زبُور یرُوشلیِؔم کے لئے زائرین کی دُعا

[نشیِد دَرج۔ از داؔؤد] 1 ۔مُجھے خُوشی ہوئی۔ اِس لئے کہ اُنہوں نے مُجھ سے کہا۔ کہ"آؤ ہم خُداوند کے گھر چلیں" 2 ۔اَے یرُوشلیِؔم ہمارے پاؤں۔ اِس وقت تیرے پھاٹکوں میں ہَیں۔ 3 ۔اَے یرُو شلیِؔم تُو جو شہر کی مانند۔ پُختہ اِتحاد سے تعمیر ہُؤا ہَے۔ 4 ۔وہاں قبائل یعنی خُداوند کے قبائل ۔ اِسرؔائیل کی شہادت کے مُطابِق جاتے ہَیں۔ تاکہ خُداوند کے نام کا شکُر کریں۔ 5 ۔وہاں عدالت کے تخت قائم کِئے گئے ہَیں۔ یعنی داؔؤد کے گھرانے کے تخت۔ 6 ۔یرُوشلیِؔم کی سلامتی چاہو۔ جو تُجھ سے مُحبّت رکھتے ہَیں وہ خُوشحال ہوں۔ 7 ۔تیری فِصیلوں کے اندر صُلح۔ اَور تیرے محلّوں میں خوُشحالی ہو۔ 8 ۔مَیں اپنے بھائیوں اَور رفیقوں کی خاطِر۔ کہُوں گا کہ"تُجھ میں سلامتی ہو" 9 ۔مَیں خُداوند ہمارے خُدا کے گھر کی خاطِر۔ تیرے لئے بھلائی طلب کُروں گا۔