زبُور الہٰی پروردگاری کی تمجید

1 ۔ اَے صادِقو خُداوند میں نہایت شادمان ہو۔ راستبازوں کو حمد سرائی زیبا ہَے۔ 2 ۔ بربط کے ساتھ خُداوند کا شکُر کرو۔ دس تار کی سارِنگی کے ساتھ اُس کی حمد سرائی کرو۔ 3 ۔ اُس کے لئے ایک نیا گیت گاؤ۔ بُلند آواز سے گاؤ اَور مہارت سے بجاؤ۔ 4 ۔ کیونکہ خُداوند کا کلام راست ہَے۔ اَو اُس کے سب کام وفاداری کے ہَیں۔ 5 ۔ صداقت اَور اَنصاف اُسے پسند ہیں۔ زمین خُداوند کی شفقت سے معمُور ہَے۔ 6 ۔ آسمان خُداوند کے کلام سے۔ اَور اُس کا تمام لشکر اُس کے مُنہ کے دَم سے بنایا گیا۔ 7 ۔وہ سُمندر وں کا پانی گویا مَشک میں جمع کرتا ہَے۔ وہ سمندروںکو مخزنوں میں رکھتا ہے۔ 8 ۔ تمام زمین خُدا وند سے ڈرے۔ جہان کے سب باشندے اُس کا خوف رکھیں۔ 9 ۔ کیونکہ اُس نے فرمایا۔ اَور خلق ہُؤا۔ اُس نے حُکم دِیا۔ اَور قائم ہُؤا۔ 10 ۔ خُداوند قوموں کے منصوبوں کو باطِل کرتا ہَے۔ وہ امُتوں کی تدبیر کو رَدّ کرتا ہَے۔ 11 ۔ خُداوند کی تجویز اَبد تک قائم رہتی ہَے۔ اَور اُس کے دِل کی تدبیر نسل در نسل 12 ۔مُبارَک ہَے وہ قوم جس کا خُدا خُداوند ہَے۔ وہ اُمّت جسے اُس نے اپنی مِیَراث کے لئے چُن لیا ہَے۔ 13 ۔ خُداوند آسمان پر سے دیکھتا ہَے۔ سب بنی نَوع اِنسان پر اُس کی نِگاہ ہَے۔ 14 ۔ وہ اپنی جائے سکُونت سے۔ زمین کے تمام باشِندوں پر نظر کرتاہَے۔ 15 ۔ وہ جس نے اُن سب کے دِلوں کو خلق کِیا۔ اَور اُن کے سب افعال کا خیال رکھتا ہَے۔ 16 ۔ فوج کی فراوانی سے کوئی بادشاہ غالِب نہیں ہوتا۔ طاقت کی کثرت سے کوئی جنگجو نجات نہیں پاتا۔ 17 ۔ فتح مندی کے لیے گھوڑا بے کار ہَے۔ کِتنا ہی قَوی کیوں نہ ہو وہ بچا نہیں سکتا۔ 18 ۔ دیکھو خُداوند کی نِگاہ اُن پر ہَے جو اُس سے ڈرتے ہَیں۔ اُن پر جِن کی اُمّید اُس کی شفقت پر ہَے۔ 19 ۔ تاکہ اُن کی جانوں کو مَوت سے چھُڑائے ۔ اَور قحط میں اُنہیں صحیح و سالم رکھّے۔ 20 ۔ ہماری جان خُداوند کی مُنتظر ہَے۔ وُہی ہماری کُمک اَور ہماری سِپر ہَے۔ 21 ۔ سو ہمارا دِل اُس میں شادمان ہَے۔ ہمارا توکُّل اُس کے قُدّوس نام پر ہَے۔ 22 ۔ اَے خُداوند جیسی تُجھ سے ہماری اُمّید ہَے۔ ویسی ہی تیری رحمت ہم پر ہو۔