زبُور مُصِیبت کے وقت تائب کی دُعا

[مزمُور۔ از داؔؤد] 1 ۔ اَے خُداوند میری دُعا سُن۔ اپنی سچَائی کے مُطابِق میری مِنّت پر کان دھر۔ اپنی صداقت کے مُطابِق میری سُن لے۔ 2 ۔اپنے بندے کو عدالت میں نہ لا۔ کیونکہ زِندوں میں سے کوئی تیرے سامنے راستباز نہیں۔ 3 ۔کیونکہ دُشمن مُجھے ستاتا ہَے۔ اُس نے میری زِندگی کو خاک میں مِلا دِیا ہَے۔ اُس نے مُجھے مُدّت کے مُردوں کی مانند تارِیکی میں رکھّ چھوڑا ہَے۔ 4 ۔اَور میری رُوح میرے باطِن میں پریشان ہو گئی ہَے۔ میرے اندر ہی میرا دِل گھبرا گیا ہَے۔ 5 ۔مَیں پُرانے دنوں کو یاد کرتا ہُوں۔ مَیں تیرے تمام کاموں پر غور و خوض کرتا ہُوں۔ مَیں تیرے ہاتھوں کی مصنوُعات پر سوچتا ہُوں۔ 6 ۔مَیں اپنے ہاتھ تیری طرف پھیلاتا ہُوں۔ اَور میری جان خُشک زمین کی طرح تیری پیِاسی ہَے۔ (سِلاہ)۔ 7 ۔اَے خُداوند میری جلد سُن لے۔ کیونکہ میری رُوح پریشان ہو گئی ہَے۔ اپنا چہرہ مُجھ سے چھُپائے نہ رکھّ۔ ایسا نہ ہو کہ مَیں گڑھے میں اُترنے والوں کی مانند ہو جاؤُں۔ 8 ۔عطا کر کہ مَیں جلد تیری شفقت محُسوس کرُوں۔ کیونکہ میرا توکُّل تُجھ پر ہَے۔ مُجھے بتا کہ مَیں کِس راہ پر چلُوں۔ کیونکہ مَیں اپنی جان تیری طرف اُٹھاتا ہُوں۔ 9 ۔مُجھے میرے دُشمنوں سے چھُڑا۔ اَے خُداوند میرا بھروسا تُجھ پر ہَے۔ 10 ۔مُجھے سِکھا کہ تیری مرضی پر عمل کرُوں۔ کیونکہ تُو میرا خُدا ہَے۔ تیری رُوح نیک ہَے۔ وہ مُجھے ہموار زمین میں لے چلے۔ 11 ۔اَے خُداوند اپنے نام کی خاطِر مُجھے زِندہ رکھّ۔ اپنے کرم کے مُطابِق مُجھے مُصِیبت سے رِہائی دے۔ 12 ۔اَور اپنی شفقت کے مُطابِق میرے دُشمنوں کو فنا کر۔ اَور میرے سب دُکھ دینے والو ں کو ہلاک کر۔ کیونکہ مَیں تیرا بندہ ہُوں۔