زبُور بادشاہ کے لئے دُعا

1 ۔( میر مغّنی کے لئے ۔زبور از داؤد) 2 ۔ مُصیبت کے دِن خُداوند تیری سُنے۔ یَعقُوؔب کے خُدا کا نام تجھے بُلندی پر قائم کرے۔ 3 ۔ وہ مُقدّس میں سے میرے لئے مد د بھیجے۔ اَور صیُوؔن میں سے تجھے قوت بخشے۔ 4 ۔ تیری سب نذروں کو یاد فر مائے۔ اَور تیری سوختنی قُربانی مقبُول جانے۔ ( سِلاہ) 5 ۔ تیرے دِل کی خواہش کے مُطابق تُجھے عطا کرے۔ اَور تیرے سب منصُوبوں کو اَنجام تک پُہنچائے۔ 6 ۔ ہم تیری فتح پر خُوشی منائیں۔ اَور اپنے خُدا کے نام سے جھنڈے کھڑے کریں۔ خُداوند تیری ساری مُرادیں پُوری کرے۔ 7 ۔ اَب مَیں جان گیا کہ خُداوند نے اپنے ممسُوح کو بچالیتاہَے۔ اپنے مُقدّس آسمان پر سے اُس کی سُن لی ہَے۔ اپنے مُظفر دست راست کی قُوّت سے۔ 8 ۔ کوئی تو رتھوں سے اَور کوئی گھوڑوں سے زور آور ہَیں۔ پر ہم خُداوند اپنے خُدا کے نام سے زور آور ہَیں۔ 9 ۔ وہ خم ہُوئے اَؤر گَر پڑے۔ پر ہم کھڑے ہَیں اَور قائم ہَیں۔ 10۔ اَے خُداوند بادشاہ تو ہمیں جواب دے۔ اَور جس دِن ہم تُجھے پُکاریں ہماری سُن۔