زبُور خُداوند کی ہَیکل میں تشریف آوری

1 ۔ (زبور از داؤد) زمین اَور اُس کی معموری خُداوند کی ہَے۔ جہان اَور اُس کے باشندے ۔ کیونکہ اُس نے سُمندروں پر اُس کی بُنیاد رکھّی۔ اَور دریاؤں پر اُسے قائم کِیا۔ 2 ۔خُداوند کے پہاڑ پر کون چڑھے گا۔ اَور اُس کے مُقدّس مقام پر کون کھڑا ہوگا۔ 3 ۔ وہی جس کے ہاتھ صاف اَور جس کا دِل پاک ہَے۔ جو باطِل چیزوں پر اپنا جی نہیں لگاتا ۔ اَور اپنے ہمسائے سے مَکر سے قسم نہیں کھاتا ۔ 4 ۔ یہ خُداوند کی طرف سے برکت۔ اَور اپنے مخِلص خُدا کی طرف سے اَجر پائے گا۔ 5 ۔یہ اُن کی پُشت ہَے جو اُس کے طالِب۔ اَور یَعقُوؔب کے خُدا کے دِیدار کے خواہاں ہَیں۔ (سِلاہ ) 6 ۔اَے پھاٹکو اپنے سر بُلند کرو۔ اَے قدیم دروازو اُونچے ہو جاؤ۔ تاکہ جلال کا بادشاہ داخِل ہو۔ 7 ۔یہ جلال کا بادشاہ کون ہَے؟ خُداوند ۔قوی اَور قادِر۔ خُداوند۔ جدل میں زور آور۔ 8 ۔اَے پھاٹکو اپنے سر بُلند کرو۔ اَے قدیم دروازو اُونچے ہو جاؤ۔ تاکہ جلال کا بادشاہ داخِل ہو۔ یہ جلال کا بادشاہ کون ہَے۔؟ لشکروں کا خُداوند۔ وہی جلال کا بادشاہ ہَے۔ (سِلاہ)