زبُور خُداوند کی مہربانی پر شُکر گُزاری

[ از دؔاؤد] 1 ۔ اَے خُداوند مَیں اپنے سارے دِل سے تیرا شُکر کُروں گا۔ کیونکہ تُو نے میرے مُنہ کا کلام سُنا ہَے۔ مَیں معبودوں کے سامنے تیری مَدح سرائی کرُوں گا۔ 2 ۔مَیں تیر ی مُقدّس ہَیکل کی طرف رُخ کر کے سجدَہ کرُوں گا۔ اَور تیری شفقت اَور صداقت کے سبب سے۔ تیرے نام کا شُکر کرُوں گا۔ کیونکہ تُو نے اپنے نام اَور اَپنے قول کو۔ ہر شے پر فَوقیّت بخشی ہَے۔ 3 ۔جس دِن مَیں نے پُکارا تُو نے میری سُن لی۔ تُو نے مُجھ میں تقویّت بڑھائی۔ 4 ۔اَے خُداوند کُل بادشاہ تیرا شُکر کریں گے۔ جب تیرے مُنہ کا کلام سُنیں گے۔ 5 ۔اَور وہ خُداوند کی راہوں کا گیت گائیں گے۔ یقیناً خُداوند عظیم اُلجلال ہَے۔ 6 ۔یقیناً خُداوند بلُند وبالا ہَے۔ پھِر بھی پست حال پر نِگاہ کرتا ہَے۔ اَور مغروُر کو دُور سے پہچان لیتا ہَے۔ 7 ۔حالانکہ مَیں دُکھ کے بیِچ چلتا ہُوں تو بھی تُو مُجھے مُحفوُظ رکھتا ہَے۔ تُو میرے دُشمنوں کے قہر کے خلاف ہاتھ بڑھاتا ہَے۔ تیرا دہنا ہاتھ مُجھے بچا لیتا ہَے۔ 8 ۔خُداوند میرے لئے آغاز کردہ کام اَنجام دے گا۔ اَے خُداوند تیری شفقت اَبد تک قائم ہَے۔ اپنی دستکاری کو ترک نہ کر۔