زبُور خُداوند ِنیک کی حمد

[ ہلّلُویاہ] 1 ۔ خُداوند کی حمد کرو کیونکہ وہ نیک ہے۔ خُداوند کی مَدح سرائی کرو کیونکہ وہ شیریں ہَے۔ اُس کی حمد کرنا انسبہَے ۔ 2 ۔خُداوند یرُوشلیِؔم کو تعمیر کرتا ہَے۔ وہ اِسرؔائیل کے جلاوطنوں کو جمع کرتا ہَے۔ 3 ۔وہ شِکستہ دِلوں کو شِفا دیتا ہَے۔ اَور اُن کے زخموں کو باندھ دیتا ہَے۔ 4 ۔وہ سِتاروں کی تعداد کو مُقرّر کرتا ہَے۔ اَور ایک ایک کو نام لے کر بُلاتا ہَے۔ 5 ۔ہمارا خُداوند عظیم اَور قادِر قُوّت ہَے۔ اُس کی حکمت نا قابل مساحت ہے۔ 6 ۔خُداوند حلیموں کو اُٹھا لیتا ہَے۔ اَور بے دِینوں کو خاک میں مِلا دیتا ہَے۔ 7 ۔شُکر گُزاری کے ساتھ خُداوند کے لئے گاؤ۔ بربط کے ساتھ ہمارے خُدا کی مَدح سرائی کرو۔ 8 ۔جو آسمان کو بادِلوں سے ڈھانپ دیتا ہَے۔ جو زمین کے لئے بارِش مُہیّا کرتا ہَے۔ جو پہاڑوں پر گھاس اُگاتا ہَے۔ اَور اِنسان کی خدمت کے لئے نباتات۔ 9 ۔جو چوپائیوں کو اُن کی خُوراک دیتا ہَے۔ ہاں کَوّؤں کے اُن بچّوں کو بھی جو اُسے پُکارتے ہَیں۔ 10 ۔وہ گھوڑے کی طاقت سے خُوش نہیں ہوتا۔ اَور مرد کی پنڈلیاں اُسے پسند نہیں آتیں۔ 11 ۔خُداوند اپنے ڈرنے والوں سے خُوش ہوتا ہَے۔ یعنی اُن سے جو اُس کے کرم کے مُنتظِر رہتے ہَیں۔ 12 ۔اَے یرُوشلیِؔم خُداوند کی حمد کر۔ اَے صیون اپنے خُدا کی حمد کر۔ 13 ۔کیونکہ اُس نے تیرے دروازوں کی سلاخوں کو مُستحکم کِیا ہَے۔ اَور تیرے اندر تیرے بیٹوں کو برکت دی ہَے۔ 14 ۔اُس نے تیری حُدُود میں اَمن بخشا ہَے۔ اَور تُجھے گیہُوں کے میدے سے آسوُدہ کرتا ہَے۔ 15 ۔وہ اپنے سُخن کو زمین پر بھیجتا ہَے۔ اُس کا کلام نہایت تیزرَو ہے۔ 16 ۔وہ برف کو اُون کی مانند گِراتا ہَے۔ وہ پالے کو راکھ کی مانند بکھیرتا ہَے۔ 17 ۔وہ اپنے اَولوں کو روٹی کے رِیزوں کی مانند برساتا ہَے۔ اُس کی سردی کے سامنے ندیاں جم جاتی ہَیں۔ 18 ۔وہ اپنا کلام بھیجتا اَور اُنہیں پِگھلا دیتا ہَے۔ وہ اپنی ہوا کو چلنے کا حُکم دیتا ہَے اَور ندیاں بہنے لگ جاتی ہَیں۔ 19 ۔اُس نے یَعقُوبؔ پر اپنا کلام ظاہر کیا ہَے۔ اَور اِسرؔائیل پر اپنے قَوانین اَور آئین۔ 20 ۔اُس نے کِسی اَور قوم سے یُوں نہیں کِیا۔ اُس نے اپنے آئین اُن پر آشکارا نہیں کئے۔ ہلّلُویاہ