زبُور بادشاہ کے لئے شکُر گُزاری

1 ۔( میر مغّنی کے لئے۔ زبور از داؤد) 2 ۔ اَے خُداوند تیری قُوّت سے بادشاہ خُوش ہَے۔ اَور تیری نجات سے وہ کِس قدر شاد مان ہَے۔ 3 ۔ تُو نے اُسے اُس کے دِل کی آرزُو عطا کی ہَے۔ تُو نے اُس کے لبوں کی عرض کو اُس سے روک نہ رکھّا۔ (سِلاہ) 4 ۔ کیونکہ تُو نے شاندار برکت کے ساتھ اُس کی پیش قدمی کی۔ تَو نے خالص سونے کا تاج اُس کے سر پر رکھّا۔ 5 ۔ اُس نے تُجھ سے زِندگی چاہی۔ تو تُو نے ہمیشہ کے لئے اُسے عمر درازی بخشی۔ 6 ۔ تیری نجات کے سبب سے اُس کی شوکت عظیم ہَے۔ تُو نے اُسے حشمت اَور جلال سے آراستہ کیا۔ 7 ۔ کیونکہ تُو نے اُسے ہمیشہ کے لئے برکت کا باعِث بنایا۔ اَور اپنے حضُور میں اُسے فرحت سے مسُرور کیا۔ 8 ۔ کیونکہ بادشاہ کا توکُّل خُداوند پر ہَے۔ اَور حَق تعالٰی کی شفقت کی بدولت اُسے جنبش نہ ہوگی۔ 9 ۔ تیرا ہاتھ تیرے تمام دُشمنوں کو ڈھونڈے گا۔ تیرا دہنا ہاتھ تیرے کینہ وروں کو ڈھونڈ نِکالے۔ 10 ۔ جب تُو ظاہر ہوتو اُنہیں ایسے جَلا۔ جیسے کہ جَلتی بھٹی میں جَلاتے ہَیں۔ خُداوند اپنے غضب میں اُنہیں نِگل جائے گا۔ اَور آگ اُنہیں کھا جائے۔ 11 ۔ تَو اُن کی اولاد زمین پر سے۔ اَور اُن کی نسل بنی آدم میں سے بابُود کردے۔ 12 ۔ اگر چہ اُنہوں نے تیرے خلاف بَدی کا منَصوبہ باندھا ہَے۔ اَور فریب کی تدبیر یں کی ہَیں۔ پر وہ کامیاب نہ ہوں گے۔ 13 ۔ کیونکہ تُو انہیں بھگا دے گا۔ تُو اُن کے مقابلے میں اپنی کمان چڑھائے گا۔ 14۔ اَے خُداوند تُو اپنی قُوّت میں سر بُلند ہو۔ ہم گاتے ہوئے تیری قدرت کی تعریف کریں گے۔