زبُور خُدا کی عظمت اَور خوُبی

1 ۔ہمارا نہیں اَے خُداوند ہمار ا نہیں۔ بلکہ اپنی رحمت کے باعِث اَور اپنی سچاّئی کے باعِث۔ اپنے ہی نام کا جلال ظاہر کر۔ 2 ۔غیر قومیں کیوں کہیں۔ کہ "اُن کا خُدا کہاں ہَے؟" 3 ۔ہمارا خُدا آسمان پر ہَے۔ اُس نے جو کُچھ چاہا وہی کِیا۔ 4 ۔اُن کے بُت سونا اَور چاندی۔ اَور آدمی کی دستکاری ہَیں۔ 5 ۔اُن کا مُنہ ہَے پر وہ بولتے نہیں۔ آنکھیں ہَیں پر وہ دیکھتے نہیں۔ 6 ۔کان ہَیں پر وہ سُنتے نہیں۔ نتھنے ہَیں پر وہ سُونگھتے نہیں۔ 7 ۔ہاتھ ہَیں پر وہ چُھوتے نہیں۔ پاؤں ہَیں پر وہ چلتے نہیں ۔ وہ اپنے گلے سے آواز نہیں نِکالتے۔ 8 ۔جو اُنہیں بناتے ہَیں بلکہ جتنے اُن پر بھروسا رکھتے ہَیں۔ وہ سب اُنہی کی مانند ہو جائیں گے۔ 9 ۔اِسرؔائیل کا گھرانا خُداوند پر تُوکل کرتا ہَے۔ وہی اُن کامدد گار اَور اُن کی سِپر ہَے۔ 10 ۔ہارُوؔن کا گھرانا خُداوند پر توکُّل کرتاہے۔ وہی اُن کامددگار اَور اُن کی سِپر ہَے۔ 11 ۔خُداوند سے ڈرنے والے خُداوند پر توکّل کرتے ہَیں۔ وہی اُن کامددگار اَور اُن کی سِپر ہَے۔ 12 ۔ خُداوند ہمیں یاد فرماتا ہَے۔ اَور ہمیں برکت عطا کرے گا۔ وہ اِسرؔائیل کے گھرانے کو برکت دے گا۔ وہ ہارُوؔن کے گھرانے کو برکت دے گا۔ 13 ۔کیاچھوٹے کیا بڑے۔ وہ خُداوند سے ڈرنے والوں کو برکت دے گا۔ 14 ۔خُداوند تُمہیں بڑھائے گا۔ تُمہیں اَورتُمہاری اولاد کو بھی۔ 15 ۔تُم خُداوندکی طرف سے مُبارَک ہو۔ جِس نےآسمان اَور زمین کو بنایا۔ 16 ۔آسمان توخُداوند کا آسمان ہَے۔ پر زمین اُس نے بنی آدم کو دے دی ہَے۔ 17 ۔مُردے توخُداوند کی حمد نہیں کرتے۔ اَور نہ وہ سب جو پاتال میں اُترتے ہَیں۔ 18 ۔لیکن ہم ہی اَب بھی اَور اَبد تک بھی۔ خُداوند کومُبارَک کہیں گے۔