زبُور مسیح کی اِذیت اَور فتح مندی

1 ۔( میر مغّنی کے لیے۔ بطرز " آہوئے فجر " زبور از داؤد) 2 ۔ اَے میرے خُدا۔ اَے میرے خُدا۔ تُو نے مجھے کیوں چھوڑ دِیا ہَے۔ تُو میری اِلتجا اَور میری فریاد کی آواز سے کیوں دُور رہتا ہَے؟ 3 ۔ اَے میرے خُدا۔ مَیں دِن کو پُکارتا ہُوں پر تُو نہیں سنُتا۔ اَور رات کو بھی۔ پر تُو میری طرف توجُہ نہیں کرتا۔ 4 ۔ مگر تُو۔ اَے مدح اسراؔئیل۔ تُو مُقدّس میں سکُونت پذیر ہَے۔ 5 ۔ ہمارے باپ دادا نے تُجھ پر توکّل کیا۔ تو کُّل کیا۔اَور تُو نے اُنہیں چھُڑایا۔ 6 ۔ اُنہوں نے تُجھے پُکارا اَور رہائی حاصِل کی۔ اُنہوں نے تُجھ پر توکُّل کِیا اَور شرمندہ نہ ہوئے۔ 7 ۔پر مَیں تو کیڑاہُوں۔ اِنسان نہیں۔ آدمیوں میں ذلیل اَور لوگوں میں حقیر۔ 8 ۔سب جو مُجھے دیکھتے ہَیں وہ مجھ پر ہنستے ہَیں۔ وہ مُنہ چڑاتے اَور سر ہلاتے ہَیں۔ 9 "اُس کا تو کّل خُداوند پر ہَے۔ وہ اُسے بچائے۔ جب کہ وہ اُسے پیار کرتا ہَے تو وہ اُسے چھڑائے" 10 ۔ تُو وہی ہَے جس نے رحم ہی سےمیری رہنمائی کی ہَے۔ اَور مُجھے محفوظ رکھّا جب مَیں شِیر خوار ہی تھا۔ 11 ۔ مَیں پیدائش ہی سے تُجھ پر چھوڑا گیا۔ میری ماں کے بطن ہی سے تُو میرا خُدا ہَے۔ 12 ۔ مُجھ سے دُور نہ رہ کیونکہ مَیں مُصیبت میں مُبتلا ہُوں۔ قریب ہو۔ کیونکہ کوئی نہیں جو مدد کرے۔ 13 ۔بُہت سے بیل مُجھے گھیرے ہُوئے ہَیں۔ بسنی سانڈ میری چاروں طرف ہَیں۔ 14 ۔ وہ پھاڑنے اَور گرجنے والے شیر کی مانند، مُجھ پر مُنہ پسارتے ہَیں۔ 15 ۔ مَیں پانی کی طرح بہایا ہُؤا ہُوں۔ اَور میری سب ہڈیاں اُکھڑی ہُوئی ہَیں۔ میرا دِل موم کی طرح ہو گیا ہَے۔ اَور میرے سینے میں پگھل جاتا ہَے۔ 16 ۔ میرا گلا ٹھیکرے کی طرح خُشک ہوگیا ہَے۔ اَور میری زُبان میرے تالو سے چِپک گئی ہَے۔ اَور تُو نے مُجھے مَوت کی خاک میں مِلا دِیا ہَے۔ 17 ۔کیونکہ بُہت سے کُتے مُجھے گھیرے ہُوئے ہَیں۔ بَدکرداروں کا گروہ میری چاروں طرف ہَے۔ اُنہوں نے میرے ہاتھ اَور میرے پاؤں چھید ڈالے ہَیں۔ 18 ۔ مَیں اپنی سب ہَڈیاں گِن سکتا ہُوں۔ پر وہ مجھے تاکتے اَور دیکھ کر خُوش ہوتے ہَیں۔ 19 ۔وہ میرے کپڑے آپس میں بانٹتے۔ اَور میرے لباس پر قُرعہ ڈالتے ہَیں۔ 20 ۔ مگر تُو اَے خُداوند ۔دُور نہ رہ۔ اَے میرے مدد گار۔ میری کمک کے لئے جلد آ۔ 21 ۔میری جان کو تلوار سے۔ اَور میری زندگی کو کُتّے کی گِرفت سے چھُڑا۔ 22 ۔ مُجھے شیر کے مُنہ سے۔ بلکہ مُجھ بے چارے کو سانڈوں کے سینگوں سے بھی بچا۔ 23 ۔ مَیں اپنے بھائیوں میں تیرا نام مُشہور کرُوں گا۔ جماعت کے درمیان تیری حمد کرُوں گا۔ 24 ۔ " اَے تُم جو خُداوند سے ڈرتے ہو ۔اُس کی حمد کرو۔ اَے یَعقُوؔب کی کُل نسل اُس کی تمجید کرو۔ اَے اسرائیؔل کی تمام اولاد اُس کی تعظیم کرو۔ 25 ۔ کیونکہ اُس نے دُکھی کے دُکھ کی تحقیر نہیں کی۔ اَور نہ اُس سے بیزار ہُؤا۔ اور نہ اپنا منہ اُس سے چھپایا بلکہ جب اُس نے اُسے پُکارا تو اُس کی سُن لی۔" 26 ۔ مَیں تیری عِنایت سے بڑے مجمع میں ثنا خوانی کرتا ہُوں۔ مَیں اُن کے رُوبرُو جو اُس سے ڈرتے ہَیں اپنی نذریں ادا کرُوں گا۔ 27 ۔ غریب کھائیں گے اَورسیر ہوں گے۔ خُداوند کے طالِب اُس کی حمد کریں گے۔ تُمہارے دِل اَبد تک زِندہ رہیں۔ 28 ۔زمین کی تمام حُدود ۔ یاد کریں گی اَور خُداوند کی طرف رجوع لائیں گی۔ اَور قوموں کے سب گھرانے۔ اُس کے رُوبُرو سجدہ کریں گے۔ 29 ۔ کیونکہ سلطنت خُداوند کی ہَے۔ اَور وہی قوموں پر حُکومت کرے گا۔ 30 ۔ سب جو زمین میں سوتے ہَیں۔ فقط اُسی کو سجدہ کریں گے۔ سب جو خاک میں مل جاتے ہَیں۔ اُسی کے سامنے جھکیں گے۔ میری جان بھی اُسی کے لئے جیئے گی۔ 31 ۔ میری نسل اُس کی عبادت کرے گی۔ وہ خُداوند کی باتیں اُس پُشت سے بیان کرے گی جو آئے گی۔ اَور وہ اُس قوم پر جو پیدا ہوگی۔ 32۔ اُس کی صداقت یہ کہہ کر ظاہر کرےگی۔ کہ " خُداوند نے یہ کِیا ہَے۔"