمیشہ تیری سِتائش کرتے ہَیں۔ (سلِاہ) 5 ۔مُبارَک ہَے وہ آدمی جس کی قُوّت تُجھ سے ہَے۔ جب اُس کے دِل میں زِیارت کا خیال ہَے۔ 6 ۔وہ خُشک وادی میں سے گُزرتے ہُوئے۔ اُسے چشمہ بنا دیتے ہَیں۔ اَور پہلی بارش کی برکت اُسے مُلبّس کرتی ہَے۔ 7 ۔وہ قُوّت سے قُوّت تک چلتے جائیں گے۔ وہ صیون میں خُداؤں کے خُدا کو دیکھیں گے۔ 8 ۔اَے ربُّ الافواج۔ میری دُعا سُن۔ اَے یَعقُوبؔ کے خُدا۔ کان لگا۔ (سِلاہ) 9 ۔اَے خُدا ہماری سِپر کو دیکھ۔ اَور اپنے ممُسوح کے چہرے پر نِگاہ کر۔ 10 ۔یقیناً تیری بارگاہوں میں ایک دِن۔ کِسی اَور جگہ کے ہزار سے بہتر ہَیں۔ شیروں کے خَیموں میں رہنے کی نِسبت۔ اپنے خُدا کے گھر کی دہلیز پر کھڑا ہونا مُجھے زیادہ پسند ہَے۔ 11 ۔کیونکہ خُداوند خُدا آفتاب اَور سِپر ہَے۔ خُداوند فضل اَور جلال کا بخشنے والا ہَے۔ وہ اُن سے کوئی اچھّی چیز دریغ نہیں کرتا۔ جو دِل کی بے گُناہی میں چلتے ہَیں۔ 12 ۔اَے ربُّ الافواج۔ مُبارَک وہ شخص ہَے جو تُجھ پر بھروسا رکھتا ہَے۔