زبُور عرض و شکُر گزاری

1 ۔( از داؤد) اَے خُداوند مَیں تُجھے پُکارتا ہُوں۔ اَے میری چٹان میری طرف بے توجّہ نہ ہو۔ ایسا نہ ہو کہ اگر تُو میری طرف سے خاموش رہے۔ تو مَیں اُن کی مانند بنُوں جو گڑھےمیں اُترتے ہَیں۔ 2 ۔تُو میری مِنّت کی آواز سُن جب مَیں تُجھے پُکارُوں۔ جب مَیں اپنے ہاتھ تیری مُقدّس ہَیکل کی طرف اُٹھاؤں 3 ۔مُجھے اُن شریروں اَور بَد کر داروں کے ساتھ گھِسیٹ نہ لے جا۔ جو اپنے ہمسایوں سے میٹھی میٹھی باتیں کرتے پر اپنے دِلوں میں بَدی رکھتے ہَیں۔ 4 ۔ اُن کے اَفعال کے مُطابق۔ اَور اُن کے اَعمال کی بُرائی کے مُوافق اُنہیں بدلہ دے۔ اُن کے ہاتھوں کے کام کے مُطابِق اُن سے سلُوک کر۔ اُن کا عِوض اُنہیں دے۔ 5 ۔چُونکہ وہ خُداوند کے کاموں اَور اُس کی دستکاری پر غور نہیں کرتے۔ اِس لیے وہ اُنہیں فنا کر دے گا اَور پھر بحال نہ کرے گا۔ 6 ۔خُداوند مُبارَک ہو کیونکہ اُس نے میری مِنّت کی آواز سُن لی ہَے۔ 7 ۔خُداوند ۔ جو میری قُوّت اَور میری سِپر ہَے۔ اُس پر میرےدِل نے تو کُّل کِیا ہَے۔ اَور مُجھے مدد ملی ہَے۔ اِس لیے میر ادِل شادمان ہَے۔ اَور مَیں اپنے گیت سے اُس کی حمد کرتا ہُوں۔ 8 ۔خُداوند اپنی اُمّت کی قُوّت ہَے۔ وہ اپنے ممسُوح کے لئے نجات کا قلعہ ہَے۔ 9 ۔اپنی اُمّت کو نجات دے ۔اَور اپنی مِیَراث کو برکت دے۔ اُن کی پاسبانی کر۔ اَور ہمیشہ تک اُنہیں سنبھالے رہ۔