زبُور خداپر پُر مسرت توکل

1 ۔ ( میر مغنی کےلیے۔ تار دار سازوں کے ساتھ۔ زبور از داؤد) 2 ۔ جب مَیں پُکاروں تو میری سُن۔ اَے میرے خُدا ئے عادِل ۔ تنگی میں تُو مُجھے کُشاد گی بخشی ہَے۔ مُجھ پر رِحم فرما اَور میری دُعا قبُول کر 3 ۔ اَے بنی آدم ۔ تُم کب تک کاہِل مزاج رہو گے۔ تُم کِس لئے بطالت کو پیار کرتے ہو۔ اَور جھوٹ کے درپے رہو گے۔(سِلاہ) 4 ۔ یہ جان لو کہ خُداوند اپنے برگُزیدہ کو عجیب بناتا ہَے۔ جب مَیں اُسے پُکاروں گا توخُداوند میری سُن لے گا۔ 5 ۔ تھر تھراؤ اَور گُنا نہ کرو۔ اپنی خواب گاہوں میں اپنے دِل میں۔ سوچو اَور خاموش رہو۔(سِلاہ) 6 ۔ راست قُربانیاں گُزرانو۔ اَور خُداوند پر توکُل کرو۔ 7 ۔ بُہترے کہتے ہیں کہ کون ہمیں نیکی دِکھائے گا۔ اَے خُداوند اپنے چہرے کا نُور ہم پر جلوہ گر فرما۔ 8 ۔ تُو نے میرے دِل کو اُس سے زیادہ خُوشی بخشی ہے۔ جو اُنہیں اُن کے غلے اَور مَے کی فراوانی سے ہوتی ہَے۔ مَیں لیٹ کر اُسی وقت سلامتی سے سوتا ہُوں۔ کیونکہ اَے خُداوند فَقط تو ہی مُجھے مُطمَن رکھتا ہے۔