زبُور اِلٰہی مدد کے لئے دُعا

( میر مغّنی کے لئے۔ از داؤد ۔تذکرتا) 1 ۔ اَے خُدا۔ براہ کرم مُجھے بچا لے۔ اَے خُداوند۔ میری مدد کے لئے جلدی کر۔ 2 ۔ جو میری جان کے خواہاں ہَیں۔ وہ شرمندہ اَور خجل ہوں۔ جو میری ہلاکت سے خُوش ہَیں۔ وہ پیچھے ہٹ کر ذلیل ہو جائیں۔ 3 ۔ مُجھ پر واہ واہ کہنے والے۔ نہایت شرمِندہ ہو کر اُلٹے پھِریں۔ 4 ۔ جتنے تیرے طالب ہَیں۔ وہ سب تُجھ سے خُوش ہوں اَور شادمانی کریں۔ اَور تیری نجات کے مُشتاق۔ ہروقت کہا کریں " خُدا کی تعظیم ہو" 5 ۔ میں تو مِسکین و مُحتاج ہُوں۔ اَے خُدا ۔ میری طرف جلد آ۔ تُو ہی میرا مدد گار اَور میرا مُخلص ہَے۔ پس اَے خُداوند ۔دیر نہ کر۔