زبُوزبُور فقط خُدا پر توکُّل

( میر مغّنی کے لئے یدُو تون کے طور پر ۔ زبور از داؤد) 1 ۔ فَقط خُدا ہی میں میری جان اِطمینان سے ہَے۔ اُسی سے میری نجات ہَے۔ 2 ۔ فَقط وہی میری چٹان اَور میری نجات ہَے۔ وہی میرا قلعہ ہَے۔ مُجھے ہر گز جُنبِش نہ ہوگی۔ 3 ۔ تُم کب تک ایسے شخص پر حملہ کرتے اَور مِل کر اُسے گراتے رہو گے۔ جو جھُکی ہُوئی دِیوار ۔اَور ہِلتی ہُوئی باڑ کی مانند ہَے۔ 4 ۔ یقیناََ وہ مُجھے میرے رُتبہ سے گِرانے کا مشورہ کرتے ہَیں۔ وہ جھُوٹ سے خُوش ہوتے ہَیں۔ وہ اپنے مُنہ سے تو برکت دیتے ہَیں۔ پر دِل میں لعنت کرتے ہَیں۔ ( سِلاہ) 5 ۔ اَے میری جان فَقط خُدا میں اِطمینان سے رہ۔ کیونکہ اُسی سے میری اُمّید ہَے۔ 6 ۔فَقط وہی میری چٹان اَور میری نجات ہَے۔ وہی میرا قلعہ ہَے ۔ مُجھے ہرگز جُنبش نہ ہوگی۔ 7 ۔ میری نجات اَور میری شوکت خُدا ہی کے پاس ہَیں۔ وہی میری قُوّت کی چٹان ہَے۔ خُدا میری جائے پناہ ہَے۔ 8 ۔ اِے لوگو۔ ہر وقت اُس پر توکُّل کرو۔ اپنے دِل اُس کے سامنے کھول دو۔ خُدا ہماری جائے پناہ ہَے۔(سِلاہ) 9 ۔ اہلِ عوام فَقط دَ م ہی ہَیں۔ اہلِ حواض جھُوٹے ہَیں۔ وہ ترازو میں اُوپر ہو جاتے ہَیں۔ وہ سب کے سب دَم سے بھی ہلکے ہَیں۔ 10 ۔ظلم پر تکَیہ نہ کرو۔ لُوٹ مار کرنے پر نہ پھُولو۔ دولت بڑھ بھی جائے تو اُس پر دِل نہ لگاؤ۔ 11 ۔ خُدا نے ایک بات فرمائی ہَے۔ یہ دو باتیں مَیں نے سُنی ہَیں۔ کہ " قُدرت خُدا ہی کی ہَے" 12 ۔اَور " شفقت بھی اَے خُداوند تیری ہی ہَے" کیونکہ تُو ہر شخص کو اُس کے عمل کے مُطابق بدلہ دیتا ہَے۔