زبُور مَترُوک اِنسان کی دُعا

[ مَشکِیل۔ از داؔؤد ۔ جب وہ غار میں تھا۔ مُناجات] 1 ۔مَیں بُلند آواز سے خُداوند کی فریاد کرتا ہُوں۔ مَیں بُلند آواز سے خُداوند کی مِنّت کرتا ہُوں۔ 2 ۔مَیں اُس کے سامنے اپنی شکایت اُنڈیلتا ہُوں۔ مَیں اُس کے سامنے اپنی مُصِیبت بیان کرتا ہُوں۔ 3 ۔جب میری جان میرے باطِن میں پریشان ہوتی ہَے۔ تو تُو میری راہ سے واقِف ہوتا ہَے۔ جس راہ سے مَیں جاتا ہُوں۔ وہاں میرے لئے ایک پھندا چُھپایا گیا ہَے۔ 4 ۔مَیں اپنی دہنی جانِب نِگاہ کر کے دیکھتا ہُوں۔ پر کوئی نہیں جو میری مدد کرے۔ میرے لئے کوئی جائے پناہ نہیں رہی۔ کوئی نہیں جو میری زِندگی کا خیال کرے۔ 5 ۔اَے خُداوند مَیں تُجھ ہی سے فریاد کرتا ہُوں۔ مَیں کہتا ہُوں کہ تُو میری جائے پناہ ہَے۔ 6 ۔میری فریاد کی طرف مُتوجّہ ہو۔ کیونکہ مَیں نہایت پست ہو گیا ہُوں۔ میرے ستانے والوں سے مُجھے بچا لے۔ کیونکہ وہ مُجھ سے زیادہ زور آور ہَیں۔ 7 ۔مُجھے قید سے باہر نِکال دے۔ تاکہ مَیں تیرے نام کا شُکر ادا کُروں۔ جب تُو میرے ساتھ نیکی کرے گا۔ تو صادِقوں کا حلقہ میرے گِرداگرِد ہو گا۔