زبُور چاروں طرف حملہ آوری کے وقت دُعا

[گیت۔ مزمُور۔ از آسفؔ 1 ۔اَے خُداوند چُپ چاپ نہ رہ۔ اَے خُدا خاموش نہ رہ۔ بے حرکت نہ رہ۔ 2 ۔کیونکہ دیکھ تیرے دُشمن شور مچار ہے ہَیں۔ اَور جو تُجھ سے نفرت رکھتے ہَیں وہ سر اُٹھائے ہَیں۔ 3 ۔وہ تیری اُمّت کے خلاف فریب سے منصُوبے باندھتے ہَیں۔ اَور تیرے بچائے ہوؤں کے خلاف مشورہ کرتے ہَیں۔ 4 ۔وہ کہتے ہَیں کہ"آؤ ہم اُنہیں مِٹا دیں تاکہ یہ اُمّت ہی نہ رہیں۔" اَور بعد اَزاں اِسرؔائیل کا نام و نِشان نہ رہے۔ 5 ۔ہاں وہ یک دِل ہو کر مشورہ کرتے ہَیں۔ اَور تیرے خلاف عہد باندھتے ہَیں۔ 6 ۔اِدوؔم کے خَیمے اَور اِسماعیلی۔ موآؔب کے خَیمےاَور ہاجری۔ 7 ۔جبل اَور عّموؔن اَور عمالؔیِق ۔ فِلستؔین اَور صُوؔر کے باشِندے۔ 8 ۔بلکہ اسوری بھی اُن کےساتھ مِل گئے ہَیں۔ یہ بنی لوؔط کا بازُو بنے ہُوئے ہَیں۔ (سلِاہ)۔ 9 ۔تُو اُن کے ساتھ وہی سلُوک کر جو مِدیاؔن سے کیا تھا۔ یاسیسراسے ۔ یا وادی قیسون پر یابیؔن سے۔ 10 ۔جو عؔین دور کے پاس ہلاک ہُوئے۔ اَور زمین کے لئے کھاد بن گئے۔ 11 ۔اُن کے اُمراء کو عوریؔب اَور زئیؔب کی مثِل کر۔ اُن کے تمام رئیسوں کو زبح اَور ضُلمنؔع کی مانند۔ 12 ۔جِنہوں نے کہا تھا کہ "آؤ۔ ہم خُدا کے مَساکِن پر قبضہ کر لیں"۔ 13 ۔اَے میرے خُدا اُنہیں بگُولے میں پتّوں کی طرح کر۔ اَور ہوا کے سامنے بُھس کی مانند۔ 14 ۔جس طرح آگ جنگل کو جَلاتی ہَے۔ اَور جس طرح شُعلہ پہاڑوں کو جُھلس دیتا ہَے۔ 15 ۔اُسی طرح تُو اپنے طوُفان سے اُن کا تَعاقُب کر۔ اَور اپنی تُند ہَوا سے اُنہیں پریشان کر۔ 16 ۔اُن کے چہروں کو شرمِندگی سے بھر دے۔ تاکہ اَے خُداوند وہ تیرے نام کے طالِب ہو جائیں۔ 17 ۔وہ ہمیشہ کے لئے شرمِندہ اَور پریشان ہوں۔ وہ رُسوا ہوں اَور نیست و نابوُد ہوں۔ 18 ۔اَور جانیں کہ تُو۔ جس کا نام ہی خُداوند ہَے۔ تمام رُوئے زمین پر اکیلا بُلند و بالا ہَے۔