زبُور بے گُناہ کی دُعا

1 ۔( از داؤد) اَے خُداوند میرا اِنصاف کر۔ کیونکہ مَیں اپنی بے گُنا ہی سے چلتا رہا ہُوں۔ اَور خُداوند پر توکّل کرتے ہوئے مَیں بے لغزش رہا ہُوں۔ 2 ۔ اَے خُداوند مُجھے جانچ اَور آزما۔ میرے دِل و دماغ کو پرکھ۔ 3 ۔ کیونکہ تیری رحمت میری آنکھوں کے سامنے ہَے۔ اَور مَیں تیری سچائی میں چلتا رہا ہُوں۔ 4 ۔ مَیں بے ہُو دہ اشخاص کے ساتھ نہیں بیٹھا۔ اَور رِیا کاروں کے ساتھ اِتفاق نہیں رکھتا ۔ 5 ۔شریروں کے مجمع سے مُجھے نفرت ہَے۔ مَیں بَدکاروں کا ہم نَوا نہیں ہوتا۔ 6 ۔ مَیں پاکیزگی میں اپنے ہاتھ دھوتا ہُوں۔ اَور ۔اَے خُداوند ۔تیرے مذبح کا طَواف کرتا ہُوں۔ 7 ۔تاکہ میں علانیہ تیری حمد کرُوں۔ اَور تیرے سب عجائیات کا بیان کرُوں ۔ 8 ۔اَے خُداوند مَیں تیری جائے سکُونت۔ اَور تیرے جلال کی خَیمہ گاہ کو عزیز رکھتا ہُوں۔ 9 ۔میری جان خطا کاروں کے ساتھ۔ اَور میری زِندگی خُون ریز آدمیوں کے ساتھ نہ اُٹھا۔ 10 ۔جِن کے ہاتھوں میں شرارت ہَے۔ اَور جِن کا دہنا ہاتھ رِشوتوں سے بھرا ہَے۔ 11 ۔پر مَیں اپنی بے گناہی سے چلتا ہُوں۔ مُجھے چھُڑا اَور مُجھ پر رحم کر۔ 12 ۔میرا پاؤں ہموار رستے قائم ہَے۔ مَیں مجمعوں میں خُداوند کو مُبارَک کہُوں گا۔