زبُور مدد کے لئےدُعا

1 ۔ ( میر مغّنی کے لیے ۔زبور از داؤد) 2 ۔ مَیں نے توقع رکھّی ہَے خُداوند پر توقع رکھّی ہَے۔ تو اُس نے میری طرف توجّہ کی اَور میری فریاد سُن لی۔ 3 ۔ اَور اُس نے مُجھے ہلاکت کے گڑھے۔ اَور غلاظت کی دَلدَل سے نِکالا۔ اَور میرے پاؤں کو چٹان پر رکھّا۔ اَور میرے قدموں کو مُستحکم کِیا۔ 4 ۔ اُس نے ایک نیا گیت میرےمُنہ میں ڈالا۔ ہمارے خُدا کے لئے ایک ترانہ حمد۔ بہُتیرے دیکھیں گے اَور خوف کھائیں گے۔ خُداوند پر توکُّل کریں گے۔ 5 ۔مُبارَک ہَے وہ آدمی جس نے خُداوند پر توکُّل رکھّا ہُؤا ہَے۔ مغروروں اَور دروغ دوستوں کی طرف مائل نہیں ہوتا۔ 6 ۔ اَے خُداوند میرے خُدا۔ تُو نے اپنے عجائبات کو کثیر اُلتعداد کر دِیا ہَے۔ اَور کوئی نہیں جو ہماری بابت تدبیریں کرتے ہُوئے تیری مِثل ہو۔ اگر مَیں اُن کا ذِکر اَور بیان کرنا چاہوں۔ تو وہ اِس قدر زیادہ ہَیں کہ شُمار میں نہیں آتے۔ 7 ۔قُر بانی یا نذ رانہ تُو نے نہیں چاہا۔ لیکن تُو نے میرے کان کھولے ہَیں۔ سوختنی قُربانی یا خطا کی قربانی تو نے طلب نہیں کی۔ 8 ۔ تب مَیں نے کہا ۔دیکھ مَیں آیا ہُوں۔ کتاب کے طُور مار میں میری بابت لِکھا ہَے۔ 9 ۔ اَے میرے خُدا مَیں اِس میں خُوش ہُوں کہ تیری مرضی بجا لاؤُں۔ اَور تیری شریعت میرے قلب کے عین درمیان ہَے۔ 10 ۔ مَیں نے بڑی محِفل میں صداقت کی بشارت دی ہَے۔ دیکھ۔ اَ ے خُداوند تُو جانتا ہَے ۔ مَیں نے اپنے لبوں کو بند نہیں رکھّا۔ 11 ۔ مَیں نے تیری صداقت اپنے دِل میں چھُپا نہیں رکھّی۔ بلکہ تیری وفاداری اَور تیری نجات کابیان کِیا ہَے۔ مَیں نے بڑی محفل سے۔ تیری شفقت اَور سچّائی پوشیدہ نہیں رکھّی۔ 12 ۔ تُو اَے خُداوند اپنی رحمتیں مُجھ سے روک نہ رکھّ۔ تیری شفقت اَور تیری سچّائی ہر وقت میری حفاظت کریں۔ 13 ۔ کیونکہ بے شُمار بَدیوں نے مُجھے گھیر لِیا ہَے۔ میرے گُناہوں نے مُجھے آ پکڑا یہاں تک کہ مَیں دیکھ نہیں سکتا۔ وہ میرے سے کے بالوں سے بھی زیادہ ہَیں۔ سو میرا دِل ٹوٹ گیا ہَے۔ الٰہی مدد کے لئے دُعا 14 ۔ اَے خُداوند براہِ کرم مُجھے بچا لے۔ اَے خُداوند میری مدد کے لیے جلدی کر۔ 15 ۔ جو میری جان کو ہلاک کرنے کے خواہاں ہَیں۔ وہ سب کے سب شرمِندہ اَور خجل ہوں۔ جو میری ہلاکت سے خُوش ہَیں۔ وہ پیچھے ہٹ کر ذلِیل ہو جائیں۔ 16 ۔ مُجھ پر واہ واہ کہنے والے۔ نہایت شرمِندہ ہو کر پریشان ہو جائیں۔ 17 ۔ جِتنے تیرے طالِب ہَیں۔ وہ سب تُجھ سے خُوش ہوں اَور شادمانی کریں۔ اَور تیری نجات کے مُشتاق۔ ہر وقت کہا کریں " خُداوند کی تعظیم ہو" 18۔ مَیں تو مِسکین و مُحتاج ہُوں۔ پر خُداوند میری فِکر کرتا ہَے تُو ہی میرا مدد گار اَور میرا مُخلِّص ہَے۔ پس اَے میرے خُدا ۔دیر نہ کر۔