زبُور خُون خوار دُشمن کے خلاف دُعا

( میر مغّنی کے لئے۔ " ہلاک نہ کر۔ " از داؤد۔ مِکتام جس وقت ساؤل نے اُس کے گھر پر پہرا لگا دِیا تھا۔تاکہ وہ اُسے قتل کر دیں) 1 ۔ اَے میرے خُدا ۔مُجھے میرے دُشمنوں سے چھُڑا۔ میرے خلاف اُٹھنے والوں کے مُقابلہ میں میری حمایت کر۔ 2 ۔ بَد کرداروں سے مجھے چھُڑا۔ اَور خُون خوار آدمیوں سے مجھے بچا۔ 3 ۔ کیونکہ دیکھ۔ وہ میری جان کی گھات میں ہَیں۔ زبردست لوگ میرے خلاف مُتفق ہوئے ہَیں۔ اے خداوند مجھ میں نہ توخطا ہے اور نہ گناہ۔ 4 ۔ وہ بغیر میرے کِسی قصُور کے میرے خلاف دَوڑ دَوڑ کر تیاری کرتے ہَیں۔ جاگ۔ میری کُمک کو آ۔ اَور دیکھ۔ 5 ۔ کیونکہ تُو اَے ربُّ الا فواج اِسرائیؔل کا خُدا ہَے۔ اُٹھ سب قوموں کا مُحاسبہ کر۔ تُو کِسی غَدّا رپر ترس مت کھا۔ (سِلاہ) 6 ۔ وہ شام کو لوٹتے اَور کتّوں کی طرح غُرّاتے۔ اَورشہر میں کُوچہ گردی کرتے ہَیں۔ 7 ۔ دیکھ۔ وہ اپنے مُنہ سے لاف مارتے ہَیں۔ اُن کے لبوں پر کُفر کی باتیں ہَیں۔ "کون ہَے جو سُنے !" 8 ۔ پر تُو اَے خُدا وند اُن پر ہنستا ہَے۔ تُو تمام قوموں کو ٹھٹھوں میں اڑاتا ہَے۔ 9 ۔ اَے میری قُوّت ۔تُجھ پر میرا اعتبار ہوگا۔ کیونکہ تُواَے خُدا۔ میرا قلعہ ہَے۔ 10 ۔ میرا خُدا۔ میرا شفیق! خُدا میری کُمک کو آئے۔ مُجھے میرے دُشمنوں پر خُوش ہونے دے۔ 11 ۔ اَے خُدا۔ اُنہیں قتل کر ۔ایسانہ ہو کہ میری قوم کو گُمراہ کر دیں۔ اپنی قدرت سے اُنہیں بے قراری میں ڈال اَور پست کر دے۔ اَے خُداوند۔اَے ہماری سِپر! 12 ۔ اُن کے مُنہ کا گُناہ اُن کے لبوں کا کلام ہَے۔ اَور وہ اپنے غُرور اَور لعن طعن اَور جھُوٹ کے باعِث گِر فتار ہوں۔ 13 ۔ غضب میں اُنہیں فنا کر ۔فناکر یہاں تک کہ وہ نیست ہوجائیں۔ تاکہ مشُہور ہو جائے کہ خُدا یَعقُوؔب پر۔ بلکہ زمین کی اِنتہا تک حُکمران ہَے۔(سِلاہ) 14 ۔ وہ شام کو لوٹتے اَور کتّوں کی طرح غُرّاتے اَور شہر میں کُوچہ گردی کرتے ہَیں۔ 15 ۔ وہ کھانے کی تلاش میں مارے مارے پھرتے ہَیں۔ اَور جب سیر نہ ہوں تو روتے ہَیں۔ 16 ۔ لیکن مَیں تیری قدرت کا گیت گاؤں گا۔ اور فجر ہی کو تیری شفقت کی ستائش کروں گا۔ کیونکہ تُو میرقلعہ بنا ہُؤا ہَے۔ بلکہ میری مُصیبت کے دِن کے لئے میری جائے پناہ ہَے۔ 17 ۔ اَے میری قُوّت ۔ مَیں تیری حمد سرائی کرُو ں گا۔ کیونکہ تُو اَے خُدا میرا قلعہ ہَے۔ میرا خُدا۔ میرا شفیق!