زبُور اِشتیاقِ خُدا

( زبور از داؤد۔ جس وقت وہ دشتِ یہُودؔاہ میں تھا) 1 ۔ اَے خُدا ۔تُو میرا خُدا ہَے۔ مَیں سَرگرمی سے تیری تلاش میں ہُوں۔ اُس خشک اَور پیاسی زمین کی مانند جہاں پانی نہیں ہوتا۔ میری جان تیری پیاسی اَور میرا جسم تیرا مُشتاق ہَے۔ 2 ۔ مَیں اسی طرح مَقدِس میں تُجھے تاکتا ہُوں۔ تاکہ تیری قُدرت اَور تیرے جلال کو دیکھُوں۔ 3 ۔ چُونکہ تیری شفقت زِندگی سے بہتر ہَے۔ میرے لبوں سے تیری تعریف ہوگی۔ 4 ۔ مَیں زِندگی بھر تجھے یُوں ہی مُبارَک کہا کرُوں گا۔ مَیں تیرا نام لے کر اپنے ہاتھ اُٹھا یا کرُوں گا۔ 5 ۔میری جان گویا گُودے اَور چربی سے سیر ہوگی۔ اَور میرا مُنہ مسُرور لبوں سے حمد کر ے گا۔ 6 ۔مَیں اپنے پلنگ پر تُجھے یاد کرکے۔ رات کی بیداری میں تُجھ پر دھیان کرُوں گا۔ 7 ۔ کیونکہ تُو میرا مدد گار بنا ہُؤا ہَے۔ اَور مَیں تیرے پَروں کے سائے میں شادمانی کرتا ہُوں۔ 8 ۔ میری جان تیرے پیچھےلگی رہتی ہَے۔ تیرا دست ِراست مُجھے سنبھالتا ہَے۔ 9 ۔ مگر جو میری جان کی ہلاکت کے دَرپے ہَیں۔ وہ پاتال میں چلے جائیں گے۔ 10 ۔ وہ تلوار کے حوالہ کئے جائیں گے۔ وہ گیدڑوں کا لُقمہ ہوں گے۔ 11 ۔ لیکن بادشاہ خُدا میں شادمان ہوگا۔ ہر کوئی جو اُس کی قسم کھاتا ہَے وہ فخر کرے گا۔ کیونکہ جھُوٹ بولنے والوں کا مُنہ بند کیا جائے گا۔