زبُور بچائے ہوئے اِنسان کی شُکر گزُاری

[ہلّلُویاہ] 1 ۔ مَیں خُداوند سےمُحبّت رکھتا ہُوں۔ کیونکہ خُداوند نے میری مِنّت کی آواز سُن لی ہَے۔ 2 ۔کیونکہ جس دِن میں مَیں نے اُسے پُکارا۔ اُس نے میری طرف کان جُھکایا۔ 3 ۔مَوت کے رَسّوں نے مُجھے اُلجھایا۔ اَور پاتال کے پھندے مُجھ پر آپڑے۔ مَیں تنگی اَور غم میں مُبتلا ہُوں۔ 4 ۔اَور مَیں نے خُداوند کے نام کو پُکارا۔ "اَے خُداوند میری جان کو بچا لے" 5 ۔خُداوند کریم اَور صِدّیق ہَے۔ ہمار ا خُدا رحیم ہَے۔ 6 ۔خُداوند چھوٹوں کا حفِیظ ہَے۔ مَیں تو پست ہو گیا تھا لیکن اُسی نے مُجھے بچا لیا۔ 7 ۔اَے میری جان اپنے اطِمینان کی طرف رجُوع کر۔ کیونکہ خُداوند نے میرے ساتھ بھلائی کی ہَے۔ 8 ۔اُس نے تو میری جان کو مَوت سے ۔ میری آنکھوں کو آنسُو بہانے سے۔ اَور میرے پاؤں کو پھِسلنے سے بچایا ہَے۔ 9 ۔مَیں خُداوند کے حضُور۔ زندوں کی زمین میں چلتا رہُوں گا۔ 10 ۔مَیں اُس وقت بھی اِیمان لایا جب مَیں نے کہا۔ کہ "مَیں سخت مُصِیبت میں مُبتلا ہُوں"۔ 11 ۔مَیں نے اپنی گھبراہٹ میں کہہِ دِیا۔ کہ "ہر ایک اِنسان فریبی ہَے"۔ 12 ۔مَیں اُس کی سب مہربانیوں کے لئے۔ خُداوند کو اِن کے عوض کیا دوں؟ 13 ۔مَیں نجات کا پیالہ لے کر۔ خُداوند کا نام لوں گا۔ 14 مَیں اُس کی تمام اُمّت کے رُوبرُو۔ خُداوند کے لئے اپنی مَنّتیں پوری کُروں گا۔ 15 ۔خُداوند کی نِگاہ میں۔ اُس کے برگُزیدوں کی مَوت بیش بہا ہَے۔ 16 ۔اَے خُداوند مَیں تیرا بند ہ ہُوں۔ مَیں تیرا بندہ یعنی تیری خادمہ کا فرزند ہُوں۔ تُو نے میرے بندھنوں کو کھولا ہَے۔ 17 ۔مَیں حمد کا ذَبیحہ تیرے حضُور گُزرانوں گا۔ اَور خُداوند کا نام لُوں گا۔ 18 ۔مَیں اُس کی تمام اُمّت کے رُوبرُو۔ خُداوند کے لئے اپنی مَنّتیں پوری کرُوں گا۔ 19 ۔یعنی خُداوند کے گھر کی بارگاہوں میں۔ تیرے ہی درمیان اَے یرُوشلیِؔم۔ خُداوند کی حمد کرو۔