زبُور خُداوند پر توکُّل

[ ہلّلُویاہ] 1 ۔ اَے میری جان خُداوند کی حمد کر۔ 2 ۔مَیں اپنی زِندگی بھر خُداوند کی حمد کرُوں گا۔ جب تک ہُوں اپنے خُدا کی مَدح سرائی کرُوں گا۔ 3 ۔اُمراء پر بھروسا نہ کرو۔ یعنی اِنسان پر جس سے نجات نہیں مِل سکتی۔ 4 ۔جب اُس کی رُوح نِکل جاتی ہَے تو وہ اپنی مٹّی میں لَوٹ جاتا ہَے۔ اَور اُسی دَم اُس کی سب تدبیریں فنا ہو جاتی ہَیں۔ 5 ۔مُبارَک ہَے وہ جس کا مددگار یَعقُوبؔ کا خُدا ہَے۔ اَور جس کی اُمّید خُداوند اپنے خُدا پر ہَے۔ 6 ۔جس نے آسمان اَور زمین اَور سمنُدر کو۔ اَور اُن کے اندر کی سب چیزوں کو بنایا ہَے۔ جو اَبداً وفادار ہَے۔ 7 ۔اَور مظلُوموں کا حَق محفُوظ رکھتا ہَے۔ اَور بھُوکوں کو روٹی کھِلاتا ہَے۔ خُداوند قیدیوں کو رِہا کرتا ہَے۔ 8 ۔خُداوند اَندھوں کی آنکھیں کھولتا ہَے۔ خُداوند کُبڑوں کو سیدھا کر دیتا ہَے۔ خُداوند صادِقوں سے مُحبّت رکھتا ہَے۔ 9 ۔خُداوند پردیسیوں کی حفاِظت کرتا ہَے۔ وہ یتیم اَور بیوہ کو سنبھال لیتا ہَے۔ پر خطا کاروں کی راہ کو اُلٹ دیتا ہَے۔ 10 ۔اَے صیون۔ خُداوند یعنی تیرا خُدا۔ اَبدُالآباد تک پُشت در پُشت سَلطنَت کرے گا۔