زبُور اِلہیٰ مددکے لئے دُعا

1 ( میر مغنی کےلئے۔ بانسلیوں کے ساتھ زبور از داؤد) 2 ۔ اَے خُداوند میری باتوں پر کان لگا۔ میرے آہ بھرنے پر توجّہ کر۔ 3 ۔میری فریاد کی آواز سُن۔ اَے میرے بادشاہ ! اَے میرے خُدا۔ 4 ۔ کیونکہ اَے خُداوند مَیں تُجھ سے مَنت کرتا ہُوں۔ تُو صُبح کو میری آواز سُنتا ہَے۔ صُبح ہی کو مَیں اپنی فریاد تیرے آگے رکھّ کر اِنتظار کرتا ہُوں۔ 5 ۔ کیونکہ تُو ایسا خُدا نہیں جو شرارت سے خُوش ہو۔ بَدکار تیرے نزدیک رہ نہیں سکتا۔ 6 ۔اَور نہ گھمنڈی تیرے حضور کھڑے ہوتے ہیں۔ تجھے تمام بدکرداروں سے نفرت ہَے۔ 7 ۔ تُو اُن سب کو جو جھُوٹ بولتے ہَیں ہلاک کرتا ہَے۔ خُون خوار اَور دغا باز شخص سے خُداوند کو سخت نفرت ہَے۔ 8 ۔ لیکن مَیں تیری رحمت کی کثرت کے باعِث تیرے گھر میں داخِل ہُوں گا۔ اَے خُداوند مَیں تیرے خوف میں تیری مُقدّس ہَیکل کی طرف رُخ کرکے سجدَہ کرُوں گا۔ 9 ۔ میری دُشمنوں کے باعِث مُجھے اپنی صداقت میں چلا۔ میرے آگے آگے اپنی راہ ہموار کر۔ 10 ۔ کیونکہ اُن کے مُنہ میں خلُوص نہیں۔ اُن کے دِل میں شراتیں سُوجھتی ہَیں۔ اُن کا گلا کھُلی قبر ہَے۔ وہ اپنی زُبان سے خُوشامد کرتے ہَیں۔ 11 ۔ اَے خُدا تُو اُنہیں تنبیہہ کر۔ وہ اپنے ہی مشوروں سے گِر پڑیں۔ اُن کے کثیر گُناہوں کے سبب سے اُنہیں خارِج کر دے کیونکہ وہ تیرے خلاف سرکش بنے ہُوئے ہَیں۔ 12 ۔ مگر تیرے تمام پناہ گیر شادمانی کریں۔ وہ اَبد تک خُوشی سے للکاریں۔ اَور تُو اُن کی نِگہبانی کرے ۔اَور وہ تُجھ میں خُوش رہیں۔ جو تیرے نام کو عزیز رکھتے ہَیں۔ 13۔ کیونکہ اَے خُداوند تُو صادق کو برکت دے گا۔ اَور اُسے کَرم سے سِپر کی طرح ڈھانپ لے گا۔