زبُور بیماری کے بعد شکُر گُزاری

1 ۔( میر مغّنی کے لئے ۔زبور از داؤد) 2 ۔ مُبارَک ہَے وہ جو مِسکین و محتاج کا خیال کرتا ہَے۔ خُداوند اُسے مُصیبت کے دِن چھُڑائے گا۔ 3 ۔ خُداوند اُس کی حفاظت کرے گا اَور اُسے زِندہ رکھّے گا۔ اَور زمین پروہ مُبارَک ہوگا۔ اَور اُس کے دُشمنوں کی مرضی پر اُسے نہ چھوڑے گا۔ 4 ۔ خُداوند اُسے دَرد کے بِستر پر سنبھالے گا۔ اُس کی بیماری میں وہ اُس کی ساری کمزوری کو دُور کرے گا۔ 5 ۔ مَیں کہتا ہُوں کہ اَے خُداوند مُجھ پر رحم کر۔ مُجھے شِفا دے۔ کیونکہ مَیں نے تیرا گُناہ کِیا ہَے۔ 6 ۔ میرے دُشمن میرے خلاف بُری باتیں کہتے ہَیں۔ کہ یہ کب مَرے گا اَور کب اِس کا نام مِٹ جائے گا۔ 7 ۔ اَور وہ جو میری عیادَت کے لئے آتا ہَے۔ جھُوٹی باتیں بتاتا ہَے۔ اُس کا دِل اپنے اندر بَدی جمع کرتا ہَے۔ جس کا وہ باہر جا کر ذِکر کرتا ہَے۔ 8 ۔ جو مُجھ سے کینہ رکھتے ہَیں وہ میرے خلاف غیبت کرتے ہَیں۔ وہ میری بابت بُری باتیں سوچتے ہَیں۔ 9 ۔"اسے تو بُری وَ با لگ گئی ہَے" 10 ۔ بلکہ میرے اُس ہمدم نے بھی جس پر میرا بھروسا تھا۔ اَور میری روٹی کھاتا تھا۔ اُس نے مُجھ پر لات اُٹھائی ہَے۔ 11 ۔ مگر تُو اَے خُداوند مُجھ پر رحم کر۔ اَور مُجھے اُٹھا کھڑا کر تاکہ اُنہیں بدلہ دُوں۔ 12 ۔ اِس سے مَیں جان لُوں گا کہ تُو مُجھ سے خُوش ہَے۔ کہ میرا دُشمن مُجھ پر فخر نہ کرے گا۔ مگر تُو مُجھے میری بے گُنا ہی میں قیام بخشے گا۔ 13 ۔اَور اپنے حضور اَبد تک قائم رکھّے گا۔ خُداوند اِسرائیؔل کا خدا 14۔ اَزل سے اَبد تک مُبارَک ہو۔ آمین ثُم آمین۔