زبُور تائب کی دُعا

( میر مغّنی کے لئے۔ زبور از داؤد۔ اُس کے بیت سبع کے پاس جانے کے بعد جب ناتؔن بنی اُس کے پاس آیا۔) 1 ۔ اَے خُدا ۔اپنی رحم دِلی کے مُطابِق مُجھ پر رحم کر۔ اَور اپنی رحمتوں کی کثرت کے مُطابق میرے گُناہ مِٹادے۔ 2 ۔ میری بَدی کو اچھّی طرح سے مُجھ سے دھو ڈال۔ اَور میری خطا سے مُجھے پاک کر۔ 3 ۔ کیونکہ مَیں اپنی نا راستی سے واقِف ہُوں۔ اَور میرا گُناہ ہر وقت میرے پیش ِنگاہ ہَے۔ 4 ۔ مَیں نے صِرف تیرا ہی گناہ کیا ہَے۔ اَور مُجھ سے وہ کام ہُؤا ہَے جو تیری نظر میں بُرا ہَے۔ تاکہ تُو اپنے فتویٰ میں عادِل۔ اَور اپنے اِنصاف میں بے اِلزام ٹھہرے۔ 5 ۔ دیکھ مَیں نے خطا کی حالت میں صُورت پکڑی۔ اَور گُناہ کی حالت میں اپنی ماں کے بطن میں پڑا۔ 6 ۔دیکھ تُو صداقت ِدل کو پسند کرتا ہَے۔ اَور باطِن میں مُجھے حِکمَت سِکھاتا ہَے۔ 7 ۔ زُوفا سے مُجھے پاک کر تو مَیں صاف ہو جاؤں گا۔ مُجھے دھو ڈال تو مَیں برف سے زیادہ سفید ہو جاؤں گا۔ 8 ۔ مُجھے خُوشی اَور خُر می کی باتیں سُنا۔ جو ہڈیاں تُو نے توڑ ڈالیں وہ شادمانی کریں۔ 9 ۔ میرے گُناہوں سے چشم پوشی کر۔ اَور میری سب خطاؤں کو مِٹا دے۔ 10 ۔ اَے خُدا مُجھ میں ایک پاک دِل پیدا کر۔ اَور نئے سِرے سے ایک مُستقیم رُوح میرے باطِن میں ڈال۔ 11 ۔اپنے چہرے کے سامنے سے مُجھے خارِج نہ کر۔ اَور اپنی پاک رُوح مُجھ سے الگ نہ کر۔ 12 ۔ اپنی نجات کی شادمانی مُجھے پھِر عنایت کر۔ اَور اِستعداد رُوح سے مُجھے مضبوط کر۔ 13 ۔ مَیں خطا کاروں کو تیری راہیں سِکھاؤں گا۔ اَور گُنہگار تیری طرف رجُوع لائیں گے۔ 14 ۔ اَے خُدا۔ اَے میرے مُخلِص خُدا۔ مُجھے خُون کے جُرم سے چھُڑا۔ میری زُبان تیری صداقت سے مسُرور ہو۔ 15 ۔ اَے خُداوند ۔ میرے ہونٹوں کو کھول دے۔ تو میرا مُنہ تیری تعریف بیان کرے گا۔ 16 ۔ تُو تو ذبیحہ پسند نہیں کرتا۔ اَور اگر مَیں سوختنی قُربانی بھی دُوں ۔ تو تُو خُوش نہیں ہوتا۔ 17 ۔اَے خدا شکستہ روح میری قربانی ہوگی۔ اَے خُدا ۔شِکسَتہ اَور خاک نِشین دِل کو حقیر نہ جانے گا۔ 18 ۔ اَے خُداوند ۔اپنے کرم کے مُطابق صیُوؔن کے ساتھ بھلائی کر۔ اَور یُروشلیؔم کی دِیواروں کو از سر نَو تعمیر کر۔ 19 ۔ تب تُو لائق قُربانیاں نذرانے اَور ذَبیحے قبُول کرے گا۔ اَور تیرے مذبح پر بچھڑے چڑھائے جائیں گے۔