زبُور اِشاعت ایمان کے لئے قوموں پر برکت

( میر مغّنی کے لیے۔ تار دار سازوں کے ساتھ۔ زبور گیت) 1 ۔ خُدا ہم پر رحم کرے اَور ہمیں برکت بخشے۔ وہ اپنا چہرہ ہم پر جلوہ گر فرمائے۔(سِلاہ) 2 ۔ تاکہ زمین پر اُس کی راہ کی۔ اَور تمام قوموں میں اُس کی نجات کی پہچان ہو۔ 3 ۔ اَے خُدا۔ قومیں تیری سِتائش کریں۔ سب قومیں تیری سِتائش کریں۔ 4 ۔ اُمّتیں شادہوں اَور خُوشی منائیں۔ کیونکہ تُو راستی سے قوموں پر حُکومت اَور زمین پر اُمّتوں کی ہدایت کرتا ہَے۔(سِلاہ) 5 ۔ اَے خُدا قومیں تیری ستائش کریں۔ سب قومیں تیری ستائش کریں۔ 6 ۔ زمین نے اپنی پیداوار دے دی ہَے۔ خُدا ہمارے خُدا نے ہمیں برکت بخشی ہَے۔ 7 ۔ خُدا ہمیں برکت عطا فرمائے۔ اَور کُل حُدُودِ جہان اُس کا خوف کھائیں۔ اَے خُدا قومیں تیری ستائش کریں۔ سب قومیں تیری ستائش کریں۔