زبُور خُدا کی عظمت اَور نیکی

[ترانہ ء حمد۔ از داؔؤد] 1 ۔ الف۔ اَے میرے خُدا بادشاہ ۔ مَیں تیری تعریف کرُوں گا۔ مَیں اَبدُالآباد تک تیرے نام کو مُبارَک کہتا رہُوں گا۔ 2 ۔ب۔مَیں ہر روز تُجھے مُبارَک کہُوں گا۔ اَور اَبدالآباد تک تیرے نام کی حمد کرتا رہُوں گا۔ 3 ۔ج۔خُداوند عظیم اَور نہایت قابِل حمد ہَے۔ اَور اُس کی عظمت ناقابِل دریافت ہَے۔ 4 ۔د۔ پُشت در پُشت تیرے کاموں کی تعریف کرتی ہَے۔ اَور تیری قُدرت کا بیان کرتی ہَے۔ 5 ۔ہ۔ وہ تیری حشمت کے عظیم جلال کا ذِکر کرتے ہَیں۔ اَور تیرے عجائبات کو مشُہور کرتے ہَیں۔ 6 ۔و۔ اَور تیرے مُہیب کاموں کی قُدرت کی باتیں کرتے ہَیں۔ اَور تیری عظمت بیان کرتے ہَیں۔ 7 ۔ز۔ وہ تیرے عظیم اِحسان کی تعریف۔ اَور تیرے عدل کی بابت خُوش اِلحانی کرتے ہَیں۔ 8 ۔ح۔ خُداوند رحیم اَور مہربان ہَے۔ وہ قہر کرنے میں دھیما اَور شفقت میں غَنّی ہَے۔ 9 ۔ط۔خُداوند سب پر کریم ہَے۔ اَور اپنی تمام مصنُوعات پر مہربان ہَے۔ 10 ۔ی۔ اَے خُداوند تیری تمام مصنُوعات تیرا شُکر کریں۔ اَور تیرے مُقدّسِین تُجھے مُبارَک کہیں۔ 11 ۔ک۔ وہ تیری سَلطنَت کی شوکت کی بات کریں۔ اَور تیری قُدرت کا ذِکر کریں۔ 12 ۔ل۔ تاکہ تیری قُدرت اور تیری عظیم سَلطنَت کی حشمت ۔ بنی آدم پر ظاہر کریں۔ 13 ۔م۔ تیری سَلطنَت کُل زمانوں کی سَلطنَت ہَے۔ اَور تیری حُکومت کُل پُشتوں میں قائم رہتی ہَے۔ ن۔ خُداوند اپنے تمام اَقوال کا سچّا ہَے۔ اَوراپنے تمام اَعمال میں نیک ہَے۔ 14 ۔س۔ خُداوند سب گِرنے والوں کو تھامتا ہَے۔ اَور سب جُھکے ہُوؤں کو سیدھا کرتا ہَے۔ 15 ۔ع۔ سب کی آنکھیں تیری مُنتظِر ہَیں۔ اَور تُو اُنہیں وقت پر غذا دیتا ہَے۔ 16 ۔ف۔ تُو اپنے ہاتھ کھولتا ہَے۔ اَور ہر جاندار کی خواہش پُوری کرتا ہَے۔ 17 ۔ص۔ خُداوند اپنی سب راہوں میں صادِق ہَے۔ اَور اپنے سب کاموں میں نیک ہَے۔ 18 ۔ق۔ خُداوند اُن سب کے نزدِیک ہے جو اُسے پُکارتے ہَیں۔ یعنی جو اُسے سچّے دِل سے پُکارتے ہَیں۔ 19 ۔ر۔ وہ اپنے ڈرنے والوں کی خواہش پُوری کرے گا۔ اَور اُن کی فریاد سُن کر اُنہیں بچائے گا۔ 20 ۔ش۔ خُداوند اُن سب کی حفِاظت کرتا ہَے جو اُس سے مُحبّت رکھتے ہَیں۔ مگر سب بے دِینوں کو فنا کرے گا۔ 21 ۔ت۔ میرا مُنہ خُداوند کی حمد کی باتیں کرے۔ اَور ہر بشر اَبدُالآباد تک اُس کے پاک نام کو مُبارَک کہے۔